Inquilab Logo

مسجد اقصیٰ پر سیکوریٹی کونسل میں بحث ، اسرائیل کوڈانٹ پلائی گئی ، فلسطین کی کھری کھری

Updated: January 07, 2023, 10:45 AM IST | New York

فلسطینی مندوب نےمتنبہ کیا کہ اسرائیل کو روکا جائے ورنہ ہم روکیں گے

Riyad Mansour, Palestinian delegate to the United Nations, speaking
اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب ریاض منصور خطاب کرتے ہوئے

مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی وزیر کے داخلے پر  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بلائے گئے ہنگامی اجلاس میں نہ صرف وہاں کے حالات پر کھل کر گفتگو ہوئی بلکہ اس دوران اسرائیل کی حرکت کی  سرزنش بھی کی گئی اور فلسطینی نمائندے کی جانب سےاسرائیل پر سخت تنقیدیں کی گئیں۔  اس موضوع پر بحث کے بعد جو قرار داد منظور کی گئی اس میں اسرائیل سے شرانگیزی بند کرنے اور حالات کو جو ں کے توں برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی لیکن اسرائیلی وزیر کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی اس پر قرار داد میں خاموشی اختیار کرلی گئی ۔
  اس سے قبل مسجد اقصیٰ میں صہیونی سخت گیر وزیر کے  داخل ہونے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا جس  میں شریک فلسطینی مندوب اسرائیل کی دیدہ دلیری اور اقوام عالم کی بے حسی پر پھٹ پڑے اور عالمی برادری کو اس کے متعصبانہ رویے  پر آئینہ دکھا دیا۔ فلسطینی مندوب ریاض منصور نے سلامتی کونسل کے  ہنگامی اجلاس میں اقوام عالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صبر کو  ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ مسجد اقصیٰ کے تقدس کا خیال رکھا جائے۔ انہوں  نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر سیکوریٹی  کونسل نے اسرائیل کو نہ روکا تو  پھر فلسطین اپنے طریقے سے روکے گا۔ انہوں نے پوچھا کہ اسرائیل کی جانب سے اب کس نئی خلاف ورزی کا انتظار کیا جارہا ہے ؟ وہ کون سی سرخ لکیر ہے  جو اسرائیل کو روک سکے۔  اسرائیل  ہر عالمی قانون کی دھجیاں اڑاتا ہے لیکن اس کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ اسے صرف انتباہ دے کر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ اس مرتبہ بھی وہی ہونے کا امکان ہے لیکن اب ہم واـضح کردینا چاہتے ہیں کہ اسرائیل کو ہم اپنی طرح سے سبق سکھائیں گے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK