• Wed, 05 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ظہران ممدانی کا ٹرمپ کو چیلنج، نہرو کے الفاظ دہرائے، بالی ووڈ نے مبارکباد پیش کی

Updated: November 05, 2025, 9:37 PM IST | New York

ظہران ممدانی نے اپنی فتح کی تقریر میں امریکی صدر کو براہ راست چیلنج کیا، ساتھ ہی جواہر لعل نہرو کے تاریخی الفاظ دہرائے، دوسری جانب بالی ووڈ نغمہ ’’ دھوم مچالے‘‘کے ساتھ اپنی تقریر مکمل کی، ممدانی کی فتح پر متعدد بالی ووڈ ہستیوں نے مبارک باد پیش کی، ان سب کے درمیان ممدانی کی والدہ میرا نائر کی مبارکباد سوشل میڈیا پرخاصی توجہ کا مرکز بن گئی۔

Zahran Mamdani addressing his supporters after the victory. Photo: INN
ظہران ممدانی فتح کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

نیو یارک شہر کے مئیر انتخاب میں ہند نژاد مسلم امیدوار ظہران ممدانی نے سہ طرفہ مقابلے میں فتح حاصل کرکے تاریخ رقم کردی ہے۔ وہ نیو یارک کے پہلے مسلم مئیر بنے۔ انتخاب میں فتح حاصل کرنے کے بعد اپنے حامیوں کے درمیان انہوں نے تقریر کی جس میں براہ راست ٹرمپ کو مخاطب کیا۔ واضح رہے کہ حالیہ وقتوں میں ٹرمپ نے تارکین وطن کے خلاف جارحانہ اقدامات کئے ہیں، ظہران نے فخر سے کہا کہ وہ تارکین وطن ہیں۔  انہوں نے کہا، ’’نیویارک تارکین وطن کا شہر رہے گا، تارکین وطن کے ہاتھوں بسا شہر، تارکین وطن سے چلنے والا شہر، اور آج کی رات سے، ایک تارک وطن کے زیر قیادت شہر۔‘‘اس کے علاوہ انہوں نے اپنی مسلم شناخت پر بھی فخر کا اظہار کیا۔

ممدانی نے اپنی تقریر میں جواہر لعل نہرو کے مشہورخطاب ’’ ٹرسٹ ود  ڈیسٹنی‘‘ کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا، ’’ایک ایسا لمحہ آتا ہے، جو تاریخ میں بہت ہی کم آتا ہے، جب ہم پرانے سے نئے میں قدم رکھتے ہیں، جب ایک دور ختم ہوتا ہے، اور جب ایک قوم کی روح، جو طویل عرصے سے دبائی گئی ہو، اظہار کی آزادی حاصل کرتی ہے۔‘‘بعد ازاں ڈونالڈ ٹرمپ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا، ’’ تو آغاز ہو چکا ہے۔‘‘انہوں نے نیویارک شہر کو قابل برداشت اور قابل رسائی بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے، اس فتح کو جرأت مند قیادت کے نئے دور اور امریکہ کی سیاسی تاریکی میں روشنی قرار دیا۔انہوں نے تبدیلی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا، ’’نیویارک، آج رات آپ نے تبدیلی کے لیے واضح مینڈیٹ دیا ، میں ہر صبح ایک مقصد کے ساتھ اٹھوں گا:’’ اس شہر کو کل سے بہتر بنانا۔‘‘

ظہران کی والدہ میرا نائر جو بالی ووڈ کی چند مشہور فلموں کی خالق ہیں، اپنے بیٹے کی فتح پر خوشی کا اظہار کیا، اس سے قبل انہوں نے ظہران کی انتخابی مہم میں سرگرمی سےحصہ لیا تھا اورنیو یارک کی تمام ماؤں سے ظہران کو ووٹ دے کر ماں کی طاقت کا اظہار کرنے کی اپیل کی تھی۔ ممدانی کی فتح کے بعد میرا نائر نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ میری خواہش ہے کہ میں آج رات ماؤں کی اس ناقابل یقین برادری کے ساتھ جشن مناؤں، وہ مائیں جو نہ صرف اپنے خاندانوں کا بلکہ اپنے اطراف کی دنیا کا خیال رکھتی ہیں۔ ظہران بالکل اسی جذبے سے سرشار ہے۔ اصولی، نڈر، سب کے لیے وقار کےنصب العین  کے ساتھ۔ میں نے اسے بڑھتے ہوئے،  سنتے ہوئے، رہنمائی کرتے دیکھا ہے، اور یہ نہیں کہ میں طرفدار ہوں- اس کی ایسی قیادت ہے جس کی ہمیں دنیا میں ضرورت ہے۔ ہمدردی اور انصاف پر مبنی نہ کہ طاقت یا استحصال پر۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ہند نژاد آفتاب پوریوال سنسیناٹی کے میئر منتخب، نائب صدر کے بھائی کو شکست دی

ظہران کی کامیابی پر بالی ووڈ نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے، اور ،متعدد بالی ووڈ ہستیوں نے ظہران کو مبارکباد پیش کی ہے۔ان میں زویا اختر، بنسل مہتا، سونم کپور، علی فضل اور تلوتما شومے، شامل ہیں۔زویا اختر نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر لکھا، ’’ظہران... واہ کیا بات ہے۔۔‘‘ اس کے ساتھ ایک ایموجی شئیر کرتے ہوئے لکھا ’’یہ آپ کے لیے ہے۔‘‘ بنسل مہتا نے ایکس پر ایک ٹویٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’ ظہران ممدانی کی فتح، محض ایک سیاسی واقعہ نہیں ہے، یہ ایک اخلاقی لمحہ ہے۔ ایسے وقت میں جب منافقت ایک ڈیفالٹ رویہ محسوس ہوتی ہے اور ہمدردی اکثر کمزوری لگتی ہے، ان کی فتح اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ شائستگی، ہمدردی اور عزم اب بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ میرے نزدیک ممدانی آزاد خیالی کی بہترین نمائندگی کرتے ہیں - کثیر، جامع، جو انصاف، مساوات اور بھائی چارے میں پیوست ہیں۔‘‘اس کے علاوہ سونم کپور، علی فضل اور تلوتما شومے نے بھی ممدانی کو مبارک باد دینے کے لیے پوسٹس شیئر کیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK