ایم پی کے کٹنی اور سیونی میں آتشزدگی کے ۲؍ بڑے واقعات میں ۱۱؍ کی موت ، مہاراشٹر کےعثمان آباد ضلع میں آتشزدگی کے سبب ایک ہی خاندان کے ۶؍ افرادفوت۔
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 10:16 AM IST | Agency | New Delhi
ایم پی کے کٹنی اور سیونی میں آتشزدگی کے ۲؍ بڑے واقعات میں ۱۱؍ کی موت ، مہاراشٹر کےعثمان آباد ضلع میں آتشزدگی کے سبب ایک ہی خاندان کے ۶؍ افرادفوت۔
دیوالی کا تہوار ملک بھر میں روشنیوں، خوشیوں اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، لیکن کئی خاندانوں کے لیے یہ تہوار ایسا درد دے گیا جسے وہ کبھی بھلا نہیں سکیں گے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں آگ لگنے اور پٹاخوں سے متعلق حادثات نے کئی لوگوں کی جان لے لی۔ مدھیہ پردیش کے کٹنی اور سیونی میں آتشزدگی کے ۲؍ بڑے واقعات میں ۱۱؍ افراد کی موت ہوگئی۔ اسی طرح مہاراشٹر کے عثمان آباد( دھاراشیو) میں ایک ہی خاندان کے ۶؍ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اسی طرح ادیشہ، آسام، راجستھان، دہلی اور ممبئی سے بھی آگ لگنے اور دیگر حادثات میں ہلاکتوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ مہاراشٹر میں تو آتشزدگی کے کم از کم ۷۰؍ واقعات پیش آئے ہیں، جن میں پمپری چنچوڑ میں ہی تقریباً ۵۰؍ مقامات پر آگ لگی ہے۔ ان حادثات میں مجموعی طور پر تقریباً 30 اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی: دیوالی کی صبح اے کیو آئی ۳۸۴؍ ، ۱۱؍ مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر فضائی آلودگی
مدھیہ پردیش کے ضلع کٹنی کے برہی میں دیوالی کی رات تقریباً ۱۲؍بجے پورن اگروال کی کراکری کی دکان میں اچانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے ۳؍ منزلہ عمارت کو اپنی زد میں لے لیا۔ مکان میں موجود خاندان کے افراد کو باہر نکلنے تک کا موقع نہیں ملا۔ اس حادثہ میں ۷۷؍ سالہ پورن اگروال، ان کی اہلیہ چندرکلا، بہو پونم، ۱۴؍ سالہ آریہ، ۶؍ سالہ انوی اور ۲؍ ماہ کے معصوم بچے کی موت ہو گئی۔ رات بھر جاری رہنے والے امدادی آپریشن کے دوران جے سی بی کی مدد سے دیوار توڑ کر خاندان کے افراد کو باہر نکالا گیا۔
دوسری جانب ضلع سیونی کے چھپارا واقع جین محلے میں صرافہ تاجر کندن سونی کے مکان میں پیر کی علی الصباح تقریباً۳؍ بجے آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں۶؍ افراد کو باہر نکالا گیا جن میں سے ۵؍کی موت ہوگئی۔ دونوں واقعات میں فائر بریگیڈ اور انتظامیہ کی ٹیموں کو امدادی کارروائیوں کے دوران کافی مشقت کرنی پڑی۔ اسی طرح اجین کے ناگ جھری علاقہ میں دیوالی کی شب ۲؍ منزلہ مکان کے نچلے حصے میں بنی دکانوں میں آگ لگ گئی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے خاندان کے افراد کو باہر نکالا گیا۔