Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہایوتی میں گھمسان، چھگن بھجبل کا یوم آزادی کے موقع پر گوندیا میں پرچم کشائی سے انکار

Updated: August 14, 2025, 1:51 PM IST | Agency | Mumbai

مہایوتی کے اندر ان دنوں رسہ کشی جاری ہے۔ اس کی خبریں کئی دنوں سے آ رہی ہے لیکن ۱۵؍ اگست کےموقع پر پرچم کشائی کے تعلق سے بلائی گئی میٹنگ کےبعد برسراقتدار اتحاد کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔

Fadnavis (left) could not convince Bhujbal. Photo: INN
فرنویس (بائیں ) بھجبل کو منا نہیں سکے۔ تصویر: آئی این این

مہایوتی کے اندر ان دنوں رسہ کشی جاری ہے۔ اس کی خبریں کئی دنوں سے آ رہی ہے لیکن ۱۵؍ اگست کےموقع پر پرچم کشائی کے تعلق سے بلائی گئی میٹنگ کےبعد برسراقتدار اتحاد کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔ وزیر برائے رسد و خوراک چھگن بھجبل نے گوندیا ضلع میں پرچم کشائی کی رسم ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ ایکناتھ شندے خود اس میٹنگ سے غیر حاضر تھے جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کون سا وزیر کس ضلع میں پرچم کشائی کی رسم ادا کرے گا۔ 
  یاد رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر مہاراشٹر میں یہ روایت رہی ہے کہ ہر ضلع کے کلکٹریٹ میں ضلع کا نگراں وزیر پرچم کشائی کی رسم ادا کرتا ہے۔ اس بار یوں ہوا ہے کہ رائے گڑھ اور ناسک ضلع کے نگراں وزیر کی تقرری اب تک نہیں ہوئی ہے۔ رائے گڑھ میں این سی پی کی ادیتی تٹکرے کو نگراں وزیر بنایا گیا تھا لیکن شیوسینا (شندے) کے بھرت گوگائولے کے احتجاج کے بعد انہیں ہٹا دیا گیا اور یہ کہا گیا کہ رائے گڑھ کے نگراں وزیر کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ اسی طرح ناسک سے ۳؍ وزراء کابینہ میں شامل ہیں۔ چھگن بھجبل، مانک رائو کوکاٹے اور دادا بھسے، لیکن ان میں سے کسی کو بھی اب تک ناسک کا نگراں وزیر نہیں بنایا گیا ہے۔ بھجبل اور کوکاٹے کا تعلق این سی پی سے ہے جبکہ دادا بھسے شیوسینا (شندے) میں ہیں۔ یہ تینوں ہی ناسک کا نگراں وزیر بننا چاہتے ہیں اس لئے یہاں بھی دیویندر فرنویس نے معاملہ التواء میں رکھا ہے۔ اب جبکہ یوم آزادی قریب ہے وزیر اعلیٰ نے ایک فہرست جاری کی ہے جس میں ان وزراء کے نام درج ہیں جو اس سال یوم آزادی پر پرچم کشائی کی رسم ادا کریں گے۔ ان میں ناسک کے آگے گریش مہاجن کا نام درج ہے جو کہ جلگائوں کے وزیر ہیں۔ اس بات سے چھگن بھجبل سخت ناراض ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے چھگن بھجبل کو گوندیا ضلع میں پرچم کشائی کی رسم ادا کرنے کیلئے کہا ہے۔ بھجبل نے اس سے صاف طور پر انکار کر دیا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ اپنے آبائی ضلع میں یوم آزادی منائیں۔ 
 چھگن بھجبل کے انکار کرنے پر دیویندر فرنویس نے گوندیا کی ذمہ داری ممبئی کے نگراں وزیر منگل پربھات لودھا کو دی ہے۔ یاد رہے کہ ممبئی میں وزیر اعلیٰ خود پرچم کشائی کرتے ہیں۔ اسلئے لودھا کی ممبئی میں کوئی خاص ضرورت نہیں رہ جاتی۔ رائے گڑھ میں وزیر اعلیٰ نے پرچم کشائی کی ذمہ داری ادیتی تٹکرے کو دی ہے۔ اس بات کو سیاسی حلقوں میں این سی پی کی جیت قرار دیا جا رہا ہے۔ بھرت گوگائولے جو پہلے ہی ادیتی تٹکرے کو ہر معاملے میں ترجیح دیئے جانے پر ناراض ہیں اس پر اور بھی برہم ہو گئے اور انہوں نے بی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی۔ نڈا نے انہیں کیا جواب دیا یہ بات اب تک سامنے نہیں آ سکی۔ البتہ خود ایکناتھ شندے بھی اس کی وجہ سے ناراض ہیں۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ منگل کی رات ہونے والی میٹنگ میں شندے اور گوگائولے دونوں ہی غیر حاضر تھے۔ یاد رہے کہ ایکناتھ شندے صرف نگراں وزیر کے معاملے ہی پر ناراض نہیں ہیں، اور بھی کئی باتیں جن کی وجہ سے وہ بدظن ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK