کانگریس رکن اسمبلی امین پٹیل نے اسمبلی میں مسلم ریزرویشن کا سوال اٹھایا،ممبئی کی مخدوش عمارتوں پر بھی توجہ دلائی
Updated: March 04, 2023, 9:23 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
کانگریس رکن اسمبلی امین پٹیل نے اسمبلی میں مسلم ریزرویشن کا سوال اٹھایا،ممبئی کی مخدوش عمارتوں پر بھی توجہ دلائی
مہاراشٹر اسمبلی میں گورنر کے خطاب پر اظہار خیال کرتے ہوئے کانگریس کے رکن امین پٹیل نے کہا ہے کہ گورنر نے اپنے خطاب میں اقلیتوں کو نظر انداز کیا ہے اس کے علاوہ ممبئی میںمخدوش عمارتوں کے ری ڈیولپمنٹ کیلئے بھی کوئی اعلان نہیں کیا۔امین پٹیل نے تقریباً ۹؍ منٹ کے اپنے خطاب میں کہا کہ’’ مل مزدوروں کے مسائل ان کے گھر کا مسئلہ کس طرح حل کیا جائے گا اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔ پیاز کے پریشان حال کسانوں ، بے رورزگا ر نوجوانوں کیلئے گورنر کے خطاب میں کوئی جگہ نہیںدی گئی ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ’’ ممبئی اس ملک کی تجارتی راجدھانی ہے، جنوبی ممبئی میں قدیم اور مخدوش عمارتیں انہیں کس طرح ری ڈیولپ کیا جائے گا اس بارے میں خاموشی اختیارکی ہے۔‘‘
اس کے ساتھ ہی انہوں نے اقلیتوں کو ریزرویشن کے تعلق سے بھی سوال کیا۔امین پٹیل نے کہا کہ ’’بامبے ہائی کورٹ نے اقلیتوں کو تعلیم کیلئے ۵؍فیصد ریزرویشن دینے کا حکم دیا تھا اس ریزر ویشن کے تعلق سے کوئی بات نہیں کہی گئی ۔ مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن اور مائناریٹی کمیشن کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ اقلیتی طبقوں کی پسماندگی کی تحقیق کرنے کیلئے بہت ساری کمیٹیاں بنائی گئی تھیں جن میں محمود الرحمان کمیٹی، سچر کمیٹی رنگناتھ مشرا کمیٹی شامل ہیں ، ان کمیٹیوں کی سفارشار ت کو نافذ کرنے کیلئے حکومت نے ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنس (ٹس)کو منتخب کیا گیا تھا اس کے بارے میں گورنر نے کوئی بات نہیں کی ہے۔ ان تمام چیزوں کو گورنر کے خطاب میں جگہ نہ دے کر ہمیں بہت دکھ ہوا ہے۔‘‘
اس کے علاوہ امین پٹیل نےپولیس والوں کے مکانات اور صفائی ملازمین کی حالت زار کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ ’’ پولیس اہلکار جن مکانات میں رہتے ہیں وہ مخدوش ہو چکے ہیں،مانڈوی کوارٹرس، ناگپاڑہ، ڈونگری پولیس اسٹیشن وغیرہ کی حالت بہت خراب ہے اور وہاں آئے دن حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ میرا مطالبہ ہے کہ انہیں کنسٹرکشن کاسٹ پر مکان دیا جائے۔امین پٹیل نے صفائی ملازمین کے تعلق سے کہا کہ’’ میرا مطالبہ ہے کہ بی ایم سی کو یہ ہدایت دی جائے گی آشرے یوجنا کو فوراً نافذ کرے نیز صفائی ملازمین کو ملنے والا مکان کا کرایہ بڑھا کر ۳۰؍ ہزار روپے کیا جائے۔