Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ نے اسرائیل اور ایران کے درمیان پائیدار امن کو فروغ دینے پر پاکستان سے بات کی: محکمہ خارجہ

Updated: June 27, 2025, 9:00 PM IST | Islamabad

پاکستان کے محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو فون کیا جس میں انہوں نے ’’اسرائیل اور ایران کے درمیان پائیدار امن کو فروغ دینے‘‘ پر تبادلہ خیال کیا۔ ٹرمپ نے رواں ہفتے کے اوائل میں امریکی اتحادی اسرائیل اور اس کے علاقائی حریف ایران کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

Pakistan`s Prime Minister Shahbaz Sharif. Photo: INN
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف۔ تصویر: آئی این این

پاکستان کے محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو فون کیا جس میں انہوں نے ’’اسرائیل اور ایران کے درمیان پائیدار امن کو فروغ دینے‘‘ پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے کے اوائل میں امریکی اتحادی اسرائیل اور اس کے علاقائی حریف ایران کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا تاکہ ۱۳؍ جون کو شروع ہونے والی جنگ روکی جاسکے جس کا آغاز اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے کیا تھا۔ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے وہائٹ ہاؤس میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے ایران پر تبادلہ خیال کیا، جس کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان دوسرے ممالک سے بہتر جانتا ہے۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کا ایک حصہ امریکہ میں ایران کے مفادات کی نمائندگی کرتا ہے، کیونکہ تہران کے امریکہ کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’’دونوں لیڈروں نے اسرائیل اور ایران کے درمیان پائیدار امن کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ سیکریٹری روبیو نے زور دیا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار تیار یا حاصل نہیں کر سکتا۔‘‘ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستانی حکومت کے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ پاکستانی وزیر اعظم کو امریکی وزیر روبیو کا ٹیلی فون کال موصول ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ اپنی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا جو ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا باعث بنی۔ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے شریف نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

یہ بھی پرھئے: ایران: اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے کے ساتھ عدم تعاون کو قانون کا درجہ

بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکریٹری روبیو نے ان کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امریکہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہے گا۔ واضح رہے کہ اسرائیل ایران تنازع نے ایک ایسے خطے میں خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی جو اکتوبر ۲۰۲۳ء میں غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے آغاز کے بعد سے پہلے ہی عروج پر تھا۔ امریکہ نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں ایران کے جوہری مقامات پر حملہ کیا تھا اور ایران نے جوابی کارروائی میں پیر کو قطر میں امریکی اڈے کو نشانہ بنایا تھا، اس سے پہلے کہ ٹرمپ نے اسرائیل ایران جنگ بندی کا اعلان کیا۔ یاد رہے کہ اسرائیل مشرق وسطیٰ کا واحد ملک ہے جس کے بارے میں وسیع پیمانے پر خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے پاس جوہری ہتھیار ہیں اور اس نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اس کی جنگ کا مقصد تہران کو اپنے جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے روکنا ہے۔ ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کا فریق ہے جبکہ اسرائیل نہیں۔ پاکستان نے ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کی مذمت کی حتیٰ کہ اس نے اس ماہ کے شروع میں کہا تھا کہ وہ ٹرمپ کو گزشتہ ماہ چار روزہ ہندوستان پاکستان تنازع کو ختم کرنے میں ان کے کردار کیلئے نوبیل امن انعام کیلئے نامزد کر رہا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK