• Mon, 13 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیٹوں کی تقسیم پر این ڈی اے میں رسہ کشی

Updated: October 12, 2025, 8:00 AM IST

این ڈی اے لیڈران زیادہ سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے کیلئے دہلی کی دوڑ لگانے پر مجبور ،اس کے باوجود آج اعلان ہو سکتا ہے۔لیکن بہار میں مہا گٹھ بندھن میں سیٹوں کا بٹوارہ تقریباً طے ، جلد ہی اعلان متوقع ، صرف ۵؍ سیٹوں پر اتفاق رائے باقی ہونے کی اطلاعات

Almost every vehicle in Patna is being searched after the implementation of the code of conduct. (Photo: PTI)
ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے بعد پٹنہ میں تقریباً ہر گاڑی کی تلاشی لی جارہی ہے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

بہار اسمبلی انتخابات سے عین قبل این ڈی اے اور مہاگٹھ بندھن دونوں طرف کی اتحادی پارٹیاں زیادہ سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے  کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق این ڈی اے میں زیادہ کھینچ تان ہے۔ چراغ پاسوان،اپیندر کشواہا اور جتن رام مانجھی ہنوز بی جے پی  سے ناراض ہیں۔ تاہم یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ این ڈی اے کے اندر سیٹوں کی تقسیم کا معاہدہ تقریبا طے ہو گیا ہے۔  بہار کے کئی این ڈی اے لیڈر دہلی میںموجود ہیں۔ جیتن رام مانجھی اور اپیندر کشواہا نے جے پی نڈا کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ادھر بہار انتخابات کے حوالے سے بی جے پی کے کور گروپ کی دہلی میں میٹنگ ہوئی۔ یہ میراتھن میٹنگ آٹھ گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ بہار این ڈی اے میں تقریباً۹۰-۱۰۰؍ سیٹوں کے لیے امیدواروں کے ناموں پر بات چیت مکمل ہو چکی ہے اور سیٹوں کی تقسیم کا اعلان بھی آج ہی  متوقع ہے۔  
 اس دوران این ڈی اے میں شامل راشٹریہ لوک مورچہ کے سربراہ اوپندر کشواہا نے ایک بیان دے کر حلیف جماعتوں بالخصوص بی جے پی کے لیے پریشانی پیدا کردی ہے۔ اوپندر کشواہا نے یہاں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اب تک سیٹ شیئرنگ پر حتمی فیصلہ نہیں ہواہے۔انہوں نے کہا کہ سیٹوں کے بٹوارے کے سلسلے میں بات چیت ابھی ادھوری ہے۔ کئی میڈیا رپورٹوں میں یہ چل رہا ہے کہ ہماری پارٹی چھ سیٹوں پر لڑنے کے لیے تیار ہوگئی ہے ، لیکن یہ پوری طرح غلط ہے۔ ہماری طرف سے اتفاق رائے نہیں ہوا ہے۔ بات چیت کا سلسلہ ابھی جاری ہے اور اس کا اگلا مرحلہ دہلی میں ہوگا۔ اوپندر کشواہا نے یہ بھی  دعویٰ کیا کہ بی جےپی قیادت نے انہیں دہلی بلایا ہے۔ اس سے قبل اوپندر کشواہا نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر سخت پوسٹ کیا تھا جس سے صاف ظاہرہوتا ہے کہ وہ ان لوگوں سے بہت ناراض ہیں جومیڈیا میں خبریں پلانٹ کروا رہے ہیں۔انہوں نے لکھا تھاکہ ادھر ادھر کی خبروں پر مت جائیں۔ بات چیت ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے۔ 
 دریں اثناء  این ڈی اے کے مخالف خیمے مہا گٹھ بندھن میں بھی سیٹوں کی تقسیم تقریباً طے ہو گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق مہا گٹھ بندھن میں آر جے ڈی ۱۳۵؍ سیٹوں پر الیکشن لڑسکتی ہے جبکہ کانگریس کو ۵۵؍،سی پی آئی (ایم ایل) کو ۲۱؍،سی پی آئی کو ۶؍ اور باقی سیٹیں دیگر پارٹیوں کے حصے میں آسکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ فارمولے تقریباً طے ہو گیا ہے۔ اس پر ایک سے دو دن میں مہر لگ جائے گی اور تبھی اعلان بھی کردیا جائے۔ رپورٹس یہ بھی ہیں کہ تمام سیٹوں پر بات چیت مکمل ہو چکی ہے۔ صرف ۵؍ سیٹیں ایسی ہیں جن پر آر جے ڈی اور کانگریس کے درمیان گفتگو جاری ہے۔ یہ بھی بہت جلد طے ہوجانے کی امید ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ تیجسوی یادو کو ہی وزارت اعلیٰ کا امیدوار بنانے پر اتفاق رائےہو گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK