مارڈ نے اس دردناک واقعہ کی سخت مذمت کی ہے۔ نائر، کے ای ایم، سائن اورکوپر اسپتال کے ڈاکٹروں نے کالافیتہ باندھا۔
EPAPER
Updated: October 26, 2025, 10:23 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
مارڈ نے اس دردناک واقعہ کی سخت مذمت کی ہے۔ نائر، کے ای ایم، سائن اورکوپر اسپتال کے ڈاکٹروں نے کالافیتہ باندھا۔
مہاراشٹر اسوسی ایشن آف ریسیڈنٹ ڈاکٹرز (مارڈ) نے ستارا میں جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی ۲۸؍سالہ خاتون ڈاکٹر کی خودکشی پر سخت مذمت کی۔ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی اور خاتون ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ دہرایا ہے۔ اس درد ناک واقعہ سے متعلق سنیچر کو بی ایم سی کے نائر، کے ای ایم، سائن اور کوپر اسپتال کے ریسیڈنٹ ڈاکٹروں نے کالا فیتہ باندھ کرپُرزور احتجاج کیا۔
واضح رہے کہ ستارا کے پلٹن علاقے میں سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں ملازمت کرنے والی ڈاکٹرسمپدا منڈھے نے جمعرات کی دیر رات شہر کے ایک ہوٹل کے کمرے میں خود کو پھانسی لگالی تھی۔ انتہائی قدم اٹھانے سے پہلے اس نے اپنی ہتھیلی پر مراٹھی میں سوسائڈ نوٹ لکھا، ’’ میری خود کشی کی وجہ پولیس انسپکٹر گوپال بدنے ہے جس نے میرےساتھ ۴؍ مرتبہ جنسی زیادتی کی جبکہ اس کے معاون پرشانت بنکر نے بھی مجھے جسمانی اور ذہنی طور پر ہراساں کیا۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے حکم پر ان دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کردیاگیا ہے۔
نائر، کے ای ایم، سائن اورکوپر اسپتال کے ڈاکٹروں نے اپنے بازوپر کالافیتہ باندھ کر مذکورہ واقعہ کی سخت مذمت کرتےہوئے ریگولر ڈیوٹی انجام دی۔ ان اسپتالوں کے ڈاکٹروں کا کہنا ہےکہ ہم غم اور یکجہتی میں متحد ہیں، ہر ڈاکٹر کیلئے فوری انصاف اور مضبوط تحفظات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ یہ احتجاج طبی برادری کے وقار، حفاظت اور احترام کو یقینی بنانے کیلئے فوری اصلاحات کا مطالبہ ہے۔ ڈاکٹرسمپدا منڈھے کی المناک موت کاہمیں صدمہ ہے۔ ہم ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ۔ انہیں انصاف ملناچاہئے۔
مارڈ نےاس تعلق سے ایک مکتوب جاری کیاہے، جس میں اس المناک واقعہ پر اپنے گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر سمپدا منڈھے کا بے وقت انتقال، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ متعلقہ خاتون ڈاکٹر پر بے پناہ دباؤ کو واضح کرتا ہے۔ سب ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں تعینات ڈاکٹرپیشہ ورانہ تنہائی، محدود انتظامی تعاون اور زیادہ کام کا بوجھ ہونے سے ذہنی پریشانی میں مبتلا ہوتےہیں۔ اطلاع کےمطابق ڈاکٹر منڈھے محکمانہ انکوائری سے شدید ذہنی دبائومیں مبتلاتھیں۔ ہراساں کرنے اور ذلت سے پیش آنے کے معاملہ میں انہوں نے اپنے اعلیٰ افسران کو بار بار مطلع کیا تھا، اس کے باوجود کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئےجس کی وجہ سے ڈاکٹر سمپدا منڈھے نے انتہائی قدم اُٹھالیاجس کی مارڈ سخت مذمت کرتاہے۔ اس المناک نقصان کا باعث بننے والے حالات پر فوری طورپر قابوپانےکی ضرورت ہے۔ مہاراشٹر حکومت اور تمام متعلقہ حکام سے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرنے کی اپیل ہے۔ مارڈ ڈاکٹر منڈھے کے خاندان، ان کے ساتھیوں اورپوری طبی برادری اور تمام متعلقہ حکام سے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کرتا ہے۔
مارڈکے مطالبات
۱) اس واردات میں ملوث ۲؍ پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور عدالتی تحقیقات کی جائے۔
۲) واقعہ کے تمام پہلوؤں کی شفاف، بروقت اور آزادانہ تفتیش کی جائے۔
۳) محکمہ صحت اور انتظامی افسران کا فوری طور پر احتساب کیا جائے جوبار بار شکایات اور انتباہی علامات کے باوجود کارروائی کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔
۴) اسی طرح ریاست بھر میں شکایات کے ازالے اور دماغی صحت کی معاونت کیلئے ایک باڈی تشکیل دی جائے۔