Inquilab Logo

نوی ممبئی :۱۰؍ فلیمنگو کی موت کے معاملے میں اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم

Updated: April 30, 2024, 8:40 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

’نیٹ کنیکٹ‘ فاؤنڈیشن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تیزی سے کام کیا اور یہ معاملہ آئی اے ایس افسر تکارام منڈھے کو سونپا۔

The death of flamingos in Nerul`s DPS lake has worried environmental organizations. Photo: INN
نیرول کی ڈی پی ایس جھیل میں فلیمنگو کی اموات سے ماحولیات کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی تنظیمیں فکرمند ہیں۔ تصویر : آئی این این

ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں۱۰؍ فلیمنگو کی موت کی اعلیٰ سطحی انکوائری کیلئے’ نیٹ کنیکٹ فاؤنڈیشن‘ کی اپیل کا فوری جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ریاستی محکمہ مویشی پالن کے سیکریٹری کو معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔اس بارے میں نیٹ کنیکٹ کے ڈائریکٹر بی این کمار نے کہاکہ ’’ہمیں خوشی ہے کہ سی ایم او (چیف منسٹرآفس)نے تیزی سے کام کیا اور یہ معاملہ قابل آئی اے ایس افسر تکارام منڈھے کو سونپا۔‘‘ انہوں  نےمزید کہا کہ ’’ماحولیات سے محبت کرنے والوں کو آئی اے ایس افسر منڈھے سے بہت امیدیں ہیں کیونکہ وہ نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن(این ایم ایم سی)  کے کمشنر کے طور پر خدمات انجام دینے کے سبب اس شہر سے اچھی طرح واقف ہیں۔واضح رہے کہ دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس)جھیل  کے آس پاس۱۰؍ فلیمنگو ہلاک اور ۵؍ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ جگہ ان گلابی پرندوں کیلئے اہم سیٹیلائٹ ویٹ لینڈ میں سے ایک کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے : پونےکے نوجوان کی جرأت، مودی کی ریلی سے قبل بینر لگا کر سوال کیا

 فلیمنگو کی اموات کے تعلق سے بی این کمار نے بتایا کہ ’’ہم نے وزیر اعلیٰ کو مطلع کیا کہ ڈی پی ایس فلیمنگو جھیل میں سمندری پانی کے داخلی راستے بند ہو گئے ہیں۔ جھیل کے جنوبی سرے پر واقع کھاڑی سے مرکزی داخلی راستہ غیر استعمال شدہ نیرول جیٹی کیلئے سڑک کی تعمیر کے سبب بھر دیا گیا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہاکہ ’’نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن (این ایم ایم سی ) بذات خود ویٹ لینڈ کو فلیمنگو کے ٹھکانے کے طور پر محفوظ کرنے کا خواہاں تھا ، یہاں تک کہ اس نے اس منصوبے کیلئے بی این ایچ ایس میں شمولیت اختیار کی لیکن سٹی اینڈ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (سڈکو) نے اب تک یہ کام میونسپل کارپوریشن کو دینے سے انکار کر دیا ہے۔
 سڈکو نے تقریباً ۲۵؍جھیلوں کو شہری انتظامیہ کو منتقل کیا ہے لیکن اس کے ساتھ ڈی پی ایس فلیمنگو جھیل، این آر آئی اور ٹی ایس چانکیا ویٹ لینڈز کو برقرار رکھا ہے۔ سڈکو نے ’مستقبل کی ترقی‘ کیلئے نیرول کے سیکٹر۵۲؍ میں ویٹ لینڈ کو نشان زد کیا ہے۔
 سیو فلیمنگو اینڈ مینگرووز فورم کی ریکھا سنکھلا نے اس تعلق سے کہاکہ ’’ڈی پی ایس فلیمنگو جھیل میں پانی کے داخلے کے راستے کو بند  کرنے کے پس پشت ذاتی مفادات ذمہ دار ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK