Inquilab Logo

اب ڈرائیوروں پر خفیہ کیمرے کی نظر ہوگی

Updated: January 23, 2024, 9:09 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے بچ نکلنا مشکل ،انٹرسیپٹ گاڑیوں کی مدد سے کارروائی کا سلسلہ تیز

Policemen with intercept vehicles in BKC.
بی کے سی میں انٹر سیپٹ گاڑیوں کے ساتھ پولیس اہلکار۔ ( فائل فوٹو، انقلاب: بپن کوکاٹے)

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے بچ نکلنا مشکل ہوگا ، کیونکہ اب تمام ڈرائیوروں پر انٹرسیپٹ گاڑیوں  میں نصب کیمروں کی نظر ہوگی۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر قدغن لگانے کیلئے ٹریفک پولیس  انفرادی طور پر اور آر ٹی او کے ساتھ مل کر مختلف اقدامات کرتی رہتی ہے۔  اب  وہ جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لی رہی ہے۔ایسے میں بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھی اب ہوشیار ہوجانا چاہئے اور ہوش کے ناخن لینا چاہئے کیونکہ آر ٹی او نے شہر اور ہائی وے  پر لاپروائی سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف انٹرسیپٹ گاڑیوں کی مدد سے کارروائی کا سلسلہ تیز کردیا ہے ۔ اس گاڑی میں نصب خفیہ سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی حرکات و سکنات کو باآسانی قید کر لیا جائے گا بلکہ گاڑی کا رجسٹریشن نمبر بھی واضح طور پر دکھائی دے گا ۔
 اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کمشنر وویک بیمن ور نے انٹرسیپٹ گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ اور  ان کے ہر  وقت شہر کی سڑکوںپر گشت کرنے کی اطلاع فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ گاڑی چاہے جتنی تیز رفتار سےچلائی جائے ،انٹر سیپٹ گاڑیوں میں نصب ہائی ٹیکنالوجی سے لیس سی سی ٹی وی کیمرہ  باآسانی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر قید کر لے گا ، یہ کیمرہ گاڑی کے عقبی حصہ میں نصب ہوگا ۔ڈرائیور نےتیز گاڑی چلائی ہو یا پھر سیٹ بیلٹ نہ پہنا ہو ، سڑک پر چلتے وقت طے شدہ اسپیڈ کی خلاف ورزی کی ہو یا لین کٹ کی ہو ، ان سب کو انٹر سیپٹ میں نصب کیمرہ آسانی کے ساتھ قید کر لے گا ۔‘‘
 ٹرانسپورٹ کمشنر نےیہ بھی کہا کہ’’ اسی طرح ہیلمٹ  کے بغیربائیک چلانے، انتہائی تیز رفتاری سے بائیک چلانے اور اسٹنٹ کرنے والے بھی اب  انٹر سیپٹ گاڑیوں میں نصب کیمرہ سے نہیں بچ سکتے ۔‘‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ’’ اب انٹرسیپٹ گاڑیو ںکی مدد سے آسانی سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر واہن پورٹل سے حاصل کر لیا جائے گااور ان کے خلاف ای چالان جاری کر دیا جائے گا ۔‘‘
 ٹرانسپورٹ ڈ پارٹمنٹ سے موصولہ اطلاع کے مطابق حال ہی میں خفیہ کیمرہ سے مزید ۱۸۷؍ انٹر سیپٹ گاڑیاں خریدی گئی ہیں۔اب ان گاڑیوں کےکیمروں کی مدد سے خلاف ورزی کرنے والے کو اگلے ہی چیک پوسٹ پر روک لیا جائے گا اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔اطلاع کے مطابق روڈ سیفٹی کے لئے اس بار آر ٹی او کے بجٹ میں اضافہ بھی کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اب تمام آر ٹی او میں روڈ سیفٹی کیلئے ۵؍ گنا زیادہ رقم تقسیم کی جاسکتی ہے ۔اس سے  پہلے تک آر ٹی او کو روڈ سیفٹی اقدامات کیلئے صرف ۱۰؍ کروڑ  روپے کابجٹ ملتا تھا لیکن گزشتہ سال  وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے روڈسیفٹی کیلئے ۴۵۰؍ کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا  ہے۔ بجٹ بڑھنے کے سبب روڈ سیفٹی کے بہتر انتظامات کے علاوہ حادثات اور اموات میں ۵۰؍ فیصد کمی لانے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ 
  آر ٹی او کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق نئے بجٹ کی مدد سے انٹرسیپٹ گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس  سے حادثات پر قابو پایا گیا ۔اس کے نتیجے میں ۲۳۔۲۰۲۲ء میں ہونے والے حادثات  اور اموات میں ۱ء۴؍فیصد گراوٹ بھی آئی ہے۔ ٹرانسپورٹ ڈ پارٹمنٹ کے  مطابق حادثات پر قابو پانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روکنے کیلئے اس سے قبل کیمرہ سےلیس ۷۶؍ انٹرسیپٹ گاڑیاں خریدی گئی تھیں اور اب مزید ۱۸۷؍ گاڑیاں خریدی گئی ہیں جبکہ اسی سال جلد ہی مزید ۹۶؍ گاڑیاں خریدی جائیں گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK