Inquilab Logo

محض تبلیغ ہی نہ ہوبلکہ ذکرتسبیحات اور تلاوتِ قرآن کا بھی اہتمام کیا جائے

Updated: January 30, 2023, 10:38 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Deonar

بارگاہ ایزدی میں انسانیت کی بھلائی اورامن وامان کی دعا پردیونارگراؤنڈ میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع ختم ،دعا میں شرکت کے لئے لوگوں کا سیلاب امنڈ پڑا ۔علماء، ائمہ مساجد اور طلبہ کی خصوصی نشستیں ہوئیں۔ خصوصیت سے اس بات کی یاد دہانی کروائی گئی کہ تمام اسباب خداوند قدوس کے قبضہ ٔقدرت میں ہیں ،ہمیں اس سے تقرب حاصل کرنا ہے۔آج ۱۰۰؍ جماعتیں ملک کے مختلف صوبوں میں روانہ ہوں گی

It can be shown to the participants on the last day at the Tablighi Mass at Deonar Ground. (Photo: inquilab)
دیونارگراؤنڈ میںتبلیغی اجتماع میں آخری دن شرکاء کودیکھا جاسکتا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

 اللہ رب العالمین کی بارگاہ میںانسانیت کی امن وسلامتی ،امن و امان اورامت کی احوال کی بہتری کی دعا پرممبئی شہر کا سہ روزہ تبلیغی اجتماع ختم ہوا۔ دعا میںشرکت کیلئے شہر ومضافات سے لوگوں کا سیلاب امنڈ پڑا۔طے شدہ ترتیب کےمطابق بعد نمازِمغرب تبلیغی جماعت کے سربراہ مولانا سعد کے  بیٹے مولانا محمدیوسف کاندھلوی نےآخری خطاب کیا اور انہوں نے دعا بھی کروائی۔ شرکاء میںسے بہت سے لوگوں کی ہچکیاں بندھ گئیں اوراجتماع گاہ میں دیر تک آمین اللہم آمین کی صدائیں گونجتی رہیں۔ 
 ۱۰؍بجے سے ۱۲؍ بجے تک تمام پنڈال میںتعلیم کے حلقے لگائے گئے  اور علماء وائمہ کی خصوصی نشست سے مولانا جمشید احمد(مئوناتھ بھنجن) اورمفتی ریاست نے خطاب کیا اور انہیںان کی ذمہ داری یاددلاتے ہوئے کہا کہ آج امت کا کیا حال ہے ،شرعی اصولوں اور فقہی مسائل سے عدم واقفیت کی بناء پرکیسی کیسی غلطیاں اور رسوم عام ہیں،اس کو ختم کرنے اور اصلاح کی فکر کی جائے ۔اس کے ساتھ ہی عصری علوم حاصل کرنے والے طلبہ کی خصوصی نشست عائشہ ہال میںمنعقد کی گئی جہاںمولانا محمد الیاس نےطلبہ سے خطاب کیا اوران کوبتایاکہ تعلیم ضرور حاصل کریں لیکن ساتھ ساتھ دین کا کام بھی جاری رکھیں،خود بھی عمل کریں اور اپنے رفقائے درس کو بھی اس جانب راغب کروائیں تاکہ کامیاب ہوکرجب ہم کسی بھی شعبے میں خدمات انجام دیں تو دین کے بھی داعی رہیںاوراللہ کے احکامات اورنبی پاک ؐ کے طریقوں کوپہنچانے والے بنیں۔
 فجر کی نمازکے بعد مولانا سعد  کے دوسرے  بیٹے مولانا محمد الیاس کاندھلوی نے خطاب کیا۔ انہوںنےدین پر جمنے، اتباع سنت کے ساتھ دین کےکام کی اہمیت اوردعوت وتبلیغ کے حوالے سے امت کی ذمہ داری یاد دلائی ۔ مولانا نے کہاکہ ’’آقائے مدنی   ؐپر اللہ نے نبوت کا سلسلہ ختم فرمادیا ہے ، چنانچہ حجۃ الوداع کے موقع پرآپؐکے ذریعے دیا گیا پیغام پوری انسانیت تک پہنچانا امت کی ذمہ داری ہے۔اس لئے ہم میںسے ہرشخص یہ سمجھے کہ اسے اس کام کیلئے خود کوتیاری کرنا ہےورنہ بارگاہ ایزدی میں مواخذے سے بچ نہیںسکے گا۔‘‘
 ظہر کی نمازکےبعد مفتی ظہیر احمدنے ایمان ،یقین اوردین پر استقامت کے عنوان پرخطاب کرتے ہوئے بتایاکہ’’بھائیو !یہ یاد درکھو کہ تمام اسباب اللہ رب العزت کے قبضہ ٔ قدرت میںہیںاورسب اس کے محتاج ہیں، وہ کسی کا محتاج نہیں۔اللہ اسباب کے بغیر سب کچھ کرسکتاہے اور انسان ہرچیز میںاس کا محتاج ہے۔اس یقین کو ہمیں اپنے قلب وذہن میںبٹھانا ہے ۔اس کےساتھ ہی نماز خشوع وخضوع کےساتھ اس طرح ادا کرنی ہے کہ ہم نما زکے ذریعے اپنے مسائل اللہ سے حل کرواسکیںاور اس کی بندگی کے ذریعے اس کا تقرب حاصل کرسکیں۔ ‘‘
 عصرکی نمازکےبعدمولانا محموداکولوی نے انفرادی اعمال پرتوجہ دلائی اوربتایا کہ محض تبلیغ ہی نہ ہوبلکہ اس کے ساتھ ذکروتسبیحات ،تہجداور قرآن کی تلاوت کا بھی اہتمام کیا جائے تاکہ ہماری زندگی میںیہ اعمال زندہ ہوں اوراس سے اپنی ذات کو نفع پہنچنے کےساتھ دوسروں کو بھی فائدہ حاصل ہوسکے ۔ اس لئے اپنی ذات کی اصلاح پر خصوصیت سے توجہ دی جائے۔‘‘
سو جماعتوں کی روانگی آج 
 اجتماع ختم ہونے کے بعد چلّے اور۴؍ماہ کی ۱۰۰؍ جماعتوں میں جانے والے اجتماع گاہ میںمقیم ہیں،اللہ کے راستے میںنکلنے کے آداب ، اس کی اہمیت اورکس طرح اپنے اوقات کو لگانا ہے،اس پرآج بروزپیرصبح کے وقت خصوصی مجلس منعقد ہوگی۔ اس کے بعد دوپہر کویہ جماعتیں نکلیں گی۔یہ جماعتیں ملک کے مختلف صوبوں میں جائیں گی ۔
صاف صفائی پرخاص توجہ 
 اجتماع ختم ہونے کےبعد میدان کی صاف صفائی ، شامیانہ ہٹانا، زمین ہموار کرنا ، جوسامان لایا گیاہے اسے پہنچانا اوردیگرکام چند دن تک جاری رہیںگے ۔اس کیلئے منتظمین کی جانب سے نوجوانوں کی ٹیم پہلے سے تیار کی گئی ہے تاکہ وہ یہ تمام کام مکمل کرلیں۔ اس کےبعد میدان حکومت کے حوالے کیا جائے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK