Inquilab Logo

ترنمول کانگریس کی ۲۵؍ویں سالگرہ پر ممتابنرجی کے ہاتھوں’دیدی سرکشا کوچ‘ اور’دیدی کا دوت‘ لانچ

Updated: January 03, 2023, 9:42 AM IST | kolkata

مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ نے مرکزی حکومت پر فنڈ کی فراہمی کے تئیں سردمہری کاالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال اس پرزیادہ نہیں بولوں گی کیونکہ ابھی ہمارے وزیراعظم سوگ میں ہیں

Chief Minister Mamata Banerjee along with Trinamool Congress MP Abhishek Banerjee and Subratu Bakshi.
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے ساتھ ترنمول کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمان ابھیشیک بنرجی اور سبرتو بخشی

مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتابنرجی نے ترنمو ل کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر نذرل منچ میں منعقد پارٹی لیڈروں اورحامیوں سے خطاب کرتے ہوئےنئی توانائی کے ساتھ میدان میں اُترنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قیام کو۲۵؍سال مکمل ہوچکے ہیں، جن میں سے ہم نے ریاست میں۱۱؍ سال تک حکومت بھی کی ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس درمیان ہم نے کئی پارٹی لیڈروں او ر کارکنان کو کھویا ہے۔ہم نے جدو جہد کرکے یہاں تک کا سفر مکمل کیا ہے مگر ابھی سفر جاری ہے،اسلئے اب زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنا ہے اور ان کی زندگیوں میں خوشیاں لانے کا عزم کرنا ہے۔اسی کے ساتھ انہوں نے پارٹی کی جانب سے جاری ایک اسکیم ’دیدی سرکشا کوچ‘ (دیدی حفاظتی ڈھال) اور ’دیدی کا دوت‘ نامی ایک نئی ایپ بھی لانچ کی  ہے۔
  ممتا بنرجی نے کہاکہ یہ پروگرام ’دوارے سرکار‘کی ہی طرح ہےمگر اس مرتبہ پارٹی کارکنان کے ذریعہ انجام دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنا کام کرتی رہے گی۔پارٹی کی سطح پر لوگوں کی  شکایتوں کا ازالہ کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ۱۹۹۳ءمیں جلوس کے دوران فائرنگ ہوئی جس میں ہمارے کئی کارکنان کی موت ہوئی لیکن ہم نے مقابلہ کیا اور لوگوں کے اعتماد کو جیتا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ہمیں فنڈ سے محروم کر دیا ہے۔۱۰۰؍دن کام کیلئے فنڈ نہیں مل رہے ہیں، مگر آج میں اس پر زیادہ نہیں بولوں گی کیونکہ چند دن قبل ہی وزیر اعظم کی والدہ کا انتقال ہوا ہے۔سوگ کا ہفتہ چل رہا ہے۔میں ابھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گی۔ میں نے پچھلی میٹنگ میں اس بارے میں بات کی تھی۔
 پنچایتی انتخابات سے قبل ایک پیغام میں ممتا بنرجی نے کہاکہ ہر ایک کا اپنا کام ہے۔ گاؤں کا پیسہ پہلے ریاستی حکومت کے ذریعے جاتا تھا، اب یہ سیدھا جاتا ہے۔ اب ہمیں کنٹرول کیلئے دیکھنا ہے۔ پنچایت کو ادائیگی نہیں کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پارٹی سے اوپر نہیں ہوں اور نہ ہی لوگوں سے اوپر ہوں۔ میں لوگوں کو جوابدہ ہوں،اس کیلئے میں صبح سے رات تک کام کرتی ہوں۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے پیر کو جو پروگرام شروع کیا ہے اس کا پنچایت انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپلٹی اور شہری علاقوں کے لوگ بھی اس پروجیکٹ سے مستفید ہوں گے۔  پنچایت انتخابات کے پیش نظر پروجیکٹ شروع کرنے کا الزام بے بنیاد ہے۔اس پروگرام میں ممتا بنرجی کے ساتھ ابھیشیک بنرجی بھی موجود تھے۔
 وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا کام حکومت کرے گی لیکن کئی بار پارٹی کی سطح پر شکایات آتی ہیں کیونکہ۷۵؍ فیصد پنچایتیں ہمارے قبضے میں ہیں۔ اس کا مقصد غصہ بھڑکانا نہیں ہے بلکہ لوگوں تک پہنچنا ہے۔یہ’ دوارے سرکار‘ کی ہی دوسری شکل ہے۔حکومت نے ’دوار ے سرکار‘میں بہت کام کیا ہے لیکن  شاید ۲۵؍ فیصد رہ گیا ہو،اسلئے ہمیں وہ شکایت دس دن پہلے موصول ہو سکتی ہے۔ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ ترنمول کانگریس نے انتخابات کو دیکھ کر کام نہیں کرتی۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے انتخابات سے قبل تیل کی قیمت میں دس روپے کی کمی کی اور اس کے بعد اضافہ کر دیامگر ہم جو کام انتخابات سے قبل کرتے ہیں، وہی بعد میں بھی کرتے ہیں۔
 دریں اثنا انہوںنے بنگال کی اپوزیشن جماعتوں پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی اپوزیشن جماعتیں جس طرح  سے حکومت کے خلاف تنقیدیں کرتی ہیں،اس میں بکواس زیادہ ہوتی ہے اور اس کی مثال ملک میں کہیں اور نہیں مل سکتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم  نے کبھی بھی تباہ کن سیاست نہیں کی ہے جبکہ ہم طویل عرصے تک اپوزیشن میں رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK