۱۴؍دن کی عدالتی حراست میں بھیجے گئے، مکامہ سے امیدوار ہیں، نتیش کے نہایت قریبی بھی ہیں
باہو بلی لیڈر اننت سنگھ۔ تصویر: آئی این این
دلار چند یادو قتل کے معاملہ میں مکامہ سے جے ڈی یو امیدوار اور شہ زوراننت سنگھ سمیت تین افراد کو گزشتہ شب دیر رات گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتاری کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اننت سنگھ کو ۱۴؍دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ حیرت انگیز بات یہ رہی کہ پولیس نے اننت سنگھ کے ریما نڈ کا مطالبہ ہی نہیں کیا جس پر عدالت نے بھی حیرت کا اظہار کیا لیکن پھر اسے عدالتی حراست میں روانہ کردیا گیا۔ یاد رہے کہ اننت سنگھ اتوار کو ایم پی ایم ایل اے عدالت میں پیش کیا گیا تھا ۔واضح رہے کہ جن سوراج پارٹی کے حامی دلار چند یادو کا۳۰؍ اکتوبر کو سنسنی خیز انداز میں قتل کر دیا گیا تھا۔اس کے بعد سنیچر کی دیر رات پٹنہ پولیس نے اننت سنگھ کو اس کے گھر سے گرفتار کیا ۔
اس سلسلے میںبہار کے ڈی جی پی ونئےکمار نے کہاکہ دلار چند یادو قتل کیس کی تفتیش جاری ہے۔ چشم دید گواہ کم ہیں لیکن پولیس ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے۔ کرائم سین کو حقیقت سے پردہ اٹھانے کیلئے دوبارہ تیار کیاگیا ہے۔ مقتول کو ٹانگ میں گولی مارنے کے لئے استعمال ہونے والا ہتھیار ابھی تک نہیں ملاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویڈیو فوٹیج کی مدد سے مزید مشتبہ افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔
دریں اثناء چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے اتوار کو واضح طور پر کہا کہ الیکشن کمیشن کی تشدد کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘ کی پالیسی ہے ۔ کسی بھی پرتشدد واقعہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گیانیش کمار نے بہار کے ووٹروں کو یقین دلایا کہ بڑی تعداد میں پولیس افسران، ریٹرننگ افسران اور ضلع اہلکار منصفانہ اور پرامن انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ کمیشن اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ووٹر بلاخوف اپنا ووٹ ڈال سکیں۔