کمہارواڑہ کی نبی چال کے مکین اور دکاندار برہم۔ دھاراوی کے پولیس انسپکٹر پر اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ کے اہلکارو ں کو دھمکانے اوراڈانی گروپ کی طرفداری کا الزام۔ پولیس اسٹیشن میں میٹنگ۔
EPAPER
Updated: July 25, 2025, 5:50 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Dharavi
کمہارواڑہ کی نبی چال کے مکین اور دکاندار برہم۔ دھاراوی کے پولیس انسپکٹر پر اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ کے اہلکارو ں کو دھمکانے اوراڈانی گروپ کی طرفداری کا الزام۔ پولیس اسٹیشن میں میٹنگ۔
یہاں کے مشہور کمہارواڑہ علاقے میںاڈانی گروپ کے ذریعے بغیر اجازت سروے کی شدید مخالفت جاری ہے۔ جمعرات کو یہاںنبی چال (کمہارواڑہ) کے مکین اور دکانداراس وقت برہم ہوگئے جب دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کیلئے مکینوں کی بغیر اجازت اور ان کو اعتماد میں لئے بغیر سروے کرنے کے پولیس بندوبست میں ٹیم آپہنچی، دکانوں اور مکانوں پرسروے کے حساب سے نمبر بھی ڈالنے لگے اورمبینہ طور پر دھمکانے بھی لگے۔ اس وقت وہاں موجود پولیس آفیسر (کرائم )اشوک اُگلے پربھی الزا م عائد کیا گیا اور ان کی شکایت دھاراوی پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر سے بھی کی گئی کہ پولیس اہلکار نے بھی زورزبردستی سروے کرنے والوں کو روکنے کےبجائے دکاندارو ں اور مکینوں کو ہی دھمکایا۔ان حالات کی اطلاع ملنے پر پراڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ کے کارکنان بھی مکینوں کی حمایت میں نبی چال پہنچ گئے اور زبردست مخالفت کی۔اس کے بعد پولیس نے انہیں دھاراوی پولیس اسٹیشن طلب کیا۔
یادر ہے کہ ایک جانب سے یہ حالات ہیں اور دوسری جانب اڈانی گروپ کی جانب سے وقفے وقفے سے یہ دعویٰ کیاجاتا ہے کہ اتنے حصے کا سروے کرلیا گیا ہے، اُتنے حصے میںیہ کام پورا کرلیا گیا ہے اور مکین بشاشت کے ساتھ سروے میں حصہ لے رہے جبکہ سروے کی مخالفت میں پیش پیش رہنے والوں کادعویٰ ہے کہ اڈانی گروپ مسلسل گمراہ کررہا ہے ، لوگوں کو دھاراوی سے باہر بھگانے کی اس کی یہ سازش ہے جیسا کہ اس سےقبل ماٹونگالیبر کیمپ کی تفصیل میں یہ بتایا گیا کہ یہاں ۸۴؍فیصد مکین ’اپاتر (غیرقانونی)‘ ہیں جبکہ وہ ۱۰۰؍سال سے زائد عرصے سے مقیم ہیں۔
نبی چال میںسروے کی شدت سے مخالفت اورکرائم پی آئی اُگلےکے رویے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی بابو راؤ مانے، عا م آدمی پارٹی کے لیڈر پال رافیل، کسان لیڈر ایڈوکیٹ راجو کورڈے ، ایوب شیخ اورکمہار سماج کے لیڈر آدم شیخ وغیرہ پہنچے تھے۔ انہوں نے کرائم پی آئی کی سینئر انسپکٹر راجو بٹکر سے پولیس اسٹیشن میں میٹنگ کےدوران شکایت کی اوربتایا کہ انہوں نے ہم لوگوں کوبھی دھمکایا ،مارنے اوربند کرنے کی دھمکی دی۔ آخر یہ سب کیا چل رہاہے۔ کیا پولیس بھی اڈانی گروپ کی کسی نہ کسی نہ انداز میںمدد کررہی ہے جبکہ مکین اپنے آشیانہ بچانے اور روزی روٹی کے لئے تگ ودو کررہے ہیں۔
سینئرانسپکٹر راجو بڈکرکے ہمراہ اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ آندولن کے ذمہ داران کی طویل میٹنگ کے دوران شکایات سنی گئیں ۔سینئر انسپکٹر نے کہاکہ ’’ اس کاحل یہ ہےکہ زور زبردستی کی بنیاد پر سروے نہ کیا جائے اور نہ ہی کسی کو دھمکایا جائے مگر اس کا بھی خیال رکھاجائے کہ اگر کوئی سروے میں حصہ لینا چاہے تو اس کو بھی روکا نہ جائے۔‘‘