Inquilab Logo

سائن بریج منہدم ہونے سے بڑی گاڑیوں کا ۲؍سے ۳؍کلو میٹر کا سفر بڑھ جائیگا

Updated: January 16, 2024, 9:34 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

دھاراوی صنعت قریب ہونے اور پتلی متبادل سڑکوں کی وجہ سے یہاں آنے والی ہر گاڑی ٹریفک جام سے متاثر ہوسکتی ہے:ڈی سی پی۔

Sign Bridge which will be demolished and rebuilt. Photo: Satij Shinde
سائن بریج جسےمنہدم کرکے از سر نو تعمیر کیا جائےگا۔ تصویر:ستیج شندے

 شہر کی اہم اور مصروف سڑکوں میں شمار ہونے والے سائن بریج کی از سر نو تعمیر کیلئے بی ایم سی نے اسے منہدم کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن دھاراوی جیسی صنعت کے اس راستے کے قریب موجود ہونے اور اہم سڑکوں کو جوڑنے والے اس بریج کے منہدم ہونے سے ٹریفک کا ایک بڑا مسئلہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اگرچہ محکمہ ٹریفک نے چند متبادل سڑکوں کو نشان زد کیا ہے لیکن ایک اندازے کے مطابق بڑی گاڑیوں کو اس بریج کی عدم دستیابی کی وجہ سے ۲؍سے ۳؍کلو میٹر زائد سفر کرنا پڑے گا اور پتلی متبادل سڑکوں کی وجہ سے یہاں سے گزرنے والی ہر قسم کی گاڑی ٹریفک جام سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے گی۔
واضح رہے کہ ایسے نازک وقت میں جب سائن بریج کو منہدم کرنے کا فیصلہ ہوچکا ہے اور اس کی وجہ سے ٹریفک کا بڑا مسئلہ پیدا ہونے کا قوی خدشہ ہے ٹریفک کے اس زون میں کوئی ڈی سی پی نہیں ہے۔ اس زون کا زائد چارج سینٹرل زون کے ڈی سی پی راجو بھجبل کو سونپا گیا ہے۔ 
 ڈی سی پی راجو بھجبل نے اس نمائندے سے اپنے دفتر میں گفتگو کے دوران کہا کہ سائن بریج کے انہدام پر جو متبادل راستے طے کئے گئے ہیں اس منصوبے کو اب تک منظوری نہیں ملی ہے جس کی وجہ سے انہیں حتمی تسلیم نہیں کیا جاسکتا البتہ چونکہ انہیں منظوری کیلئے منتخب کیا گیا ہے اس لئے انہوں نے ان کی تفصیلات بتادیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر چھوٹی گاڑیوں کیلئے پرانے راستے سے گزرنے کی جگہ رکھی جائے گی لیکن بڑی گاڑیوں کو یہاں سے نہیں گزرنے دیا جائے گا اس لئے یہاں سے گزرنے والی بڑی گاڑیوں کو اپنی منزلوں پر پہنچنے کے لئے ۲ ؍سے ۳ ؍کلو میٹر زائد سفر کرنا ہوگا۔ 
 ڈی سی پی بھجبل کے مطابق ٹریفک کے مسائل کے پیش نظر محکمہ ٹریفک نے مقامی دکانداروں اور عوام سے گفتگو کرکے بیداری پیدا کرنی شروع کی ہے کہ وہ راستوں پر ناجائز قبضوں یا سامان رکھ کر رکاوٹیں پیدا کرنے سے گریز کریں تاکہ گاڑیوں کی آمد و رفت میں سہولت ہو۔ 
 واضح رہے کہ جن متبادل راستوں کی ڈی سی پی بھجبل نے نشاندہی کی ہے ان پر یا تو پہلے ہی بہت زیادہ ٹریفک جام رہتا ہے یا پھر بریج کے انہدام سے ٹریفک کا بوجھ بڑھنے کی وجہ سے ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہو جائے گا۔ 
متبادل راستے
۱) ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر روڈ سے جنوب کی طرف جانے والی گاڑیوں کو ایل بی ایس روڈ سے دھاراوی کے وائی جنکشن سے ہوتےہوئے دھاراوی ٹی جنکشن اور پھر سائن اسپتال کے جنکشن سے ہوتے ہوئے مین روڈ پر پہنچنا ہوگا۔ ۲) دھاراوی میں کچرا پٹی جنکشن کہلانے والے راستے سے باندرہ کی طرف جانے والوں کیلئے دھاراوی ڈپو روڈ سے دھاراوی وائے جنکشن، پھر دھاراوی ٹی جنکشن اور پھر وہاں سے سائن باندرہ لنک روڈ سے ہوتے ہوئے باندرہ جانا ہوگا۔
 ۳) ایک دیگر راستہ ڈاکٹر بی اے روڈ سے سائن اسپتال جاکر وہاں سے ۶۰؍ فٹ روڈ اور پھر کمبھار واڑہ سے گزرتے ہوئے آگے جانا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK