Inquilab Logo

بی ایم سی کی شہریوں سے صفائی مہم میں تعاون کی اپیل

Updated: April 30, 2024, 8:56 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

شہری انتظامیہ کی ہاؤس گلیوں کو صاف رکھنے اور کوڑے دان میں ہی کچرا پھینکنے کی اپیل۔

Yesterday, the BMC commissioner inspected many areas of the city and also participated in the cleanliness campaign. Photo: INN
گزشتہ روز بی ایم سی کمشنر نے شہر کے کئی علاقوں کا جائزہ لیا اور صفائی مہم میں بھی حصہ لیا تھا۔ تصویر : آئی این این

شہر اور مضافات میں شدید گرمی کے باوجود بی ایم سی کی شہر کو کوڑا کرکٹ اورعوام کو بیماری سے پاک رکھنے کے مقصد سے گزشتہ ۲۳؍ ہفتوں سے جاری صفائی مہم کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ اس سلسلہ میں شہری انتظامیہ ایک طرف جہاں  ۲۲۷؍ وارڈوں میں سڑکوں کو پانی سے دھونے کے علاوہ شہر کو گندگی سے پاک رکھنے کی کوشش کررہی ہے  وہیں اب شہری انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بی ایم سی کی اس صفائی مہم میں نہ صرف تعاون کریں بلکہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لیں۔ 
بی ایم سی نے عروس البلاد ممبئی کو صفائی کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے پاک رکھنے کے تعلق سے خصوصی طور پر شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے اپنی سوسائٹیوں، گلی محلوں کو بیماری سے پاک رکھنے کیلئے ہاؤس گلیوں کو صاف رکھنے ، کوڑے دان کے باہر کوڑا کرکٹ نہ پھینکنے اور ساتھ ہی استعمال شدہ پانی(ری سائکل واٹر) کو ضائع کرنے کے بجائے چھڑکاؤ کرنے کی اپیل کی ہے۔  بی ایم سی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ گزشتہ ۲۳؍ ہفتے سے چلائی جانے والی صفائی مہم کے دوران شہریوں کو فراہم کئے جانے والے پانی کے بجائے سڑکوں کو دھوننے کے لئےاستعمال شدہ  پانی ہی استعمال کیا گیا ہے اور یہی مشورہ شہریوں کو بھی دیا جارہا ہے تاکہ وہ موسم گرما میں تپش اور شدید گرمی کے سبب پیدا ہونے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرین کا ڈبہ پٹری سے اترا،ہاربر لائن کی ٹرین خدمات متاثر

اس کے علاوہ بی ایم سی نے گلی محلوں اور سوسائٹیوں کو بیماری سے پاک رکھنے اور صحت مند ماحول کو یقینی بنانے کیلئے شہریوں سے گندگی نہ کرنے ، کچرا کوڑے دان میں ڈالنے اور روزانہ اپنے علاقے کی صفائی مہم میں بی ایم سی صفائی ملازمین سے تعاون کرنے کی بھی درخواست کی ہے ۔ ساتھ ہی بی ایم سی نے استعمال شدہ پانی پودوں کی افزائش کیلئے استعمال کرنے کے ساتھ پرندوں اور جانوروں  کے لئے پانی کا نظم کرنے کی بھی اپیل کی ۔ہر سنیچر کو شہر کی سڑکوں میں ۲۵؍ وراڈ کے اسسٹنٹ کمشنروں اور متعلقہ محکموں کے افسران و صفائی ملازمین کے ذریعہ جہاں پانی سے سڑکوں کو دھویا جاتا ہے اور صفائی کا جائزہ لیا جاتا ہے  وہیں اکثر اس مہم کو جاری رکھنےکی ہدایت دینے والے نئے بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی بھی بذات خود اس مہم کا حصہ بنتے ہیں۔
  سنیچر کو بی ایم سی کمشنر  بھوشن گگرانی نے سڑکوں کو دھونے کی مہم میں حصہ لیتے ہوئے  علاقے کی صفائی کا جائزہ لیا۔ انہوںنے نہ صرف’ اے‘ وارڈ کیپٹن پرکاش پیٹھ مارگ سے’ سی‘ وارڈ ممبا دیوی مندر اور پارسی اگیاری تک جاری صفائی مہم میں حصہ لیا بلکہ باندرہ مغرب لیلا وتی اسپتال، سانتا کروز پربھات کالونی ،’ایل‘ وارڈ ساکی ناکہ، ویہار لیک اور’ ایس‘ وارڈ میں ہیرا نندانی جنکشن میں وارڈ کی سطح پر کی جانے والی صفائی مہم کا بھی جائزہ لیا تھا۔ اس موقع بی ایم سی کمشنر نے صفائی کے دوران پیش آنے والی دقتوں کی بابت تفصیلات حاصل کیں اور مہم کے دوران افرادی قوت کی کمی کو جلد دور کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK