Inquilab Logo

اندا پور میں کنویں کی کھدائی کے دوران ، ۴؍ مزدور مٹی تلے دب گئے

Updated: August 03, 2023, 12:38 PM IST | pune

رات تک کسی کو خبر ہی نہیں ہوئی کہ کوئی حادثہ پیش آیا ہے ، گائوں والے انہیں ڈھونڈتے ہوئے پہنچے تو حادثے کا علم ہوا

An NDRF team is trying to trace the four (Agency).
این ڈی آر ایف کی ٹیم چاروں کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے ( ایجنسی)

یہاں کنویں کی کھدائی کے دوران  ۴؍ مزدوروں کے مٹی تلے دب جانے کی خبر ہے۔ منگل کی شام پیش آئے اس واقعے کا اندازہ لوگوں کو رات میں ہوا اور بدھ کو خبر لکھے جانے تک ان چاروں  مزدوروںکو ملبے سے نکالا نہیں جا سکا تھا۔ 
اطلاع کے مطابق پونے ضلع کے ا ندا پور  تعلقے میں مہسوبائوڑی نامی گائوں میں کنواں کھودنےکا کام چل رہا تھا۔ اس کیلئے کنویں کی گہرائی میں رِنگ مارنے کا کام جاری تھا۔ سومناتھ لکشمن گائیکواڑ (۳۲) ، جاوید اکبر(۳۰) پرشرام بنسی لال(۳۰)، اور منوج ماروتی(۴۰) نامی چار مزدور رنگ مارنے کا کام کر رہے تھے ۔  اس دوران کھودے گئے کنویں کے اوپری حصہ سے مٹی اور کنویں کا سلیب کھسک کر ان چاروں پر گر پڑا۔ چاروں اسی ملبے میں دب گئے۔ لیکن اس حادثے کی اطلاع کسی کو نہیں ملی۔
ان چاروں کا تعلق بیل واڑی گائوں سے تھا۔ روزانہ یہاں ۱۱؍ مزدور کام کیا کرتے تھے جن میں سے منگل کو ۷؍ کام پر نہیں آئے تھے وہ کسی مندر کے درشن کیلئے گئے تھے۔ یہ چاروں بھی یہ کہہ گھر سے نکلے تھے کہ دوپہر تک کا ہی کام ہے وہ جلد آجائیں گے۔   جب یہ چاروں رات تک بھی  میں اپنے اپنے گھر نہیں پہنچے تو لوگ انہیں ڈھونڈنے نکلے۔ کہیں کوئی سراغ نہ ملنے پر لوگوں کو اس جگہ کا خیال آیا جہاںوہ کام کر رہے  تھے۔ گائوں والے زیر تعمیر کنویں کے پاس پہنچے تو  وہ چاروں دکھائی نہیں دیئے لیکن ان کی گاڑیاں ( موٹر بائیک وغیرہ) وہاں کھڑی دکھائی دیں۔  ان کے موبائل بھی سوئچ آف بتا رہے تھے۔ موقع کا جائزہ لینے پر گائوں والوں کو مٹی کے نیچے گرنے اور ان چاروں  کے اس میں دبے ہونےکا اندازہ ہوا۔ 
اس کے بعد جے سی بی اور پوکلین مشین کی مدد سے مٹی ہٹانےکا کام شروع کیا گیا۔ مقامی رکن اسمبلی دتاتریہ بھرنے، تحصیل دار شری کانت پاٹل ، سب ڈیویژنل پو لیس افسر گنیش انگلے، کو اس کی اطلاع دی گئی جس کے بعد این ڈی آر ایف کی ٹیم اس مقام پر بھیجی گئی۔  مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ کنویں کی یہ کھدائی غیر قانونی طریقے سے ہو رہی ہے۔ اس لئے ٹھیکیدار اور مالک کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس تعلق سے تحصیلدار کے پاس شکایت درج کروائی گئی ہے ۔  خبر لکھے جانے تک ان چاروں کو باہر نکالے جانے کی اطلاع نہیں ملی تھی۔  البتہ اس دوران عوامی نمائندے گائوںپہنچے ہیں اور انہوں نے  چاروں مزدوروں  کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے انہیں  تسلی دی ہے  ۔گھر والوں کا رو رو کر برا حال ہے۔ اب تک مٹی میں ان کا کوئی پتہ نہیں چلاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK