• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لیٹ لطیف

Updated: November 09, 2026, 2:07 PM IST | Syed Asad Tabish | Barsi Takli, Akola

لیٹ لطیف دو لفظوں کی ایک ترکیب ہےجو چل پڑی ہے۔ لیٹ انگلش کا لفظ ہے جبکہ لطیف کی لطافت چیخ چیخ کر کہہ رہی ہے کہ یہ اردو لفظ ہے۔ کوئی بھی ترکیب ایسے ہی نہیں گڑھ لی جاتی ہے بلکہ اس کے پیچھے بہت ہی معنی خیز حقائق ہوتے ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

لیٹ لطیف دو لفظوں کی ایک ترکیب ہےجو چل پڑی ہے۔ لیٹ انگلش کا لفظ ہے جبکہ لطیف کی لطافت چیخ چیخ کر کہہ رہی ہے کہ یہ اردو لفظ ہے۔ کوئی بھی ترکیب ایسے ہی نہیں گڑھ لی جاتی ہے بلکہ اس کے پیچھے بہت ہی معنی خیز حقائق ہوتے ہیں۔ انگلش اور اردو کے امتزاج میں ایک پہلو تو یہ ہے کہ یہ لقب نئے زمانے کے ایسے لوگوں کیلئے مستعمل ہےجو ہر کام میں تاخیر اور دیری کرتے ہیں مگر ہم یہاں اس لفظ کی کوئی تحقیق آپ کو نہیں بتانا چاہتے بلکہ ہمارے ایک دوست جنھیں ہم لیٹ لطیف کہتے تھے اس ترکیب سے ان کی مشابہت ضرور بتانا چاہتے ہیں۔ دراصل ہمارے بچپن کے دوست منتظر بیگ، جنھیں ہم لیٹ لطیف کہتے ہیں بڑے کمال کے ہیں۔ وہ اسکول سے کالج پھر ڈگری کالج تک پہنچے مگر اپنی دیری سے آنے کی   عادت برقرار رکھی۔ ہم تو اب سوچتے ہیں تو حیرت ہوتی ہے کہ منتظر آخر اتنی اعلیٰ تعلیم کے مراحل کیسے طے کر پائے۔ وہ اسکول میں ہمیشہ دیر سے آتے۔کبھی دعا میں حاضر نہیں رہے، بلکہ پہلے پریڈ میں بھی اس وقت آتے تھے جب استادہوم ورک نہیں لانے والے طلباء کی سرزش کر چکے ہوتے۔منتظر بیگ دیر سے تو ہمیشہ آتے ہی تھے مگر ان کے چہرے پر کبھی ندامت و پشیمانی نہیں ہوتی۔ باہر کھڑے ہو کر جماعت میں آنے کی اجازت اتنے اطمینان سے طلب کرتے جیسے تایا ابا سے مٹھائی کے لیے پیسے مانگ رہے ہوں۔ استاد جب ان کے چہرے کا اطمینان دیکھتے تو خود ہی غصہ پی کر رہ جاتے اور بڑبڑاتے ہوئے کہتے....ہاں.... آجاؤ اپنے دادا جان کا ہی اسکول ہے۔

ان باتوں سے وہ خجل ہونے  کے بجائے اس طرح ہمیں دیکھتے جیسے ہمیں یہ راز کہ اسکول ان کے دادا جان کی ہے، آج ہی معلوم ہوا۔ استاد نے ہی انھیں دیر سے اسکول آنے کے سبب یہ لقب دیا تھا جو آج بھی جوں کا توں ہے۔ حالانکہ دنیا میں کتنی تیزی سے چیزیں اور حالات بدل گئے ہیں مگر ہمارے دوست لیٹ لطیف اور ان کی عادت آج بھی ویسی ہی ہے۔ وہ کہاں کہاں اپنی لیٹ لطیفی کو ثبت کرچکے ہیں ،اس کے کچھ نمونے ملاحظہ کریں۔

یہ بھی پڑھئے: پانچ دس نہیں، اقبال ؔکی بہت سی نظمیں معرکۃ الآراء ہیں

ایک بار کا ذکر ہے، ہم   ریلوے اسٹیشن پرمنتظر بیگ کے منتظر تھے کہ کوکن کے ساحل   دیکھنے جانے کا پروگرام تھا۔ ہم آکولہ ریلوے اسٹیشن پر کھڑے پہلی بار ٹرین کے لیٹ ہونے کی دعا کررہے تھےکیوں کہ منتظر بیگ اب تک نہیں پہنچے تھے۔ گھڑی کی سوئیاں آگے بڑھ رہی تھیں اور پلیٹ فارم عازمین سفر سے پر ہو رہا تھا۔ اسٹیشن پر اناؤنسمنٹ شروع ہوگئے تھے۔ ہم اتنی چہل پہل اور شور شرابے میں بھی خود کو تنہا محسوس کر رہے تھے کہ لیٹ لطیف اب تک نہیں آئے تھے۔ جیسے جیسے ٹرین کے آنے کا وقت قریب آرہا تھا دل کی دھڑکن تیز ہورہی تھی۔ دو دوست اور بھی تھے جن کی نظریں منتظر بیگ کو ایسے تلاش کر رہی تھیں جیسے کوئی ماں اپنے اکلوتے بچے کے گم ہوجانے پر اسے تلاش کرتی ہے ۔ پلیٹ فارم پر شور تھا، چہل پہل تھی مگر ہمیں نہ کچھ سنائی دے رہا تھا نہ کسی سے ٹکرانے کا احساس ہورہا تھا کہ سر تا پا فراق و ہجر کی تصویر بنے ہوئے تھے۔ ٹرین آئی بھی اور چلی بھی گئی۔ لیٹ لطیف کو نہ آنا تھا نہ آئے۔ بچپن میں سنا ہوا گیت ’’دیر نہ ہو جائے کہیں دیر نہ ہو جائے‘‘دیر سے ذہن میں گونج رہا تھا۔ لیٹ لطیف نے سفر پر جانے کا پورا پروگرام چوپٹ کر دیا تھا۔ ایسے ہی لوگوں کے لیے ایسے موقعوں پر اندرون مہاراشٹر ایک لقب بہت عام ہے’’ آوت پاڑیا‘‘  یعنی ضروری کام میں بھی تاخیر کرنے والا۔ جب ہمارا دل بجھ گیا اور پلیٹ فارم سنسان ہوگیا تو خس کی خوشبو سے معطر منتظر بیگ سیڑھیوں سے نمودار ہوئے۔ ہاتھوں میں نارنگی رنگ کی ٹھنڈے شربت کی بوتل تھی اور چہرہ طلوع آفتاب کے سورج کی طرح روشن و چمک دار۔ انھوں نے باری باری تینوں دوستوں پر نظر دوڑائی، پھر پلیٹ فارم کی خاموشی کو سمجھا اور ٹیبل پر بیٹھتے ہوئے گویا ہوئے ’’ساری زندگی ہم ان ریل گاڑیوں کا انتظار کرتے رہے، کیا ایک دن یہ ہمارا انتظار نہیں کر سکتی تھی۔فکر مت کرو ہم اگلی ٹرین سے جائیں گے۔ اب ہم میں اتنی سکت نہیں تھی کہ ان سے بحث کرتے اور انھیں سمجھاتے کہ ٹکٹ اسی گاڑی کا تھا جو تمہارا انتظار نہیں کر سکی۔

یہ بھی پڑھئے: کسی اَدب کا اپنی سماعی روایت سے رشتہ منقطع ہوجائے، یہ کوئی چھوٹا سانحہ نہیں ہے

دوسرا واقعہ تو لیٹ لطیف کے عقد کا ہے۔ ہمارے شہر میں عقد طے شدہ وقت پر کرائے جانے کارواج تھا۔ لیٹ لطیف عقد سے پہلے بالکل سادے لباس میں ادھر ادھر گھوم رہے تھے اور مہمانوں سے مصافحہ کر رہے تھے۔ ایک بزرگ نے کہا بھئی دولہے میاں ملنا ملانا بعد میں کر لینا، پہلے تیار ہوجاؤ۔‘‘ لیٹ لطیف کے چہرے پر ایک شرارتی تاثرآیا، کہا ’’تیار ہونے میں وقت ہی کیا لگتا ہے۔ گھر آئے مہمانوں سے پہلے مل لوں، اس کے بعد عقد کے لئے آپ کے پیچھے پیچھے چل پڑیں گے۔‘‘ بزرگ نے کہا  ٹھیک ہے ٹھیک ہے اور چپ ہو لئے۔ لیٹ لطیف کے دوست اب سمجھ گئے تھے کہ یہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آنے والے۔ اس لیے خود بن ٹھن کر کرسیوں پر بیٹھ گئے۔ لیٹ لطیف بھی ان کے ساتھ ادھر ادھر کی باتوں میں مصروف ہو گئے۔ عقد کا وقت صبح گیارہ بجے کا  تھا۔ لیٹ لطیف ساڑھے گیارہ بجے یہ کہہ کر غسل خانے گئے کہ تیار ہوکر آتا ہوں۔یہاں دوستوں نے نوشاہ کی تیاری کی کمان سنبھالی تو ایک ایک چیز کی دوڑ دھوپ کرنے لگے۔ جوتے ملتے تو جراب ندارد ،عطر ملتا تو روئی کے پھائے کے لیے چھید ی گدیوں کو تلاش کیا جاتا۔ خدا خدا کرکے لیٹ لطیف دولہا بنے تو مسجد میں عقد کے لیے پہنچے شرکاء کی تعداد بھی تاخیر کی نذر ہو چکی تھی۔ قاضی صاحب نے عقد سے پہلے تقریر شروع کی اور دل کاوہ  درد سنانا شروع کیا کہ کس طرح نوشاہ عقد میں تاخیر سے آکر اپنی اہمیت، عظمت اور بڑا پن منوانے لگے ہیں۔ عقد سادہ اور وقت مقررہ پر ہونا چاہئے۔ مولوی صاحب شعلہ بیانی پر اتر آتے اس سے پہلے ہی منتظر بیگ نے اپنی شیروانی کی باطنی (اندرونی) جیب کو ٹٹولا۔ وہ جیب ٹٹولتے جاتے اور مولوی صاحب کو دیکھتے جاتے۔جب جیب سے کڑکڑاتے نوٹ کی آوازیں مولوی صاحب نے سنیں تو سمجھے نوشاہ انھیں رشوت دے کر تقریر سے روک رہا ہے۔ وہ رشوت کے تصور سے ہی کانپ گئے اور تقریر کو سمیٹ کر عقد کا خطبہ پڑھانے لگے۔ آپ بھی سوچ رہے ہوں گے کہ لیٹ لطیف ہمارے دوست ہیں اس کے باوجود ہم ان کی برائی کرنے لگے ہیں تو صاحبو عرض یہ کرنا ہے کہ لیٹ لطیف نے بھی ہمیں اپنی عادت سے بہت ستایا ہے اور یہ باتیں ہم ان کے سامنے بھی کہہ سکتے ہیں۔

خیر دوست کی ایک خوبی تو سنتے جائیے۔ ہمارے لیٹ لطیف دوست کی خوبی یہ ہے کہ وہ اپنے کسی عزیز کو پریشانی میں دیکھتے ہیں تو سب سے پہلے پہنچ کر اس کے کام آتے ہیں، مدد کرتے ہیں بلکہ دوستوں کے ہاں کسی کا انتقال ہوجائے تو ہمارے یہی لیٹ لطیف سب سے پہلے پہنچ کر انتظامات میں مگن ہوجاتے ہیں۔ دکھ اور غم کے مواقع پر لیٹ لطیف منتظر بیگ نے کبھی انتظار نہیں کروایا۔ میت کے گھر ان کے پرسکون چہرے اور نپے تلے تعزیاتی جملوں سے سوگوار کی ڈھارس بندھ جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK