• Thu, 29 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پارٹی سربراہ اجیت پوار کی ناگہانی موت سےاین سی پی کارکنان صدمہ سے نڈھال

Updated: January 29, 2026, 12:20 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شہرومضافات میں پارٹی کارکنان این سی پی کے دفاترپہنچے۔ خاتون ورکرس آہ و زاری کرتی نظر آئیں۔اظہارِ تعزیت کیلئے جگہ جگہ پوسٹرس چسپاں۔ آج اے پی ایم سی مارکیٹ بند۔

Party workers paying homage to their leader`s portrait. Picture: PTI and Syed Sameer Abidi
پارٹی ورکرس اپنے لیڈر کی تصویر پرگلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی اورسیّد سمیرعابدی
ریاست کےنائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی ) کے صدر اجیت پوار کی بدھ کی صبح بارامتی میں طیارہ حادثہ میں موت ہو گئی۔یہ خبرجنگل کی آگ کی طرح پورے ملک میں پھیل گئی۔ پارٹی سربراہ کی موت کی اطلاع ملتے ہی ممبئی شہرومضافات میں  این سی پی کے عہدیداروں اورکارکنوںپر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ کئی ورکرس اپنے اپنے علاقوں کے پارٹی آفس اورممبئی آفس پہنچے اور اپنے   لیڈر کو یاد کر کے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ این سی پی کے دفاتر میں آنجہانی اجیت پوار کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے   ۔اجیت پوار کے عقیدتمندوں میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں۔اسی دوران مختلف علاقوں میں جگہ جگہ نائب وزیراعلیٰ اجیت دادا پوار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بینرس اور پوسٹرس لگائے گئے ۔  
ممبئی کے مختلف علاقوں میں اجیت پوار کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پارٹی کے متعدد عہدیداروں کی جانب سے بینر لگائے گئے۔ اسی طرح کا ایک بینر ممبئی ڈویژنل خواتین ونگ کی جانب سے لگا یا گیا   جس میں اجیت دادا پوار کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
ممبئی میں اجیت پوار کی رہائش گاہ پر پولیس تعینات
این سی پی پارٹی ورکرس اور عقیدتمندوں کی بھیڑ ممبئی میں  نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے بنگلے پرآنے کے پیش نظر  وہاں پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیاتھا۔
آج اے پی ایم سی مارکیٹ بند 
ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے اجیت پوار نے مارکیٹ کمیٹیوں کے کام کاج میں بہت سی تبدیلیاں کی تھیں۔ اجیت پوار نے زرعی  پیداوار کی قیمتوں کو یقینی بنانے اور تاجروں کی من مانی کو روکنے کیلئے وقتاً فوقتاً سخت موقف اپنایا ہے۔ اس لئے اجیت پوار کی موت کی وجہ سے فروٹ مارکیٹ  کے تاجروں نے اجیت پوار کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یکروزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس کیلئےپھلوں کی منڈی جمعرات کوبند رہے گی۔
اے پی ایم سی کے فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مرچنٹ اسوسی ایشن، فرنٹ آف یونائیٹڈ فروٹ اسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہےکہ مہاراشٹر کے محبوب نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر اجیت پوار کا بدھ کو بارامتی میں طیارہ حادثے میں   انتقال ہو گیا ہے۔ ہماری اے پی ایم سی فروٹ مارکیٹ کے تمام تاجروں، متھاڈی کارکنوں کی طرف سے خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اے پی ایم سی فروٹ مارکیٹ جمعرات۲۹؍ جنوری کو  ایک دن کیلئے بندرہے گا۔   اسوسی ایشن نے اپیل کی ہے کہ تمام تاجر بازار بند کرنے میں تعاون کریں۔
واضح رہے کہ انتخابی ریلی   کے سلسلے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار ہوائی جہاز سے ممبئی سے بارا متی جارہے تھے اسی دوران بارا متی رن وے سے قبل ہی ان کاطیارہ  حادثہ کاشکار ہوگیا  جس میں اجیت پوار سمیت ۵؍ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ممبئی یونیورسٹی کے امتحانات ملتوی
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی حادثاتی موت کی اطلاع ملنے کےبعد جہاں ریاست میں بدھ سے سہ روزہ سوگ کا اعلان کیاگیا ہے  وہیں  ریاست کے اسکولوں میں بدھ کے دوپہر کےسیشن میں تعطیل دےدی گئی   اور ممبئی یونیورسٹی کے  امتحانات کو ملتوی کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ممبئی یونیورسٹی کے سرمائی سیشن کے امتحانات اس وقت جاری ہیں۔ اسی مناسبت سے تمام کالجوں اور امتحانی مراکز پر امتحانات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ تاہم نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا بدھ کی صبح طیارہ   حادثے میں انتقال ہوگیا۔ اس کی وجہ سے ریاستی حکومت نے ۳؍ روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے اور۲۸؍جنوری کو سرکاری دفاتر میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اسی کے مطابق ممبئی یونیورسٹی کے   دوپہر کے سیشن  کے امتحانات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا  ۔ یونیورسٹی نے کالجوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ طلبہ کو اس بارے میں فوری طور پر مطلع کریں۔ 
کامرس اینڈ مینجمنٹ ،آرٹس اینڈ ایجوکیشن کے شعبوں سے منسلک کالجوں کے پرنسپل حضرات کے ساتھ ساتھ سینٹر فار ڈسٹنس اینڈ آن لائن ایجوکیشن (سی ڈی او ای) کے ڈائریکٹر کو ایک خط کے ذریعے اس سلسلے میں مطلع کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس امتحان کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK