Inquilab Logo Happiest Places to Work

بیٹلا نیشنل پارک:شیروں کے تحفظ کیلئے قائم مراکز میں ایک اہم مقام

Updated: April 29, 2026, 11:07 AM IST | Mohammed Habeeb | Mumbai

۲۲۶؍مربع کلومیٹر پر پھیلا یہ پارک ریاست کا واحدنیشنل پارک اور مشرقی ہندوستان کی ایک اہم جنگلی حیات کی پناہ گاہ ہے۔

Tiger Can Be Seen Inside Betla National Park.Photo:INN
بیٹلا نیشنل پارک کے اندر شیر کودیکھا جاسکتاہے-تصویر:آئی این این
جھارکھنڈ کے لاتیہار اورپالاموُ اضلاع میں واقع بیٹلا نیشنل پارک ریاست کا واحد قومی پارک ہے اور مشرقی ہندوستان کی ایک اہم جنگلی حیات کی پناہ گاہ ہے۔۲۲۶ء۳۲؍مربع کلومیٹر پر پھیلا یہ پارک پالاموُ ٹائیگر ریزرو کا حصہ ہے جس کا کل رقبہ ایک ہزار ۱۲۹ء۹۳؍مربع کلومیٹر ہے۔جھارکھنڈ میں واقع اس پارک کا نام  ’بیٹلا‘ دراصل اس میں پائے جانے والے ۵؍اہم جانوروں کے انگریزی ناموں کے ابتدائی حروف سے بنا ہے۔ اس میں بائسن (بھینسا)، ایلیفینٹ (ہاتھی)، ٹائیگر (شیر)، لیپارڈ (چیتا) اور ایکسس یعنی چیتل ہرن شامل ہیں۔
تاریخی اہمیت
پالاموُ ٹائیگر ریزرو ۷۴۔۱۹۷۳ء میں پروجیکٹ ٹائیگرکے تحت ہندوستان کے پہلے ۹؍ ٹائیگر ریزروز میں سے ایک کے طور پر قائم ہوا۔ وائلڈ لائف نیویگیٹردنیا کی پہلی شیر مردم شماری پگ مارک کاؤنٹ کے ذریعے ۱۹۳۲ءمیں اسی پالاموُ ٹائیگر ریزرو کے جنگلوں میں کی گئی تھی۔ یہ ایک تاریخی اعزاز ہے جو اس جگہ کو دنیا بھر میں منفرد مقام دیتا ہے۔ 
یہاں کیا دیکھنے کو ملتا ہے؟
بیٹلا نیشنل پارک میں شیر،چیتے، ہاتھی، ہرن، بندر، ریچھ، بھیڑیے،گیدڑ، لکڑ بگھے، لومڑیاں، جنگلی سور، اژدہے، کوبرے اور مگرمچھ سمیت متنوع جانور پائے جاتے ہیں۔یہاںپرندوں کی دنیا بھی اتنی ہی دلکش ہے۔ ہارن بل، کریسٹڈ سرپنٹ ایگل، فاریسٹ اولیٹ، مور، وائٹ نیکڈ اسٹارک، پائیڈ ہارن بل اور متعدد نقل مکانی کرنےوالے پرندے یہاں دیکھنے کو ملتے ہیں۔ کمل داہ جھیل ان پرندوں کو خاص طور پر متوجہ کرتی ہے۔سیاحوں کے تجربے کے مطابق یہاں ہرن، مور، لنگور اور طرح طرح کے پرندے آسانی سے نظر آتے ہیں۔ بڑے جانوروں کا نظارہ خوش قسمتی اور موسم پر منحصر رہتا ہے۔
سفاری: جنگل میں سفر کا تجربہ
یہاںجیپ سےجنگل سفاری گائیڈکے ساتھ دستیاب ہے اور جنگلی حیات کو قریب سے دیکھنے کے لیے اسٹریٹجک مقامات پر واچ ٹاورز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ یہاںصبح ۶؍بجے سے ۱۰؍ بجے تک اورشام کو۲؍بجے سے۵؍ سفاری سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ ٹکٹ فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹ، فاریسٹ آفس یا لائسنس یافتہ ٹور آپریٹرسے بُک کروائے جا سکتے ہیں۔
پالاموُ قلعہ
پارک کے اندر چیروبادشاہوں کے ذریعے تعمیر کردہ۲؍ تاریخی قلعے موجود ہیں۔ پرانا قلعہ ۱۲۰؍میٹر کی بلندی پر واقع ہے جبکہ نئے قلعے میں’ناگپوری دروازہ‘ کے نام سے مشہور ایک عظیم الشان دروازہ ہے۔ اس کی تعمیر میں چیرو خاندان کی فنِ تعمیر کی جھلک صاف دکھائی دیتی ہے۔ان میں سے ایک قلعہ بیٹلا کے قریب ۴۰۰؍فٹ کی بلندی پرواقع ہے جو ۱۶؍ویں صدی میں چیرو بادشاہ کی نشست کے طور پر تعمیرہوا۔ یہ اب گھنے جنگل کے اندر دھنسا ہوا ہے لیکن پرانے قلعے کا مرکزی پہرے دارمینار۳؍سمتوں میں ۳؍مرکزی دروازوں کے ساتھ آج بھی پہاڑی پر نمایاں طور پر کھڑا ہے۔پالاموُ قلعہ ۱۷؍ویں صدی میں چیرو بادشاہوں نے تعمیر کیا تھا۔سیاح اسے دیکھ کر اس تاریخی خطے کی شان و شوکت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ جنگل کے درمیان پرانی فصیلوں اور دروازوں کو دیکھنا ایک انوکھا تجربہ ہے۔
 
 
لودھ آبشار
لودھ آبشار جھارکھنڈ کاسب سے خوبصورت اور مقبول آبشار ہے جوبیٹلا نیشنل پارک کے داخلی دروازےسےتقریباً ۱۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔یہ کیچکی ندی سے بنتا ہے جو ۴۶۸؍فٹ کی بلندی سے ایک گہری کھائی میں گرتی ہے۔یہ سرسبز جنگل اور پتھریلی چٹانوں سےگھرا ہوا ہے اور مانسون میں اپنے پورے شباب پرہوتا ہے۔اس آبشار کے قریب ایک بدھ خانقاہ بھی واقع ہے جس کی وجہ سے اسے ’بدھا گھاگھ‘بھی کہتے ہیں۔ یہاں پکنک، کیمپنگ اور ٹریکنگ کے لیے بھی سہولیات دستیاب ہیں۔ 
 
 
نیتر ہاٹ
نیتر ہاٹ کو’چھوٹا ناگپور کی ملکہ‘کہا جاتا ہے۔یہاں کے اہم مقامات میں سن رائز پوائنٹ، سن سیٹ پوائنٹ، میگنولیا پوائنٹ (جو شاندار غروبِ آفتاب کے نظاروں اور مقامی داستانوں کے لیے مشہور ہے)، اپر گھاگھری آبشار، لوئر گھاگھری آبشار، کویل ویو پوائنٹ اور نیتر ہاٹ ڈیم شامل ہیں۔نیتر ہاٹ ۳۷۰۰؍فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور وِندھیان پہاڑی سلسلے اور گھنے سرسبز جنگلوں سے گھرا ہوا ہے۔  
تتا پانی گرم چشمے
تتا پانی گرم پانی کے چشمے بیٹلا سے تقریباً ۲۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں۔قدرتی طور پر گرم پانی کے یہ چشمے طبی خصوصیات کی وجہ سے مشہورہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خصوصی طورپر سردیوں کے موسم میں بڑی تعداد میں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK