Inquilab Logo Happiest Places to Work

خستہ حال سڑکوں کے خلاف ۱۱؍ جگہوں پر راستہ روکو آندولن

Updated: June 27, 2025, 5:19 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

بھیونڈی -واڑہ اور کھارباؤ -چنچوٹی روڈ کی خراب حالت پرمظاہرین نے سڑکوں پر بیٹھ کر چولہے جلائے اور کھانا پکایا۔ ٹریفک مکمل طو رپربند ۔شرم جیوی سنگھٹنا کا گڑھے بھرنے اور خاطی افسران پر کارروائی کا مطالبہ

Protesters block the road. Photo: INN
مظاہرین راستہ روکوآندولن کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

بھیونڈی-واڑہ اور کھارباؤ -چنچوٹی روڈ کی خستہ حالی کے خلاف شہریوں نے راستہ روکوآندولن کیا۔ شرم جیوی تنظیم کی قیادت میں مظاہرین سڑکوں پر بیٹھ گئے، ترپال بچھائی، چولہے جلائے اور کھانا پکایا۔ مظاہرین کے اس انوکھے احتجاج سے ٹریفک مکمل طور پر بند ہوگیا۔ مذکورہ تنظیم نے یہ احتجاج ایک ساتھ ۱۱؍جگہوں پر کیا گیا جن میں کوواڑ ناکہ، نندی ٹھنے، امباڑی ناکہ، کھارباؤ روڈ، چنچوٹی، کُڈوس، شریش پاڑہ اور دیگر جگہیں شامل تھیں۔ احتجاج کی قیادت پرمود پوار، آشا بھوئیر، اصغر پٹیل، دشرتھ بھالکے، مہندر نرگوڑا ودیگر افراد نے کی۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں مقامی افراد، رکشا ڈرائیور اور سماجی تنظیمیں شریک ہوئیں۔ 
شرم جیوی سنگھٹنا کے صدر رام بھاؤ ورنا نے کہاکہ ’’یہ سڑکیں متعدد بار دوبارہ بنائی اور مرمت کی گئی ہیں لیکن یہ ہر بار ان کی حالت بد سے بدتر ہوتی چلی جاتی ہیں، خاص طور پر مانسون کے دوران۔ یہ موت کا جال بن گئی ہیں۔ کئی میٹنگوں اور حکام سے اپیلوں کے باوجودکوئی سدھار نہیں ہوئی ہے۔ 
 پولیس نے صبح ہی سے سڑکوں پر بندوبست کیا تھا، بھاری گاڑیوں کی آمدورفت بند کر دی گئی تھی لیکن مظاہرین نے پرامن طریقے سے سڑک روک کر اپنا مطالبہ رکھا۔ احتجاج کے باعث اسکول جانے والے طلبہ، ملازمین اور دیگر مسافر شدید پریشان ہوئے۔ 
 احتجاج کی اصل وجہ سڑکوں پر موجود گہرے گڑھے اور ان کی مرمت میں لاپروائی تھی۔ عوام کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے خرچ کئے گئے لیکن سڑک کی حالت بہتر نہیں ہوئی۔ پچھلے ۴؍ سال میں ان سڑکوں پر۷۵؍ افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ 
 شرم جیوی سنگھٹنا نے انتباہ دیا ہے کہ جب تک گڑھوں کو مکمل بھرا نہیں جاتا اورخاطی افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی تب تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK