Inquilab Logo Happiest Places to Work

اقتدار کےنشے میں حکومت سنتوں کے مہاراشٹر کو ’شرابی ‘ بنا دے گی: جتیندر اوہاڑ

Updated: July 14, 2025, 11:35 AM IST | Iqbal Ansari | Thane

ریاستی حکومت نے آمدنی بڑھانے کیلئے ۵۰؍ سال بعد ریاست میں شراب کی فروخت کرنے کا ۳۲۸؍  لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

NCP (Sharad Chandra Pawar) National General Secretary and MLA Jitendra Uhar. Photo: INN
این سی پی (شرد چندر پوار) کے قومی جنرل سیکریٹری اوررکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ۔ تصویر: آئی این این

ریاستی حکومت  نے آمدنی بڑھانے کیلئے ۵۰؍ سال بعد ریاست میں شراب کی فروخت کرنے کا ۳۲۸؍  لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی پی (شرد چندر پوار) کے قومی جنرل سیکریٹری اور چیف قومی ترجمان رکن اسمبلی ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ نے حکومت کی شراب فروخت کرنے کی پالیسی کی سخت مخالفت کی اور کہا کہ اقتدار کی نشہ میں چور حکومت سنتوں کی سرزمین مہاراشٹر کو شرابی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے لاڈلی بہنوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے والد، بھائی اور شوہر کو شرابی بننے سے بچانے کیلئے حکومت کی اس پالیسی کی مخالفت کریں، مظاہرہ کریں  اور سڑکوں پر اتریں۔ 
اتوار کو تھانے میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس میں رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے کہا کہ ’’۱۹۷۴ء میں اُس وقت کی حکومت نے شراب کی فروخت کرنے کے لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے خلاف مرنال تائی گورہے، اہلیابائی رنگنیکر اور مدھو دنڈوتے وغیرہ نے ریاست بھر میں احتجاج کیا تھا  جس کی وجہ سے حکومت کو یہ فیصلہ واپس لینا پڑا تھا۔اب ۵۰؍سال بعد ریاست میں تقریباً ۳۲۸؍  وائن شاپس کو لائسنس جاری کئے جائیں گے۔ لاڈکی بہن یوجنا کی وجہ سے مہاراشٹر کے خزانے پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے اور آمدنی بڑھانے کیلئے اس حکومت نے لاڈلی بہنوں کے شوہر، والد اور بھائیوں کو شرابی بنانے کا فیصلہ کیا ہےجس کی ہم شدید مخالفت کرتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ’’ ۵۰؍ سال پہلے کے لائسنس ۱۵؍کروڑ میں فروخت ہو رہے ہیں۔ اب یہ نئے لائسنس ایک کروڑ میں فروخت ہونے جا رہے ہیںاور براہ کرم چیک کریں کہ جن ۴۷؍ کمپنیوں کو یہ لائسنس دیئے جانے ہیں، ان کے ڈائریکٹر کون ہیں؟‘‘
این سی پی کے ترجمان نے کہا کہ’’ جس طرح شراب کی پالیسی کو ۱۹۷۴ء میں مرنال گورہے نے پلٹ دی تھی، اب بھی وہی کچھ ہونے والا ہے، ریاست میں عوامی غصہ پھوٹنے والا ہے۔ مہاراشٹر سنت دنیشور، سنت تُکارام اور سنت گاڈگے بابا کی سرزمین ہے۔ اس لئے ہم اس مقدس سرزمین پر شراب کے لائسنس تقسیم نہیں کرنے دیں گے ۔ ‘‘
ڈاکٹر جتیندر اوہاڑنے یہ بھی انتباہ دیا کہ اگر حکومت کے پاس۲۴۰؍اراکین کی حمایت حاصل ہے تو عوام  انہیں سبق سکھائیں گے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK