Inquilab Logo

میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کے یومِ تاسیس پر دفتری کام کاج بند کرنے پرناراضگی

Updated: March 04, 2023, 9:06 AM IST | sajid Shaikh | Mumbai

شہریوں کو ہونے والی پریشانی کے پیش نظر رکن اسمبلی ،سابق رکن اسمبلی اور این سی پی لیڈر کی جانب سے شدید تنقیدکی گئی

It is located at the head office of the Municipal Corporation
میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں سناٹا ہے

  ؍ ۲۸فروری کو میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کا ۲۱  ؍ واں یوم تاسیس تھا اوراس روز بھائندر مغرب میں واقع میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر اور دیگر دفاتر میں کام کاج بند رکھا گیا تھا ۔میونسپل  افسران  اور سارے ملازمین ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر واقع لتا منگیشکر ڈراما تھیٹر میں جشن منا رہے تھے۔ اچانک اس طرح بلدیہ کے دفاتر بند ہو جانے سے   اپنے کاموں کے سلسلے میں آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اُنھیں مایوس لوٹنا پڑا جس کی وجہ سے شہری انتظامیہ پر زبردست تنقید کی جا رہی ہے ۔
  گووند سرودے  نامی شخص نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پانی کا بل بھرنے کیلئے آئے تھے مگر یہاں ایک بھی ملازم نہیں ہے۔سارے لوگ پروگرام میں شرکت کیلئے گئے ہوئے ہیں ۔ہر محکمہ میں کم از کم ایک ملازم کو رکھنا چاہئے تھا۔ ہم لوگ دور سے آٹو رکشا کا کرایہ ادا کرکے آ رہے ہیں مگر یہاں سے خالی ہاتھ   جانا پڑا۔ میراروڈ سے آئے ایک معذور شخص نے کہا کہ وہ اپنے اسٹال کے لائسنس کی تجدیدکیلئے آٹو رکشہ سے آئے تھے مگر یہاں آنے پر پتہ چلا کہ آج دفتر بند ہے اور کل آنے کیلئے کہا گیا ہے ۔ ایک  شخص نے بتایا کہ اس کو ۲۴؍ گھنٹوں میں پراپرٹی ٹیکس بھرنے کا نوٹس آیا تھا اس لئے وہ اپنی ملازمت سے رخصت لے کر یہاں آئے ہیں مگر یہاں کوئی بھی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے ان کی ایک دن کی رخصت رائیگاں گئی ۔
              نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی )کے شعبہ اقلیتی سیل کے صدر غلام نبی فاروقی نے ریاستی   چیف سیکریٹری کو ایک شکایتی مکتوب روانہ کیا ہے جس میں کہا ہے کہ میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کے یوم تاسیس پر ۲۸  ؍فروری کو صبح ۱۰؍ بجے سے شام ۵ ؍ بجے تک میونسپل کارپوریشن میں کوئی افسر موجود نہیں تھا۔ صدر دفتر میں کام کاج روک کر سب کسی اور جگہ پارٹی منا رہے تھے جس کی وجہ سے شہری پریشان تھے اور اُنہیں کارپوریشن کے دفتر سے بغیر کام نمٹائے واپس جانا پڑا ۔   آج صبح سے ہی بلدیہ کا کام کاج ٹھپ ہونے سے شہریوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے آپ سے گزارش ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے تمام محکموں میں غیر اعلانیہ تعطیل کا اعلان کرکے عوام کو پریشان کرنے والے میونسپل کمشنر کے خلاف مناسب کاروائی کی جائے ۔ اس معاملے پر غلام نبی فاروقی کو منترالیہ سے جواب موصول ہوا اور معاملہ کی تفتیش کی یقین دہانی کروائی گئی۔
    سابق رکن اسمبلی نریندر مہتا نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ  یہ یومِ تاسیس ہر سال آتا ہے پہلی بار نہیں آیا ہے۔ ہمارے ملک میں پارلیمنٹ ہاؤس ،ودھان سبھا ،ودھان پریشد اور منترالیہ کی تعمیر ہوئی ہے مگر کہیں پر کبھی کوئی تعطیل نہیں ہوئی ۔ میونسپل کارپوریشن کا صدر دفتر بند ہونے کی میںمذمّت کرتا ہوں۔
  رکن اسمبلی گیتا جین نے میونسپل کارپوریشن میں اس غیر اعلانیہ تعطیل کو افسوسناک قرار دیا۔  انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ  شہری انتظامیہ کو شہریوں کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔
                اسسٹنٹ میونسپل کمشنر ماروتی گائیکواڑ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھانے میونسپل کارپوریشن سمیت سبھی کارپوریشن میں صبح ۱۰ ؍ بجے سے ہی یوم تاسیس کا پروگرام منعقد کیا جاتا ہے۔ شام کو پروگرام کے انعقاد سے خاتون ملازمین کو پریشانی ہو سکتی ہے۔

mira road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK