Updated: November 09, 2026, 4:05 PM IST
| New Delhi
ہندوستان میں جلاوطنی اختیار کیے ہوئے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ڈھاکہ واپسی کے لیے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی سفارتی مشن سے نیا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ ان کے وکلا نے دستاویزات جلد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ حسینہ دسمبر میں وطن لوٹ کر عدالت کے سامنے خود کو پیش کرنے کا ارادہ ظاہر کرچکی ہیں، تاہم بنگلہ دیشی حکومت انہیں ہندوستان سے حوالگی کے معاہدے کے تحت واپس لانے پر اصرار کر رہی ہے۔
شیخ حسینہ۔ تصویر: آئی این این
بنگلہ دیش کی معزول سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے تقریباً دو سال بعد وطن واپسی کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ (National Identity Card) کے اجرا کی درخواست دی ہے۔ لندن میں قائم قانونی فرم میٹرکس چیمبرز (Matrix Chambers) سے وابستہ ان کے وکلا نے ۹؍نومبر ۲۰۲۶ء کو نئی دہلی میں بنگلہ دیشی سفارت خانے کی قائم مقام ہائی کمشنر پریتی رحمان کو خط لکھ کر دستاویزات جلد جاری کرنے کی کارروائی شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق، یہ ۵؍ اگست ۲۰۲۴ء کو بنگلہ دیش چھوڑنے کے بعد حسینہ کی جانب سے اس نوعیت کا پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔ خط میں وکلا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حسینہ کے سابقہ بنگلہ دیشی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کو عبوری حکومت اور متعلقہ حکام نے منسوخ کردیا تھا، اس لیے ان کی بنگلہ دیشی شہریت کی بنیاد پر نئی دستاویزات جاری کی جائیں۔ خط میں لکھا گیا ہے، ’’موجودہ بنگلہ دیشی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کی مبینہ منسوخی کے پیش نظر، میں مؤدبانہ درخواست کرتا ہوں کہ ہماری موکلہ کے لیے نیا بنگلہ دیشی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔‘‘ وکلا نے درخواست پر جلد کارروائی کرنے اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت بنگلہ دیش کی ذمہ داریوں کا بھی حوالہ دیا ہے۔
حسینہ کے معاون ابو عبیدہ آرین نے اسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ دستاویزات کی درخواست ان کی وطن واپسی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق حسینہ ایک بنگلہ دیشی شہری کی حیثیت سے اپنے بنیادی حقوق اور ضروری شناختی دستاویزات دوبارہ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم دسمبر تک بنگلہ دیش واپس آنے کے لیے پُرعزم ہیں اور ضروری رسمی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد واپسی کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ حسینہ اس سے قبل رائٹرز کو انٹرویو میں بتا چکی ہیں کہ وہ دسمبر میں وطن واپس آکر عدالت کے سامنے خود کو پیش کریں گی۔ تاہم حسینہ کی واپسی کا معاملہ محض سفری دستاویزات کے حصول تک محدود نہیں ہے۔ بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت انہیں ہندوستان سے حوالگی کے ذریعے واپس لانا چاہتی ہے۔ ڈھاکہ کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان حوالگی کا معاہدہ موجود ہے اور حسینہ کو اسی قانونی طریقۂ کار کے تحت بنگلہ دیش کے حوالے کیا جانا چاہیے۔ بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ حکومت حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ جاری رکھے گی۔ ان کا مؤقف ہے کہ جب ان کے خلاف عدالتی کارروائی اور گرفتاری کا معاملہ موجود ہے تو نئے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں، بلکہ حوالگی کے طریقۂ کار پر عمل ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف کارروائیاں، ۹؍ ہزار ۱۳۹؍ کو ان کے آبائی وطن بھیجا گیا
بنگلہ دیش کے وزیر قانون محمد اسدالزمان نے بھی کہا ہے کہ حسینہ کی واپسی کا معاملہ جذبات کے بجائے قانون کے مطابق طے کیا جائے گا۔ ان کے مطابق حکومت نے ہندوستان سے حوالگی کی درخواست کی ہوئی ہے اور اس پر وزارتِ داخلہ اور متعلقہ ادارے کارروائی کریں گے۔ دوسری جانب ہندوستان اب تک انہیں بنگلہ دیش کے حوالے کرنے سے گریز کرتا رہا ہے۔ اس طرح حسینہ کے وکلا کی جانب سے براہِ راست پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست نے واپسی کے معاملے میں ایک نیا قانونی اور سفارتی پہلو پیدا کردیا ہے۔ یاد رہے کہ شیخ حسینہ ۵؍ اگست ۲۰۲۴ء کو طلبہ کی قیادت میں شروع ہونے والی ملک گیر تحریک اور شدید احتجاج کے بعد اقتدار سے محروم ہوگئی تھیں۔ تقریباً دو دہائیوں تک مختلف ادوار میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم رہنے والی حسینہ کو فوج نے ملک سے نکال کر ہندوستان پہنچایا تھا، جہاں وہ اس کے بعد سے مقیم ہیں۔ ان کے خلاف احتجاجی تحریک کے دوران مظاہرین پر کارروائی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات لگائے گئے تھے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس دوران تقریباً ۱۴۰۰؍ افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوئے۔
نومبر ۲۰۲۵ء میں بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں انسانیت کے خلاف جرائم کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی تھی۔ عدالت کے مطابق ۲۰۲۴ء کی طلبہ تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف مہلک کارروائیوں کے احکامات دینے کی ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے۔ حسینہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور عدالت کے فیصلے کو بھی مسترد کرتے ہوئے مقدمے کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھائے ہیں۔ ان کی وطن واپسی کی صورت میں انہیں اسی عدالتی فیصلے اور دیگر قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ (Awami League) بھی ان کے اقتدار سے ہٹنے کے بعد شدید سیاسی مشکلات کا شکار ہے۔ کبھی بنگلہ دیش کی سب سے بڑی سیاسی جماعت رہنے والی عوامی لیگ کو ملک میں انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا اور اس پر پابندی عائد کردی گئی۔ جماعت کے متعدد رہنما گرفتار ہیں، جبکہ کئی ہندوستان اور دیگر ملکوں میں جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ فروری ۲۰۲۶ء کے انتخابات کے بعد طارق رحمان کی قیادت میں نئی حکومت قائم ہوئی، جس کے ساتھ عوامی لیگ اور سابق حکومت کے حامیوں کے سیاسی مستقبل کا سوال بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
حسینہ کی ممکنہ واپسی بنگلہ دیش کی داخلی سیاست کے ساتھ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے۔ ان کے ہندوستان میں قیام کے بعد دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی اور ڈھاکہ مسلسل ان کی حوالگی کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔ اگر وہ اپنی مرضی سے واپس آتی ہیں تو اس سے ایک طرف عدالتی کارروائی کا نیا مرحلہ شروع ہوگا، دوسری جانب ملک میں سیاسی تقسیم اور عوامی ردعمل بھی شدت اختیار کرسکتا ہے۔ بعض مبصرین کے نزدیک اس معاملے کا کوئی واضح حل دونوں ملکوں کے تعلقات میں پیدا ہونے والی تلخی کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے، لیکن فی الحال نہ نئی دستاویزات کے اجرا کی منظوری سامنے آئی ہے اور نہ ہی دسمبر میں واپسی کی کوئی حتمی تاریخ طے ہوئی ہے۔