• Wed, 26 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھرمیندر کے مداح بابی دیول اور سنی دیول سے ناراض

Updated: November 26, 2025, 3:21 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

آنجہانی اداکار کے آخری دیدار کاموقع نہ دینےکا شکوہ کیا، احتجاجاًدیول برادران کی فلمیں نہ دیکھنے کا اعلان۔

Bollywood`s He-Man Dharmendra. Photo: INN
بالی ووڈ کے ہی مین دھرمیندر۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ کے اردو نواز اور ہندی فلم انڈسٹری کے ’ہی مین‘ کہلانے والے معروف اداکار دھرمیندر کے انتقال کے بعد جلد بازی میں انتہائی سادگی سے ان کی آخری رسومات ادا کردیئے جانے اور عوام کیلئے دیدار کا انتظام نہ کئے جانے پر ان کے مداح ان کے بیٹوں سے سخت ناراض ہیں ۔ اس معاملے میں وہ سخت برہمی کا اظہار کررہے ہیں حتیٰ کہ کچھ مداحوں نے تو احتجاجاًبابی اور سنی دیول کی فلمیں کبھی نہ دیکھنے کا اعلان تک کردیا ہے۔
واضح رہے کہ دھرمیندر کی آخری رسومات کے جو ویڈیو سوشل میڈیا پر گشت کررہے ہیں ان میں ایک ایمبولنس کو جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس میں ان کی لاش رکھی تھی اور ان کے اہلِ خانہ پیچھے گاڑیوں میں آرہے تھے۔ جبکہ ان کی اہلیہ ہیما مالنی اور بیٹی ایشا دیول بعد میں شمشان گھاٹ پہنچی تھیں۔
ان ویڈیو کو دیکھنے کے بعد کئی مداحوں نے افسوس اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ اتنی بڑی شخصیت کی آخری رسومات اتنی جلد بازی اور سادگی سے کیونکر ادا کی گئیں اور مداحوں کیلئے آخری دیدار کا انتظام کیوں نہیں کیا گیا۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ انہیں امید تھی کہ عوام کیلئے دھرمیندر کے آخری دیدار کا انتظام کیا جائے گا۔
متذکرہ ویڈیو دیکھ کر ایک مداح نے ’ایکس ‘ پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’دھرم پاجی کی لاش کو جتنی جلدی یہ فیملی لے جارہی ہے آخری رسومات کیلئے لگ رہا ہے بس انتظار ہی کررہے تھے۔‘‘ایک دیگر صارف نے لکھا، ’’اتنی بڑی ہستی کو اس طرح وداع کردیا ... افسوسناک ہے۔‘‘ 
چند خواتین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ویڈیو بیان میں کہا کہ ’’ہمیں درشن نہیں ہوا تو ہمارے دل کو تسلی نہیں ملی۔ ہمیں بابی دیول اور سنی دیول سے زندگی بھر شکایت رہے گی، اس لئے ہم زندگی بھر کبھی ان کی فلمیں نہیں دیکھیں گے ۔‘‘ ایک خاتون نے کہا کہ، ’’جیسے سری دیوی کے دیدار کا انتظام کیا گیا تھا ویسا انتظام ان کیلئے بھی کرنا چاہئے تھا۔ آپ (دھرمیندر) کون ہیں؟ بہت بڑے انسان تھے وہ، ایک عام انسان کی طرح ان کی آخری رسومات ادا کردیں۔ ان کے پھولوں پر ہاتھ لگا لیتے ان کے چہرے کو چھو لیتے ہم۔ کچھ بھی نہیں ملا ہمیں دیکھنے کو۔ ہماری سمجھ میں نہیں آرہا کہ ایسا کیوں کیا انہوں نے۔ ایک فوٹو بھی نہیں لگایا ان کا ادھر۔‘‘
امیتابھ بچن نے خراج عقیدت پیش کیا
اس دوران میگا اسٹار امیتابھ بچن نے اپنے سینئر ساتھی کو ایکس پر خراج عقیدت پیش کیا ،لکھا کہ، ’’ایک اور بہادر دیو قامت ہم سے رخصت ہو گیا.. میدان چھوڑ گیا.. اپنے پیچھے ایک ناقابل برداشت خاموشی چھوڑ گیا..دھرم جی.... عظمت کا مظہر، ہمیشہ پسند کئے گئے نہ صرف کثرتی جسم کیلئے، بلکہ دل کی وسعت، اور ان سب سے بڑھ کر اپنی سادگی کیلئے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا کہ، ’’.. وہ اپنے ساتھ پنجاب کے اپنے گاؤں کی مٹی لے کر آئے تھے، اور اپنے مزاج پر قائم رہے.. اپنے شاندار کریئر کے دوران اپنے مزاج پر قائم رہے، ایک ایسے بھائی چارے میں جو ہر دہائی میں تبدیلیوں کا گواہ ہے۔... یہ فلمی دنیا بدل گئی .. وہ نہیں بدلے..ان کی مسکراہٹ، ان کی وجاہت اور ان کی گرمجوشی، ان کے آس پاس آنے والی تمام چیزوں تک پھیلی ہوئی ہے .. پیشے میں نایاب .... ایک خلا جو ہمیشہ باقی رہے گا .... دعائیں۔‘‘
شاہ رخ کا ٹویٹ
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے لکھا کہ، ’’دھرم جی۔ آپ میرے لئے والد کی حیثیت رکھتے تھے... مجھے ہمیشہ اپنی دعائوں اور محبت سے نوازنے کیلئے آپ کا شکریہ۔ یہ صرف ان کے اہلِ خانہ کا ہی نہیں بلکہ سنیما اور فلم شائقین کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے... آپ لافانی ہیں...آپ کی روح آپ کی فلموں اور آپکے خوبصورت خاندان کے ذریعہ ہمیشہ زندہ رہے گی۔ آپ سے ہمیشہ محبت کرتا ہوں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK