Inquilab Logo

دھولیہ -نندوربار اضلاع کے ۲؍ روزہ تبلیغی اجتماع کا رقت آمیز دعا پر اختتام

Updated: December 17, 2022, 11:30 AM IST | I Sheikh | Dhulia

دسمبر کے۱۵ِ۱۴کومنعقدہ اس اجتماع سے مولانا یوسف، مولانا شوکت سمیت اہم علماء نے خطاب کیا

A photo of the gathering hall in which the large number of participants can be seen.
اجتماع گاہ کی ایک تصویر جس میں شرکاء کی بڑی تعداد دیکھی جاسکتی ہے۔(تصویر: انقلاب)

اے اللہ وہ عبادات جن سے تو راضی ہوتا ہے،  جن سے زندگیاں بدلتی ہیں ایسی عبادات سے ہماری زندگی مزین فرما، اے اللہ نماز کا شوق ہمارے اندر پیدا فرما، اے اللہ دنیا کی محبت ہمارے دلوں سے نکال کر سنتوں کی محبت ہمارے دل میں پیدا فرما، اے اللہ تیری اطاعت ہمارے اندر پیدا فرما،  مساجد کی مدارس کی بھر پور حفاظت فرما، اے اللہ ہر ایک مسجد کو مسجد نبویؐ کی طرز پر آباد فرما، ان اجتماعات کو سارے عالم میں ہدایت کے پھیلنے کا ذریعہ  اور امن امان قائم ہونے کا ذریعہ بنا۔‘‘ اس طرح کی  رقت آمیز دعا مولانا یوسف نے  دھولیہ نندوربار ضلعی اجتما ع کی آخری مجلس میں بارگاہ خداوندی میں گڑ گڑا کر کی۔
     دھولیہ نندوربار کا دو روزہ تبلیغی اجتماع ممبئی نیشنل ہائی وے پر نیا مسلم قبرستان سے متصل موہاڈی اپ نگر میں۱۴،۱۵؍دسمبر کومنعقد کیا گیا۔ تقریباً  دولاکھ مربع فٹ قطع اراضی پربنے شامیانے میں ہزاروں شرکاء موجود تھے۔کووڈ وباء کے دو سال کے بعد ہونے والے دونوں ہی ضلعوں کے عمومی اجتماع میں  ہزاروں مسلمانوں نے  جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔                 مولانا سعد کاندھلوی کے صاحبزادے مولانا یوسف نے مغرب کی نماز کے بعد ہونے والی مجلس میںسیر حاصل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم لافانی آخرت کی عزّت، لذت کو بھول کر دنیا کی لذت اور عزّت  کے حصول میں لگے ہوئے ہیں۔اسی لئے  ہم دنیا میں رسوائی اور ذلّت کے دلدل میں دھنستے جارہے ہیں۔جب زمین پر اللہ    کی نافرمانیاں کی جاتی ہیں۔اللہ  کے حکم کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔پھر اللہ کی طرف سے دنیا میں وبائی بیماریاں، قدرتی آفتیں، آسمانی مصیبتیں آتی ہیں۔صحابہ کرام نے دنیا میں دین کے لئے  محنت کی اس لئے  اللہ  پاک نے ان کی محنتوں کے طفیل دنیا میں خزانے پیدا فرمائےانسان کی ضرورت کی چیزیں پیدا کیں۔ صحابہ کرام نے اللّہ کی راہ میں دل کھول کر خرچ کیا اس لئے  اللہ نے انہیں دل کھول کر عزت، شہرت سے نوازا۔‘‘ مولانا  نے  اجتماع میں شریک افراد سے کہا کہ آج ہم پر جو حالات آرہے ہیں، ہمیں اپنا احتساب کرنے کی ضرورت ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  کی اتباع میں ہی ہماری کامیابی ہے۔اسلئے اللہ کے احکامات کی رسّی کو مضبوطی سے تھام لیں ۔حضور اکرمؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہماری زندگی کو کامیاب بنالیں۔
 مولانا نے اپنے خطاب میں اولادوں کو دینی تعلیم کے زیور سے مزین کرنے، معاشرے میں دینی مدارس کے جال کو پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا۔شرکاءسے کہا کہ آپ اپنی اولاد کو ڈاکٹر، انجینئر، کلکٹر ، ایس پی، کمشنر جو چاہے بنائیں لیکن دین کے ماحول میں اولاد کی تربیت ضرور کریں۔کیونکہ جب دل میں دین کا اثر باقی رہے گا تو دنیا میں زندگی دین کے مطابق گزاریں گے۔
          ان سے قبل بعد نماز عصر کی مجلس میں مولانا شوکت نے پر اثر خطاب میں کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل صرف اور صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے۔اللہ سے ہمارا جو سلسلہ ٹوٹ گیا ہے اسے جوڑنے کی محنت کے لئے ہی اجتماعات منعقد کئے جاتے ہیں۔ اجتماعات کے انعقاد کا خالص مقصد یہی ہے کہ زندگی میں بندگی آجائے۔
 اس پرہجوم اجتماع سے مولانا محمود اکولہ، مفتی الیاس، مولانا مبین پونے، یوسف بھائی ایس ٹی والے اورنگ آباد، مفتی نعمان ممبرا، مفتی سعد ناندیڑ نے بھی پرمغز بیانات کئے۔قابل ذکر ہے کہ اجتماع سے دین کی تبلیغ ، دین سیکھنے کیلئے  چالیس، دن، چار مہینے ایک سال کیلئے تقریباً ۶۵؍جماعتیں نکلیں، تقریباً ۴۰؍نکاح پڑھائے گئے۔
 اجتماع کے ذمہ داران کے ہمراہ نوجوان،بچے،بڑے ، بزرگوں نے اجتماع کی تیاری اور کامیابی کیلئے  بھرپور محنت کی۔رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق شاہ کی ایماء پر شہری انتظامیہ نے انتظامات میں کسی بھی قسم کی کمی محسوس نہیں ہونے دی۔علاوہ ازیں الیکٹرک سٹی بورڈ کے افسران و ملازمین نے بھی بہترین خدمت انجام دی،پولیس انتظامیہ کا تعاون بھی قابل ذکر تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK