• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رتناگیری کے دیہی علاقوں میں ضلع پریشد کے۴۰۰؍ اسکولوں میں طلبہ کی شدید کمی، ۱۳۱؍ضلع پریشد اسکول بند

Updated: November 09, 2026, 3:24 PM IST | Siraj Sheikh | Ratnagiri

ضلع پریشد اسکولوں میں سال گزشتہ داخلوں میں ۲۴؍ فیصد کی بھاری کمی درج کی گئی ۔تعلیمی تنظیم کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکول کو جاری رکھنے کیلئے طلبہ کی تعداد کی نئی پالیسی پر عمل اور اسکولوں کو بند کرنے سے ڈراپ آؤٹ میں اضافہ ہوگا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

خطہ کوکن کے ضلع رتناگیری میں سرکاری اسکولی تعلیمی نظام کے حوالے سے ایک انتہائی تشویشناک صورتحال سامنے آئی ہے۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران ضلع میں۱۳۱؍ ضلع پریشد اسکول مستقل طور پر بند ہو چکے ہیں اور مزید۴۰۰؍ سے زائد اسکولیں بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔طلبہ کی شدید کمی کی وجہ سے بند ہونے  والے اسکولوں کو قریبی اسکولوں میں ضم کر دیا جائے گا۔اس صورتحال پر مقامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کیونکہ اسکول بند ہونے سے دیہی اور دور دراز علاقوں کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے طویل فاصلہ طے کرنا پڑے گا۔

حکومت کی نئی پالیسی کے مطابق جن اسکولوں میں طلبہ کی تعداد محض ایک سے ۵؍ کے درمیان رہ گئی ہے انہیں بند کر کے قریبی تعلیمی اداروں کے ساتھ جوڑ دیا جائے گا۔اس ضمن میں ملنے والی  اطلاعات کے مطابق ضلع کی ضلع پریشد اسکولوں میں گزشتہ سال طلبہ کے اندراج (داخلوں) میں ۲۴؍ فیصد کی بھاری کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ تعلیم ضلع رتناگیری سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق ۲۲۔۲۰۲۱ء میں رتناگیری ضلع میں ضلع پریشد کے اسکولوں کی کل تعداد ۲؍ہزار۴۹۴؍ تھی، جن میں۷۳؍ہزار ۲۳۹؍ طلبہ زیر تعلیم تھے۔ تاہم، پانچ سال کے عرصے میں یعنی ۲۶۔۲۰۲۵ء تک اسکولوں کی تعداد گھٹ کر ۲؍ہزار۳۶۳؍ رہ گئی ہے، اور طلبہ کی تعداد بھی کم ہو کر محض۵۵؍ہزار۵۹۷؍پر آ گئی ہے۔ اس طرح پانچ سال میں تعلیمی نظام سے۱۷؍ہزار ۶۳۴؍ طلبہ کم ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: آئزن کوٹ کو دعوت، نیتن یاہو ہاتھ ملتے رہ گئے

آر ٹی ای کی سراسرخلاف ورزی ہے

اس ضمن میں اردو اساتذہ کی ایک تنظیم کے ذمہ دار ساجد نثار نے کہا حقِ تعلیم ایک بنیادی انسانی حق ہے جو دنیا بھر کے تمام بچوں کو بغیر کسی تفریق کے معیاری اور مفت تعلیم حاصل کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رتناگیری ضلع کے۴۰۰؍ اسکولوں کے بند ہونے یا ضم ہونے کی صورت میں دیہی اور دور دراز علاقوں کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کےلئے کئی کلومیٹر پیدل سفر کرنا پڑے گا۔اس سے طلبہ میں ڈراپ آؤٹ کی شرح میں اضافہ ہو گا۔اسکولوں کا بند ہونا یہ رائٹ ٹو ایجوکیشن کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے ریاستی حکومت کی ’’گاؤں وہاں اسکول‘‘ کی روایتی تعلیمی پالیسی کو شدید دھچکا پہنچےگا۔انہوں نے مقامی تنظیموں، جماعتوں، والدین اور ماہرینِ تعلیم  سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے اس فیصلے کی سخت مخالفت کریں تاکہ دیہی بچوں کا مستقبل متاثر نہ ہو۔کم تعداد کا جواز دے کرضلع پریشد اسکول بند نہ کئے جائیں۔

اسکولوں کے بند اور ضم ہونے کی وجوہات

ایک تو یہ کہ والدین اپنے بچوں کو جدید سہولیات، ڈیجیٹل تعلیم اور انگریزی زبان پر مہارت دلانے کیلئے پرائیویٹ اور انگلش میڈیم اسکولوں میں داخل کرانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔دوسری وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ رتناگیری ضلع کے دیہی علاقوں سے روزگار کے سلسلے میں خاندانوں کی بڑے پیمانے پر شہروں کی طرف منتقلی نے بھی دیہی اسکولوں میں طلبہ کی تعداد کو متاثر کیا ہے۔ دیہی علاقوں میں شرح پیدائش کا گراف بتدریج نیچے گرنا بھی ایک وجہ بتائی جا رہی ہے۔ ڈیجیٹل تعلیم اور جدید انفراسٹرکچر کی کمی کی وجہ سے سرکاری اسکول نجی اسکولوں کا مقابلہ کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں اسلئے بھی والدین نجی اسکولوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK