• Sat, 01 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈاکٹر خود کشی معاملہ: معاملے کی تفتیش کرنے والے افسرکے بی جے پی سے تعلقات ہیں، این سی پی کاالزام

Updated: November 01, 2025, 8:42 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

این سی پی(شرد) کے یوتھ ونگ کے ریاستی صدر اور ترجمان محبوب شیخ نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے مطالبہ کیا ہے کہ ستارا کے پلٹن علاقے میں خود کشی کرنے والی خاتون ڈاکٹر کے معاملے کی شفاف جانچ اور اصلی مجرمین کو بے نقاب کرنے کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم(ایس آئی ٹی) تشکیل دی جائے۔

NCP (Sharad) young leader Mehboob Sheikh
این سی پی (شرد) کے نوجوان لیڈر محبوب شیخ

این سی پی(شرد) کے یوتھ ونگ کے ریاستی صدر اور ترجمان محبوب شیخ نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے مطالبہ کیا ہے کہ ستارا کے پلٹن علاقے میں خود کشی کرنے والی خاتون ڈاکٹر کے معاملے کی شفاف جانچ  اور اصلی مجرمین کو بے نقاب کرنے کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم(ایس آئی ٹی) تشکیل دی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ پلٹن تعلقہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ دراصل ’جنگل راج‘ کی ایک بھیانک مثال ہے، سوال یہ ہے کہ پلٹن کے اس جنگل راج کا اصل ویرپّن کون ہے؟
 محبوب شیخ نے جمعہ کو ممبئی میں این سی پی (شرد) کے  دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اس معاملے پر تفصیلی گفتگو کی۔ ان کے ساتھ پارٹی کے ترجمان پروفیسر شیو راج بانگر بھی موجود تھے۔ خاتون ڈاکٹر کی موت کے بعد معطل  کئے گئےپولیس افسر گوپال بدنے کے خلاف محکمہ جاتی تفتیش جاری ہے اور وڈوج پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر گھنشیام سوناؤنے کو تفتیشی افسر مقرر کیا گیا ہے۔ مگر انسپکٹر سوناؤنے پر ماضی میں سنگین الزامات لگے ہیں۔ اسی بنیاد پر محبوب شیخ نے اس تقرری پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھنشیام سوناؤنے کے خلاف کئی شکایات درج ہیں، حتیٰ کہ ایک معاملے میں ہائی کورٹ نے بھی انہیں تنبیہ کی تھی۔ آخر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ایسے افسر کو جانچ کی ذمہ داری کیوں دی؟ کیا پورے مہاراشٹر میں کوئی دیانت دار افسر نہیں بچا؟ 
تفتیش افسر کے بی جے پی سے تعلقات
 اس موقع پر محبوب شیخ نے میڈیا کو سوناؤنے کے انسٹاگرام پروفائل کے کچھ اسکرین شاٹس دکھاتے ہوئے الزام لگایا کہ سوناؤنے کے ریاستی  وزیر جے کمار گورے سے قریبی تعلقات ہیں اور انہیں حکمراں پارٹی کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ واضح رہے کہ وجے کمار گورے بی جے پی میں ہیں۔ این سی پی ( شرد) کے ریاستی یوتھ ونگ کے صدرنے کہا کہ جب تفتیش ایسے افسران کے سپرد کی جائے گی جو خود اس معاملے میں ملوث افراد کے قریبی ہیں، تو مہلوک خاتون کو انصاف کیسے ملے گا؟ اگر واقعی حکومت انصاف چاہتی ہے تو فوراً ایس آئی ٹی کی تشکیل کرے اور آزادانہ تفتیش کرائے۔ 
 محبوب شیخ نے یہ بھی کہا کہ سبھی جانتے ہیں کہ یہ پورا معاملہ بی جے پی کے سابق رکن پارلیمان رنجیت سنگھ نائک نمبالکر کے دباؤ میں چل رہا ہے، اسی وجہ سے انتظامیہ ان کے حق میں کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاتون  ڈاکٹر  کے کردار پر سوال اٹھا کر اصل مجرموں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پلٹن پولیس سے شفاف تفتیش کی امید کیسے کی جا سکتی ہے، جب انہی پولیس اہلکاروں پر متاثرہ کو ہراساں کرنے کے الزامات ہیں؟ محبوب شیخ نے کہا کہ یہ صرف ایک خاتون ڈاکٹر کی خودکشی کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ یہ مہاراشٹر کے نظامِ انصاف اور پولیس کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان ہے۔ ریاستی حکومت اگر خاموش رہی تو عوام خود انصاف کیلئے سڑکوں پر اتر آئیں گے۔
  واضح رہےستارا ضلع کے پلٹن تعلقے میں سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں کام کرنے والی ایک خاتون ڈاکٹر نے گزشتہ ۲۳؍ اکتوبر کو ہوٹل کے ایک کمرے میں پھانسی لگا کر خود کشی کر لی تھی۔ اس نے اپنی ہتھیلی پر سوسائڈ نوٹ لکھا تھا جس میں پولیس سب انسپکٹر گوپال بدنے کو اپنی خود کشی کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK