• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دبئی: ۵ء۶؍ کلو سونے سے تیار کی گئی منفرد رنگولی، تمنا بھاٹیا نے نقاب کشائی کی

Updated: November 09, 2026, 10:01 PM IST | Dubai

دیوالی پر رنگولی بنانا ہندوستان کی قدیم روایت ہے، لیکن دبئی میں اس روایت کو ایسا شاہانہ روپ دیا گیا کہ دیکھنے والے حیران رہ گئے۔ یہاں رنگوں اور پھولوں کے بجائے سونے کے زیورات سے رنگولی تیار کی گئی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

دبئی میں ہندوستانی ثقافت اور ہنرمندی کا ایک منفرد مظاہرہ دیکھنے کو ملا، جہاں زیورات کے مشہور برانڈ نے ۶؍ نومبر کو سٹی سینٹر ڈیرہ میں سونے سے تیار کردہ شاندار رنگولی پیش کی۔ دبئی شاپنگ گائیڈ کے ایک بلاگ کے مطابق، اداکارہ تمنا بھاٹیہ نے اس منفرد رنگولی کی نقاب کشائی کی۔ ۲×۲؍ میٹر کے رقبے پر پھیلی اس رنگولی کو داماس (Damas) نے تیار کیا ہے، جس میں سونے کے ۲۱۳؍ زیورات استعمال کیے گئے ہیں، جن کا مجموعی وزن ۵ء۶؍ کلوگرام ہے۔ بلاگ کے مطابق، اس تنصیب کے ذریعے ہندوستانی رنگولی کی روایتی خوبصورتی کو ایک پُرتعیش انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ رنگولی کو عموماً دیوالی کے موقع پر خوش حالی، مثبت سوچ اور نیک بختی کے استقبال کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Lovin Dubai | لوڤن دبي (@lovindubai)

روایتی رنگولی میں استعمال ہونے والے رنگین پاؤڈر اور پھولوں کی پنکھڑیوں کی جگہ اس بار سونے کے زیورات استعمال کیے گئے۔ ان میں ہار، چوڑیاں، بالیاں اور انگوٹھیاں شامل تھیں۔ ان تمام زیورات کو نہایت احتیاط سے ترتیب دے کر متوازن نقش و نگار اور دیوالی کی روایت سے متاثر مبارک علامتیں بنائی گئیں۔ اس منفرد رنگولی کو تیار کرنے کیلئے ۱۰؍ افراد کی ٹیم نے کام کیا، جس نے مسلسل ۱۶؍ گھنٹے کی محنت کے بعد زیورات کے ہر ٹکڑے کو ہاتھ سے ترتیب دیا۔

اس رنگولی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے اس پر مختلف ردعمل ظاہر کیے۔ ایک انسٹاگرام صارف نے تبصرہ کیا، ’’خوب صورت اور بے مثال، ایسا صرف متحدہ عرب امارات میں ہی ممکن ہے۔‘‘ ایک دوسرے صارف نے لکھا، ’’اس کی خوب صورتی دیکھ کر میری سانس تھم گئی۔‘‘ ایک تیسرے صارف نے تبصرہ کیا، ’’اب مجھے رنگولی کا اصل مطلب سمجھ میں آیا۔‘‘ جب کہ ایک اور صارف نے دلچسپ انداز میں لکھا، ’’اسے مال میں محفوظ طریقے سے رکھا جاسکتا ہے، کیونکہ یہ دبئی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش واپسی کی تیاری، نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست

یہ منفرد رنگولی دبئی فیسٹیولز اینڈ ریٹیل اسٹیبلشمنٹ کے اشتراک سے پیش کی گئی، جو دبئی کے محکمۂ اقتصادیات اور سیاحت کا حصہ ہے۔ اس کی نقاب کشائی دبئی میں جاری وسیع تر ’فیسٹیول آف لائٹس‘ تقریبات کا حصہ تھی۔ شہر بھر میں یہ جشن ۱۲؍ نومبر تک جاری رہے گا، جس کے دوران عوام کے لیے مختلف تہواروں سے متعلق سرگرمیوں اور تفریحی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK