Updated: November 10, 2026, 1:26 PM IST
| Lucknow
جسٹس گوتم چودھری نے ۶ نومبر کو اپنے الوداعی تقریب میں ہندی میں خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے برطانوی راج سے آئینی اور علاقائی آزادی حاصل کی، لیکن انگریزی اب بھی اس کے اداروں پر گہرا اثر و رسوخ رکھتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہندوستانی اب بھی اپنے سابق حکمرانوں کی زبان پر کیوں انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ انگریزی یا کسی دوسری زبان کے خلاف نہیں ہیں۔
جسٹس گوتم چودھری۔ تصویر: ایکس
الہ آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس گوتم چودھری نے آزادی کے تقریباً آٹھ دہائیوں بعد بھی انگریزی پر ہندوستان کے مسلسل انحصار پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اب تک خود کو اپنے سابق نوآبادیاتی حکمرانوں کی زبان سے آزاد نہیں کر سکا ہے۔ جسٹس چودھری نے ۶ نومبر کو اپنے الوداعی تقریب میں ہندی میں خطاب کیا۔ وہ ۸ نومبر کو ریٹائر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے برطانوی راج سے آئینی اور علاقائی آزادی حاصل کی، لیکن انگریزی اب بھی اس کے اداروں پر گہرا اثر و رسوخ رکھتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہندوستانی اب بھی اپنے سابق حکمرانوں کی زبان پر کیوں انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سنجیدہ غور و فکر کی متقاضی ہے، کیونکہ ہندوستان میں بہت سی زبانیں موجود ہیں جو پیچیدہ خیالات اور قانونی اصولوں کو بیان کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
جج صاحب نے واضح کیا کہ وہ انگریزی یا کسی دوسری زبان کے خلاف نہیں ہیں۔ انہوں نے ایک مثال کے ذریعے وضاحت کی۔ انہوں نے دیگر زبانوں کو خالہ اور انگریزی کو پردیس سے آئی خالہ سے تشبیہ دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام زبانیں احترام کی مستحق ہیں، لیکن دکھ اس وقت ہوتا ہے جب کسی ہندوستانی زبان کو، جو ماں کی مانند ہے، کم تر درجہ دیا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: یوپی میں شہری آزادی کی صورت حال ’انتہائی شرمناک‘: ہائی کورٹ
عدالتوں میں علاقائی زبانیں
جسٹس چودھری نے عدلیہ میں علاقائی زبانوں کے زیادہ استعمال کے حق میں دلائل دیئے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں فیصلے بنگالی میں ہو سکتے ہیں اور گجرات کی عدالتیں گجراتی استعمال کر سکتی ہیں۔ ہندی بولنے والی ریاستوں میں ہندی کا زیادہ استعمال ہونا چاہئے۔ انہوں نے ضلعی عدلیہ سے ہائی کورٹ میں آنے والے ججوں سے کہا کہ انہیں ہندی ترک کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے اس خیال کو مسترد کر دیا کہ انگریزی میں لکھے گئے فیصلے ہمیشہ زیادہ نفیس یا زیادہ پیشہ ورانہ ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ جسٹس چودھری کے پاس اس عدالت میں ہندی زبان میں سب سے زیادہ فیصلے سنانے کا ریکارڈ ہے۔ رپورٹس کے مطابق اکتوبر ۲۰۲۶ء تک یہ تعداد ۴۰ ہزار سے تجاوز کر چکی تھی۔ وہ دسمبر ۲۰۱۹ء میں ایڈیشنل جج اور مارچ ۲۰۲۱ء میں مستقل جج بنے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: غازی آباد: میئر کے اسلام مخالف بیان کے بعد سیل کیا گیا مدرسہ کھولنے کا حکم
قانونی پس منظر
آئین کے آرٹیکل ۳۴۸ میں چند استثنیات کے ساتھ، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کیلئے انگریزی زبان تجویز کی گئی ہے۔ آرٹیکل ۳۴۸(۲) کے تحت، گورنر صدر کی رضامندی سے ہائی کورٹ کی کارروائی میں ہندی یا کسی دوسری سرکاری زبان کے استعمال کی اجازت دے سکتا ہے۔ آفیشل لینگویجز ایکٹ ۱۹۶۳ء، فیصلوں میں ایسی زبانوں کے استعمال کی اجازت دیتا ہے اگر ساتھ میں انگریزی ترجمہ منسلک ہو۔ الہ آباد ہائی کورٹ میں ۱۹۶۹ء میں ہندی کے استعمال کی منظوری دی گئی تھی۔