• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’جانے والوں کی فکر نہ کریں، اچھا ہے پارٹی صاف ہوگئی ‘‘

Updated: December 03, 2023, 9:50 AM IST | Mumbai

اجیت پوار کے الزامات کے جواب میں شرد پوار کی پریس کانفرنس ، نوجوان طبقے کو متحد ہوکر پارٹی کیلئے کام کرنے کی تلقین ، آئندہ الیکشن میں نوجوانوں کو موقع دینے کا اعلان

NCP chief Sharad Pawar has retaliated against the rebel group (file photo).
این سی پی کے سربراہ شردپوار نے باغی گروپ پر جوابی حملہ کیا ہے ( فائل فوٹو)

این سی پی کے باغی لیڈر اجیت پوار نے  ایک روز قبل کرجت میں اپنے گروپ کے کارکنان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شرد پوار پر سنگین الزامات عائد کئے تھے۔ معمر لیڈر نے سنیچر کو ان الزامات کے جواب میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی  اور اجیت پوار کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے اپنے پارٹی کارکنان کو نصیحت کی کہ وہ جانے والوں( اجیت پوار اور ان کے باغی ساتھی) کا غم نہ کریں۔ اچھا ہے کہ ان کے جانے سے پارٹی صاف ہوگئی۔ 
 پونے میں شرد پوار نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ’’اجیت پوار اوران کے ساتھیوں نے اپنے طور پر ایک قدم اٹھایا ہے ۔ اس کا انہیں اختیارہے لیکن میرا صرف اتنا کہنا ہے کہ اگر انہیں یہ قدم( پارٹی چھوڑنے کا ) اٹھانا ہی تھا تو اس وقت اٹھاتے جب انہوں نے الیکشن کا فارم بھرا تھا۔ فارم بھرتے  وقت انہوں  نے این سی پی کا نام استعمال کیا۔ اس فارم پر میرے یا پھر جینت پاٹل کے دستخط لئے۔ اس کے بعد عوام کے درمیان جا کر این سی پی کے نام پر ووٹ مانگا۔ اب وہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں پارٹی میں رہنا ہے تو میری نظر میں یہ بات مناسب نہیں ہے۔‘‘ انہوں نےکہا ’’ وہ جس راستے پر جانا چاہتے تھے ہمیں وہ راستہ منظور نہیں تھا۔ ہم نے بی جے پی کے خلاف آواز اٹھا کر ووٹ مانگا تھا۔ عوام نے ہمیں بی جے پی کے ساتھ جانے کیلئے ووٹ نہیں دیا تھا۔     ان کا یہ فیصلہ( بی جےپی سے ہاتھ ملانا) عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کے مترادف ہے۔  یاد رہے کہ اجیت پوار نے الزام لگایا تھا کہ شرد پوار نے پارٹی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد  جتیندر اوہاڑ  اور آنند پرانجپے سے خود ہی کہا تھا کہ وہ اس استعفے کے خلاف احتجاج کریں۔ شرد پوار نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ مجھے استعفیٰ دینے یا واپس لینے کیلئے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے ، یہ فیصلہ میں خو د کر سکتا ہوں ، مجھ میں اتنی قوت ہے۔‘‘ 
  اجیت پوار گروپ کے کارگزار صدر پرفل پٹیل نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کتاب لکھ کر شرد پوار کے کئی راز کھولیں گے۔ اس پر شرد پوار نے جواب دیا کہ ’’ میں خود پرفل پٹیل کی کتاب کا انتظار کر رہا ہوں۔  انہیں اس بات پر کتاب لکھنی چاہئے کہ لوگ پارٹی چھوڑ کر کیسے جاتے ہیں۔ ‘‘ شرد پوار نے کہا کہ ’’ میں اپنے کارکنان سے کہتا ہوں کہ کچھ لوگ آج نئے سوال کھڑے کر رہے ہیں۔ تنقیدیں کر رہے ہیں۔ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے ہیں وہ آج ہم پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ ‘‘ این سی پی کے بانی نے کہا’’ ان لوگوں کے تعلق سے زیادہ غوروفکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے جب یہ لوگ عوام کے درمیان ووٹ مانگنے جائیں تو عوام ان سے سوال کریں گے۔‘‘ پوار نے دعویٰ کیا کہ ’’ ان لوگوں کو بخوبی اندازہ ہے کہ کل کو عوام ان سے ان کی بغاوت کے تعلق سے سوال ضرور کریں گے۔ یہ لوگ اسی لئے بوکھلاہٹ میں ہیں اور اسی بوکھلاہٹ کے سبب وہ ہم پر الزام لگا رہے ہیں۔ 
  انہوں نے کہا ’’  ان کے تعلق سے فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اچھا ہے ان کے چلےجانے سے پارٹی صاف ہو گئی ہے۔ ہم اگر متحد ہو کر دوبارہ عوام کے سامنے جائیں گے تو ہمیں عوام کا ساتھ ضرور ملے گا۔ جو لوگ اقتدار چلے جانے کے بعد پارٹی چھوڑ جاتے ہیں ان کیلئے عوام کے دلوں میں کوئی جگہ نہیں ہوتی ہے۔ ‘‘ شرد پوار نے کہا کہ ’’ میں جلد ہی پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل اور یوتھ ونگ کے صدر محبوب شیخ سے  اس معاملے میں بات کروں گا کہ کس طرح پارٹی کو دوبارہ متحد کرکے آگے بڑھا یا جائے ۔ یہ جو کچھ بھی ہوا ہے ( اجیت پوار کی بغاوت) وہ اچھا ہی ہوا ہے۔اس کی وجہ سے پارٹی کی صفائی ہو گئی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ میں اپنی پارٹی کے نوجوان کارکنان سے کہوں گا کہ یہ ایک سنہری موقع آپ لوگوں کو ملا ہے۔ آئندہ اسمبلی الیکشن میں ہم نوجوان چہروں کو موقع دیں گے تاکہ نئی قیادت کو تیار کیا جا سکے۔‘‘ 
  شر د پوار نے اپنے کارکنان کو ہدایت دی کہ اب  لوک سبھا الیکشن میں صرف ۴؍ مہینے کا وقت رہ گیا ہے ۔ اس کے بعد بہت جلد اسمبلی الیکشن کا وقت بھی آجائے گا۔  ایسی صورت میں سب مل کر انتخابات کی تیاریوں میں لگ جائیں اور عوام کے درمیان جا کران کے مسائل معلوم کریں اور انہیں حل کریں۔ ساتھ ہی پارٹی کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔  یاد رہے کہ اجیت پوار اور چھگن بھجبل جیسے قدآور لیڈروں نے ۴؍ ماہ قبل این سی پی سے بغاوت کرکے بی جے پی سے ہاتھ ملا لیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK