Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس آئی آر کروالیا؟ صرف ایک ہفتہ باقی ہے!

Updated: August 09, 2026, 10:22 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

۱۷؍ اگست تک اینو مریشن فارم جمع کروائے جاسکتے ہیں، بی ایل اوز اور الیکشن کمیشن دونوں نے اپیل کی کہ جن ووٹرس کے فارم تقسیم ہو گئے ہیں وہ فوراً جمع کروائیں۔

The process of filling out the enumeration form under the SIR is going on in full swing. Photo: INN
ایس آئی آر کے تحت اینومریشن فارم بھرنے کا سلسلہ زورو شور سے جاری ہے۔ تصویر:آئی این این

الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مہاراشٹر میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی، یعنی اسپیشل انٹینسیو ریویژن(ایس آئی آر ) کے شیڈول میں گزشتہ دنوں تبدیلی کرتے ہوئے اسے ۱۷؍ اگست تک بڑھادیاتھا۔ جس کے بعد یہ سرگرمی اب اپنے آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔ اب صرف ایک ہفتہ باقی ہے اور اندازہ ہے کہ اب بھی ریاست میں ۳۰؍ فیصد سے زائد ووٹروں نے اینو مریشن فارم اپنے اپنےبی ایل او ز کے پاس جمع نہیں کروائے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اسی وجہ سے تاریخ میں ۲؍ مرتبہ توسیع کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فارم جمع کروانے کا موقع مل سکے۔ توسیع شدہ تاریخ کے مطابق اب بوتھ لیول افسران مزید ایک ہفتے تک یعنی ۱۷؍ اگست تک گھر گھر جاکر ووٹروں کی تفصیلات کی تصدیق کریں گے۔ یہ سلسلہ جاری ہے اور امکان ہے کہ اگلے ایک ہفتے میں اس میں مزید شدت آئے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ممبئی ضلع میں ۶۰؍ فیصد فارم ہی اپ لوڈ ہوئے ہیں جبکہ تھانے ضلع میں اس سے بھی کم ۵۴؍ فیصد فارم اپ لوڈ ہوئے ہیں۔ 
مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے سنیچر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست کے کل ۳۶؍  اضلاع میں اوسطاً ۹۷ء۵۵؍ فیصد انومریشن فارم تقسیم کئے گئے ہیں اور ۱۲؍ اضلاع ایسے ہیں جہاں پر بوتھ لیول آفیسر ( بی ایل او) نے ان کے سبھی ووٹروں کو یعنی صد فیصد اینومریشن فارم تقسیم کر دیئے ہیں، جبکہ ۱۶؍ اضلاع ایسے ہیں جہاں پر ۹۹؍  فیصد ووٹروں کو یہ فارم تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر ایس لنگم نے ووٹروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایس آئی آر کا انومریشن فارم جلد از جلد پُر کر دیں اور آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں۔

یہ بھی پڑھئے: میونسپل اسکولوں میں ٹیچرزکی کمی،والدین بچوں کاداخلہ نجی اسکولوں میں کرانےپرمجبور

ان اضلاع میں صد فیصد فارم تقسیم کئے گئے
جن اضلاع میں ۱۰۰؍ فیصد اینومریشن فارم تقسیم کئے گئے ہیں ان کے نام درج ذیل ہیں : جلگاؤں، بلڈانہ، وردھا، گڈچرولی، چندر پور، ایوت محل، ہنگولی، پربھنی، احمد نگر، رتنا گیری، سندھودرگ اورکولہاپور۔ 
۷۶ء۶۴؍ فیصد اینومریشن فارم اپ لوڈ
ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق مہاراشٹر میں کل ۹؍ کروڑ ۷۸؍ لاکھ ۵۴؍ ہزار ۴۹؍ ووٹرس ہیں۔ ان میں سے ۹؍ کروڑ ۵۴؍ لاکھ ۵۷؍ ہزار ۷۱۹؍  ووٹروں کو یعنی ۹۷ء۵۵؍ فیصد ووٹروں کو اینومریشن فارم تقسیم کئےگئے ہیں جبکہ ۷؍ کروڑ ۴۹؍ لاکھ ۹۵؍ ہزار ۱۴۳؍ یعنی ۷۶ء۶۴؍ فیصد ووٹروں کا اینومریشن فارم ڈیجیٹل طریقے سے اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ 
۲۷؍ اضلاع میں ۸۰؍ فیصد فارم اپ لوڈ
۲۷؍ اضلاع ایسے ہیں جہاں پر ۸۰؍ فیصد سے زیادہ ووٹر وں نے یا تو خود یا بی ایل او کی مدد سے اپنا فارم اپ لوڈ کر دیا ہے۔ ان اضلاع میں نندوربار، دھولیہ، جلگاؤں، بلڈانہ، آکولہ، واشم، امراؤتی، وردھا، بھنڈارا، گوندیا، گڈچرولی، چندر پور، ایوت محل، ناندیڑ، ہنگولی، پربھنی، جالنہ، احمد نگر، بیڑ، لاتور، عثمان آباد، شولا پور، ستارا، رتناگیری، سندھودرگ، کولہاپور اور سانگلی شامل ہیں۔ 
ایس آئی آر کی اہم تاریخیں 
ایس آئی آر فارم کی آخری تاریخ: ۱۷؍ اگست
ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری ہونے کی تاریخ: ۲۴؍ اگست 
دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی مدت: ۲۴؍  اگست سے۲۳؍ ستمبر کے درمیان 
نوٹس بھیجنے، دعوے اور اعتراضات کے تصفیہ کی مدت: ۲۴؍ اگست سے۲۲؍ اکتوبر 
حتمی ووٹر لسٹ جاری ہونےکی تاریخ: ۲۷؍  اکتوبر 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK