Inquilab Logo

نائر اسپتال کا آپریشن تھیٹر بند ہونے سے مریضوں کو دشواریاں

Updated: February 03, 2023, 9:24 AM IST | saadat khan | Mumbai

ایم آر آئی ، سی ٹی اسکین اور ریڈیئشن ڈپارٹمنٹ کےبعد آرتھوپیڈک آپریشن تھیٹرتزئین کاری کیلئے بند کردیا گیا۔ ۱۰؍ دن میں کام مکمل کرنےکا اعلان کیا گیا تھا لیکن ۲۵؍دن بعد بھی کام شروع نہیںہوا

Nair Hospital, where the orthopedic operation theater is closed for renovations. (File Photo)
نائراسپتال جہاںآرتھوپیڈک آپریشن تھیٹر تزئین کاری کی وجہ سے بند ہے۔(فائل فوٹو)

 نائر اسپتال میںایم آر آئی ، سی ٹی اسکین اور ریڈیئشن ڈپارٹمنٹ کےبعد آرتھوپیڈک آپریشن تھیٹر بند ہونے سے ہڈیوں کے امراض میں مبتلا افرادکو شدید دقتوںکا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ ۱۰؍ دن میں آپریشن تھیٹر کی تزئین کاری مکمل کرنےکا اعلان کیاگیاتھا لیکن ۲۵؍دن گزرجانے کے باوجود ابھی تک کام شروع نہیں کیا گیا ہے جس سے مریضوںکا آپریشن نہیں ہوپارہا ہے ۔ اسپتال کے ڈین اورآرتھو ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کے مطابق آپریشن تھیٹر میں ایئر کنڈیشن اور دیگر کام جاری ہے ، اس کےباوجود مریضوں کاایمرجنسی آپریشن کیاجارہاہے۔
  غیبی نگر ،بھیونڈی کی گلناز خان نے بتایاکہ ’’میرے بھائی عمران خان ( ۳۳) کی گرجانے سے کمرکی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ اس کا آپریشن کرنا ضروری ہے ۔ ہم نے بھیونڈی میں عمران کو دکھایاتھا لیکن وہاں کے اسپتال  انتظامیہ نے نائر اسپتال لے جانےکا مشورہ دیاتھا۔ ۱۵؍  دن پہلے ہم عمران کو نائر اسپتال لائے تھے۔یہاں کے ڈاکٹروںنے آپریشن تھیٹر بندہونے کی وجہ سے ہمیں ۱۵؍ دن بعد بلایا تھا۔ ڈاکٹروں کی ہدایت کےمطابق آج (جمعرات ) ہم آئے لیکن اب بھی آپریشن تھیٹر شروع نہیں ہواہے جس کی وجہ سے ہمیں دوبارہ بغیر علاج  کے  لوٹنا پڑرہا  ہے جس سے بڑی پریشانی ہورہی ہے ۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’علاج نہ ہونے سے میرے بھائی کو بڑی تکلیف ہورہی ہے جبکہ اسپتال والے کہہ رہےہیں کہ ابھی تزئین کا کام نہیں ہواہے۔ ایسے میں بھائی کا علاج کہاں اور کیسے کرایاجائے، سمجھ میں نہیں آرہا ہے ۔ ‘‘
  اس بارے میں میڈیکل سوشل ورکر شعیب ہاشمی نے بتایا کہ’’ نائر اسپتال میں بدنظمی کا سلسلہ  اسی طرح  جاری ہے۔سی ٹی اسکین اورایم آرآئی کی مشینیں بند ہونے سے مریضو ںکو باہرسے سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کروانے کیلئے کہا  جارہا تھا۔ ایم آر آئی کی مشین کچھ دن پہلے ہی ٹھیک ہوئی ہے ۔ اس لئے اب ایم آرآئی تو یہاں کیا جارہا ہے مگر مشینیںکم ہونے سے مریضوںکو کافی دنوںکےبعد کا اپائنٹمنٹ دیا جارہا ہے۔ اسپتال میں دوائوں کی قلت اور او پی ڈی میں طویل قطارمیں کھڑے رہنے  سے بھی مریض بیزار ہورہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ان پریشانیوں سے  ابھی راحت نہیں ملی تھی کہ آرتھوپیڈک آپریشن تھیٹر کو تزئین کاری کیلئے بند کردیا گیا۔ آپریشن تھیٹر میں ائیرکنڈیشن وغیرہ کا کام کرنا تھا جس کا ٹینڈر منظور ہوگیا ہے۔ آرتھوپیڈک ڈپارٹمنٹ نے کام شروع کرنے کیلئے اسپتال کے ڈین کو لیٹر دیاہےمگر میری اطلاع کے مطابق ابھی تک ڈین نے لیٹر پر دستخط نہیں کیاہے۔ اس لئے کام شروع نہیں ہوسکا ہے۔ ۱۰؍ د ن میں جس کام کو مکمل کرنے کی اطلاع دی گئی تھی ، وہ کام ۲۵؍ دن گزرجانے کے باوجود شروع نہیں ہو سکاہے جس سے ہڈیوں کے مریض جن کا آپریشن کیاجاناہے،  وہ سخت پریشان ہیں۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’ممبئی اور بھیونڈی کے متعدد مریضوںکو میں جانتا ہوں جو آپریشن کیلئے آرہےہیں مگر آپریشن تھیٹر بند ہونے سے ان کا علاج نہیں ہوپارہا ہے۔ بالخصو ص بھیونڈی سے آنے والے مریضوںکوزیادہ تکلیف ہورہی ہے ۔ غریب مریض لوکل ٹرین اور بسوں سے گھنٹوں سفر کرکے آتے ہیںمگر یہاں آکر انہیں مایوسی ہورہی ہے۔  اسپتال انتظامیہ بڑی لاپروائی کا مظاہرہ کررہا ہے ۔‘‘
  اس تعلق سے نائر اسپتال کے ڈین ڈاکٹر راٹھی سے استفسار کرنے پر انہوںنے کہاکہ ’’ آرتھوپیڈک آپریشن تھیٹر تزئین کاری کیلئے بند ہےمگر ایسے مریض جن کا آپریشن کیاجانا ضروری ہے ، ان کا آپریشن کیا جارہاہے۔ تزئین کا کام جاری ہونے سے عام مریضوںکو کام پورا ہونےکے بعد آنےکیلئے کہاجارہاہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اس کا کام کہاں تک پہنچا ہے،  یہ جاننے کیلئے آپ ڈپارٹمنٹ کے سینئر ڈاکٹر کھنڈیلوال سے رابطہ کرلیں ۔‘‘ یہ کہہ کرانہوںنے فون منقطع کردیا۔
  ڈاکٹر کھنڈیلوال سے جب گفتگو کی گئی تو انہوںنے کہاکہ ’’کام مکمل ہوگیاہے اور آپریشن کیا جا رہاہے ۔‘‘  مذکورہ مریض کی نشاندہی کرنے پھر انہوںنے کہاکہ  مریضوں کاایمرجنسی آپریشن جاری ہے ۔ عام مریضوں کا بھی جلد ہی آپریشن کیاجائے گا ۔‘‘ یہ کہہ کر وہ بات ٹالنے لگے اورچیف میڈیکل آفیسر سے گفتگو کرنےکو کہا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK