رکشا اور ٹیکسی چلانے کیلئے مراٹھی جاننا لازمی قرار دینے کے معاملے میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ مراٹھی سیکھنے کیلئے ڈرائیوروں کو ۱۵؍ اگست تک مہلت دی جارہی ہے اور ۱۶؍ اگست کو اس تعلق سے جائزہ رپورٹ کی بنیاد پر پالیسی سے متعلق مزید فیصلے کئے جائیں گے۔
وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک اور آر ٹی او کے افسران کی میٹنگ۔۔ تصویر:آئی این این
رکشا اور ٹیکسی چلانے کیلئے مراٹھی جاننا لازمی قرار دینے کے معاملے میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ مراٹھی سیکھنے کیلئے ڈرائیوروں کو ۱۵؍ اگست تک مہلت دی جارہی ہے اور ۱۶؍ اگست کو اس تعلق سے جائزہ رپورٹ کی بنیاد پر پالیسی سے متعلق مزید فیصلے کئے جائیں گے۔ اگرچہ دستاویز کی جانچ یکم مئی سے شروع کردی جائے گی لیکن مراٹھی نہ جاننے کی بنیاد پر متذکرہ تاریخ تک کسی کا لائسنس منسوخ نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ۲؍ مختلف مہم شروع کی جارہی ہیں جن میں سے ایک یہ جانچ ہے کہ رکشا اور ٹیکسیاں چلانے کیلئے کسی نے فرضی یا جعلی دستاویز کا استعمال تو نہیں کیا گیا ہے، مثلاً کسی نے ۱۵؍ سال کی مدت مہاراشٹر میں گزارے بغیر ہی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ تو حاصل نہیں کرلیا۔ اگر کسی کا ڈومیسائل سرٹیفکیٹ یا دیگر کوئی دستاویز فرضی یا جعلی پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ دوسرا معاملہ لازمی طور پر مراٹھی جاننے کا ہے۔ یاد رہے کہ پیر کو وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کے ساتھ میٹنگ میں رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کی تنظیموں کے نمائندوں نے درخواست کی تھی کہ مراٹھی جاننا لازمی قرار دینے والی شرط کو یکم مئی سے نافذ نہ کرتے ہوئے ڈرائیوروں کو مراٹھی سیکھنے کی مہلت دی جائے۔ منگل کو تمام ۵۹؍ آر ٹی او کے افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ اگرچہ جانچ مہم یکم مئی سے شروع کردی جائے گی لیکن مراٹھی نہ جاننے کی وجہ سے کسی ڈرائیور کا لائسنس وغیرہ ۱۵؍ اگست تک منسوخ نہیں کیا جائے گا اور اس ۱۰۰؍ دنوں سے زیادہ عرصہ کے دوران مراٹھی جاننے کے حالات کی جائزہ رپورٹ تیار کی جائے گی۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر ۱۶؍ اگست کو اس پالیسی سے متعلق مزید فیصلے کئے جائیں گے۔
میرابھائندر میں یہ مہم پہلے ہی شروع کی جاچکی ہے اور یہاں کل ۳؍ ہزار ۴۴۳؍ رکشا ڈرائیوروں کی جانچ کی گئی جس میں پایا گیا کہ ۵۶۵؍ ڈرائیور مراٹھی سے نابلد ہیں تاہم انہوں نے مراٹھی سیکھنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر رویندر گائیکواڑ کی صدارت میں تشکیل دی گئی ایک کمیٹی روزانہ اور ہفتہ واری بنیاد پر اس مہم کا جائزہ لے گی اور جانچ رپورٹوں کی بنیاد پر مزید کارروائی کے لئے آر ٹی او کو ہدایات جاری کرے گی۔ وزیر سرنائیک نے یہ بھی بتایا کہ اس کمیٹی کے ذریعہ پوری مہم کی موثر منصوبہ بندی اور عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔
پرتاپ سرنائک کے مطابق مراٹھی سیکھنے کے خواہشمند ڈرائیوروں کے لئے آر ٹی او دفاتر میں سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ’کوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد‘ اور ’ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ‘ کے تعاون سے تربیت دی جائے گی۔ نیزمراٹھی سیکھنے کیلئے کتابچے اور ای بکلیٹس بھی دستیاب کرائی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مراٹھی زبان سیکھنے والے ڈرائیوروں کو ریاستی حکومت کی طرف سے ایک سرٹیفکیٹ دیا جائے گا اور لائسنس کی تجدید کے دوران یہ سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔