Inquilab Logo

ممبرا: ۲؍روزہ تبلیغی اجتماع کے پہلے دن شرکاء کوآخرت کی فکر اور موت کو کثر ت سے یاد کرنے کی تلقین

Updated: November 21, 2023, 8:48 AM IST | Iqbal Ansai | Mumbra

ممبرا شہر کا ۲؍ روزہ سالانہ تبلیغی اجتماع پیر سے النادی الفلاح انگلش اسکول کےکمپاؤنڈ ( شملہ پارک) میں شروع ہوا ۔

Gathering of Tablighi Jamaat in Mumbra. Photo: Inquilab
ممبرا میں تبلیغی جماعت کے اجتماع کامنظر۔ تصویر:انقلاب

ممبرا شہر کا ۲؍ روزہ سالانہ تبلیغی اجتماع پیر سے النادی الفلاح انگلش اسکول  کےکمپاؤنڈ ( شملہ پارک) میں شروع ہوا۔ اجتماع کے پہلے دن  نمازِ ظہر (دوپہر ۲؍ بجے) کے بعد مولانا سہیل  قاسمی(حضوری، تھانے) نے  اپنے خطاب میں قرآن وحدیث کی روشنی میں کہا کہ ’’ہم دنیا میں رہنے نہیں بلکہ یہاں سے جانے کیلئے آئے ہیں لہٰذا ہمیں آخرت کی تیاری کے تعلق سے فکرمند ہونا چاہئے۔‘‘ انہوںنے شرکاء کواس جانب متوجہ کیا کہ ہم دنیا کے معاملات میں کافی منصوبہ بندی کرتے ہیں لیکن لافانی زندگی کے بارے میں ہماری کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ اس کیلئے ہمارے پاس وقت بھی بہت کم ہے۔ کب کس کی موت آجائے ،کوئی نہیں بتا سکتا۔
مولانا سہیل  قاسمی  نے یہ بھی کہاکہ یہ اجتماع اللہ کا اجتماع ہے۔ اللہ نے ہمیں جمع کیا، اللہ نے ہمیں بلایا تاکہ ہم اس مقصد کو سمجھیں کہ ہم اس دنیا میں عیش و عشرت کی زندگی گزارنے اور یہاں ہمیشہ رہنے کیلئے نہیں آئے ہیں بلکہ  آخرت کی تیار کرنے اور اس دنیا سے جانے کے لئے آئے ہیں۔ دنیا کے مختلف کاموں کیلئے ہم سب تیاری کرتے رہتے ہیں۔ گاؤں کا ٹکٹ نکالتے ہیں اور اگر وہ ویٹنگ کا ہوتا ہے تو ہمیں اس کی فکر ہو جاتی ہےکہ ٹکٹ کنفرم ہو گا یا نہیں۔ دن بھر میں کئی مرتبہ اس کا اسٹیٹس چیک کر لیتے ہیں لیکن میرے بھائی کبھی ہمارے ذہن میں یہ بات آتی ہے کہ اگر مجھے اللہ کے پاس جانا پڑ گیا تو میرے پاس کیا تیاری ہے؟ ہم دیکھتے رہتےہیں کہ فلاں شخص اچھا بھلا تھا لیکن اچانک اس کا انتقال ہو گیا۔ کوئی کینسر سے تو کوئی حادثے اور اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر جاتا ہے۔ اس طرح کےاجتماع ہمیں صحیح سمت میں غوروفکر کرنے کی جانب راغب کرنے کیلئے منعقد کئے جاتے ہیں۔ یہ سمجھنے کی چیز ہے کہ ہماری فکر کیسی ہو نی چاہئے۔ رسول اللہؐ نے ارشاد فرمایا کہ اپنے دلوں کی صفائی ستھرائی کیاکرو اور موت کو کثرت سے یاد کرو  لیکن ہمارا حال یہ ہے کہ ہمارے یہاں  موت کا تذکرہ بھی ختم ہو گیاہے۔ ‘‘
مولانا سہیل  قاسمی نے مولانا الیاس ؒ اورمولانا علی میاں ندوی ؒ کے واقعات بھی سنائے۔ اسی طرح عصر اور مغرب کی  نمازوں کے بعد بھی بیانات ہوئے۔
واضح رہے کہ منگل (آج) کو اجتماع کا آخری دن  ہوگا۔ بعد نمازِمغرب بیان اور دعا کے ساتھ اجتماع کااختتام ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK