• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پولینڈ کے کراکوف میں فائرنگ، ۶؍افراد ہلاک، ۱۵؍سے زائد افراد زخمی

Updated: November 09, 2026, 1:55 PM IST | Agency | Warsaw

پورے کراکوف میں ہتھیاروں سے لیس پولیس فورس تعینات، دارالحکومت وارسا اور دیگر مقامات پر بھی سخت حفاظتی انتظامات، کراکوف میں۱۱؍ نومبر تک سوگ کا اعلان۔

Security personnel at the scene following the firing. Photo: AP/PTI
فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ پر سیکوریٹی اہلکار۔ تصویر: اےپی /پی ٹی آئی

پولینڈ کے کراکوف میں دائیں بازو کی انتہا پسندانہ سوچ سے متاثر سمجھے جانے والے ایک مسلح شخص نےسنیچر کو۶؍ افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اس حملے میں۱۵؍سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ سنیچر کی دوپہر حملہ آور گاڑی میں سوار ہو کر کراکوف کے مین مارکیٹ اسکوائر پہنچا اور لوگوں پر اندھا دھند گولیاں چلادیں۔اس واقعے میں۴؍ خواتین اور۲؍ مرد ہلاک ہو گئے۔ ان میں سے۳؍ پولینڈ  اور ایک برطانوی شہری تھا۔ خبر لکھے جانے تک دیگر ۲؍افراد کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ زخمی ہونے والے۱۶؍ افراد میں آسٹریا، جرمنی، پرتگال، روس اور برطانیہ کے۵؍غیرملکی شہری بھی شامل ہیں۔

پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونالڈ ٹسک نے بتایا کہ جب انسداد دہشت گردی پولیس نے مشتبہ شخص کے گھر کی تلاشی لی جو جائے وقوعہ سے تقریباً۱۲۵؍ میل (۲۰۰؍ کلومیٹر) دور ہےتو وہاں مزید۳؍ لاشیں ملیں۔اس واقعے کے بعد پورے کراکوف میں بڑے ہتھیاروں سے لیس پولیس فورس تعینات کر دی گئی جبکہ دارالحکومت وارسا اور دیگر مقامات پر بھی حفاظتی انتظامات سخت کر دئے گئے۔ کراکوف میں۱۱؍ نومبر تک سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔زخمیوں میں۲؍ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ مشتبہ شخص۲۵؍ سالہ پولینڈ کا شہری ہے  جو فوجی طرز کے ہتھیاروں اور لباس سے لیس تھا۔ اسے گرفتار کر لیا گیا ہے اور سرجری کے بعد وہ فی الحال اسپتال میں زیر علاج ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کینیا: بھوک سے ہلاکتوں کے ذمہ دار فرقے کے سربراہ کو۲؍سو سال قید کی سزا

برطانیہ کے وزیر اعظم اینڈی برنہم نے کہاکہ آج کراکوف میں ہونے والی اس بے رحمانہ فائرنگ سے میں صدمے میں ہوں اور مجھے گہرا دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا ہے، ساتھ ہی ہم ان تمام افرادکے ساتھ ہیں جو زخمی ہوئے ہیں یا اس تشدد سے متاثر ہوئے ہیں۔ برطانیہ، پولینڈ کے عوام کے ساتھ پوری یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق۰۰:۱۵؍ بجے (۰۰:۱۴؍جی ایم ٹی) سے کچھ دیر پہلے کراکوف کے تاریخی مرکز میں شروع ہوا جو طویل عرصے سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ ویڈیو فوٹیج میں حملہ آور کی گاڑی کو شہر کے درمیان سے تیز رفتاری سے گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ گولیوں کی آواز سن کر لوگوں کو وہاں سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔

حملے کے دوران دکانوں کے شیشے کے اگلے حصے گولیوں سے ٹوٹ گئے اور ایک ٹرام پر بھی فائرنگ کی گئی۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ تقریباً۳؍ منٹ تک جاری رہا۔ جائے وقوعہ کی تصاویر میں پلٹی ہوئی میزیں اور بکھرا ہوا سامان دکھائی دے رہا ہے جسے لوگ اپنی جان بچانے کے لئے بھاگتے وقت وہیں چھوڑ گئے تھے۔مشتبہ شخص کی گاڑی سے مزید ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کئے گئے ہیں۔پولینڈ کے وزیر داخلہ مارسن کیئروِنسکی نے کہاکہ تمام باتیں اسی جانب اشارہ کرتی ہیں کہ وہ شخص انتہائی دائیں بازو کے نظریات سے متاثر تھا اور اس کے خیالات انتہائی قوم پرستانہ تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK