روہت پوار کی راج ٹھاکرے سے ملاقات ،راج نے کہا ’’ حکومت ایف آئی آر میں رکاوٹ ڈال رہی ہے اس سے شبہ پیدا ہوتا ہے‘‘
EPAPER
Updated: February 27, 2026, 10:57 PM IST | Mumbai
روہت پوار کی راج ٹھاکرے سے ملاقات ،راج نے کہا ’’ حکومت ایف آئی آر میں رکاوٹ ڈال رہی ہے اس سے شبہ پیدا ہوتا ہے‘‘
اجیت پوار کی ناگہانی موت پر ان کے بھتیجے اور رکن اسمبلی روہت پوار مسلسل سوال اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نےایک روز قبل ممبئی اور بارامتی میں فضائی کمپنی کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی کوشش بھی کی لیکن پولیس نے کسی بھی جگہ ان کی ایف آئی آرج درج نہیں کی۔ جمعہ کو روہت پوار نے ممبئی میں ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے سے ملاقات کی اور انہیں اپنی ساری رو داد سنائی۔ اس کے بعد انہوں نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے بھی ملاقات کی۔ راج ٹھاکرے نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر پولیس روہت پوار کی ایف آئی آر کیوں نہیں لکھ رہی ہے ، کیا واقعی کوئی گڑ بڑ ہوئی ہے؟
جمعہ کو روہت پوار نے راج ٹھاکرے کے دفتر جا کر ان سے ملاقات کی اور انہیں اجیت پوار کی موت کے تعلق سے تفصیلات فراہم کی۔ اس کی اطلاع خود روہت پوار نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے دی۔ ملاقات کے بعد راج ٹھاکرے نے ایک پریس کانفرنس منعقد کی اور کہا’’ آج روہت پوار نے مجھ سے ملاقات کی اور اجیت پوار کی حادثاتی موت کے تعلق سے تمام تکنیکی معلومات فراہم کی۔ پوری گفتگو کے دوران مجھے ایک بات سمجھ میں آئی کہ انہوں نے ۳؍ جگہوں پر اس معاملے میں ایف آئی آر درج کروانے کی کوشش کی لیکن کہیں بھی ان کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’حکومت کو ایسا کیوں لگتا ہے کہ پولیس کو اس معاملے میں ایف آئی آر درج نہیں کرنی چاہئے؟ ‘‘ ایم این ایس سربراہ نے بتایا کہ میرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن میں افسر روہت پوار کی ایف آئی آر درج کر رہا تھا ، ٹھیک اسی وقت ڈی ایس پی وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے کہا کہ ایف آر مت لکھو۔ کیوں؟ ‘‘ راج ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ اگر یہ صرف ایک حادثہ تھا ، اس میں کوئی سازش نہیں تھی ،لیکن اجیت پوار کے اہل خانہ یا ان کے رشتہ داروںکو کوئی شبہ ہے تو اس کی تفتیش کرنے میں کیا حرج ہے؟ حکومت اس میں رکاوٹ کیوں ڈال رہی ہے؟
راج ٹھاکرے نے اس معاملے میں اجیت پوار کی بیوہ سونیترا پوار سے بھی سوال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ اجیت پوار کی بیوی سونیترا پوار اب خود نائب وزیر اعلیٰ ہیں۔ انہیں خود اس معاملے میں غور کرنا چاہئے کہ ان کے شوہر کی موت کے تعلق سے ایف آئی آر درج کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ان کی حکومت اس میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔ یہ کس طرح کی سیاست ہے یہ میری سمجھ میں نہیں آ رہا ہے۔‘‘ ایم این ایس سربراہ نے کہا ’’ ایف آئی آر درج کروانے میں اگر رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے تو اس میں شبہ پیدا ہوتا ہے۔ اس حکومت کے تعلق سے شبہ پیدا ہوتا ہے۔ اگر روہت پوار چاہتے ہیں کہ اس معاملے کی ایف آئی آر درج کی جائے اور اس کی جانچ ہو تو اس میں غلط کیا ہے؟ ‘‘ پورے مہاراشٹر کو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ اگر اجیت پوار جیسی شخصیت کی حادثاتی موت کے تعلق سے رکن اسمبلی روہت پوار اگر ایف آئی آر درج کروانا چاہتے ہیں اور وہ ہونے نہیں دی جا رہی ہے تو پھر عام آدمی کا کیا حال ہوگا؟
روہت پوار کی دیویندر فرنویس سے ملاقات
اس دوران روہت پوار نے فیس بک پر ایک اور پوسٹ کی اور اطلاع دی کہ انہوں نے اسمبلی میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا ’’ میرے اور مہاراشٹر کے عوام کے دلوں میں اگر اجیت دادا کی موت کے تعلق سے کوئی شبہ ہے تو اسے دور کیا جا نا چاہئے۔‘‘ انہوں نے لکھا کہ ’’میں اس حادثے کے تعلق سے جو کچھ ریسرچ کیا ہے ، اس کی ساری تفصیل میں نے وزیر اعلیٰ کے سپرد کی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ یہ ساری تفصیلات ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ تک پہنچائیں گے اور اس تعلق سے مناسب قدم اٹھائیں گے۔‘‘ یاد رہے کہ فرنویس اس تعلق سے کوئی بیان نہیں دیا ہے۔