Inquilab Logo

افغانستان اور پاکستان میں زلزلے کے جھٹکے، ۱۹؍ افراد کی موت

Updated: March 23, 2023, 10:38 AM IST | Islamabad

افغانستان کےاکثر حصوںمیں زلزلے کے نتیجے میں ۱۰؍ افرا دلقمۂ اجل بن گئے اور ۵۰ سے زائد زخمی ہوگئے ، پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں  ۹؍ افراد ہلاک ہوگئے۔ ۲؍سو سے زائد افراد کو صدمے اور خوف کی وجہ سے اسپتال لے جانا پڑا ، ایک عینی شاہد کے مطابق زلزلہ بہت شدید اور خوفناک تھا، ہم نے سوچا کہ ہم پر مکانات گر رہے ہیں، لوگ چیخ رہے تھے اور صدمے میں تھے

Aid workers and locals gather outside a hospital in Swat. (AP/PTI)
سوات میں ایک اسپتال کے باہر امدادی کارکن اور مقامی افراد جمع ہیں۔ ( اےپی / پی ٹی آئی)

: پاکستان اور افغانستان کے مختلف حصوںمیں زلزلے کے جھٹکے محسو س کئے گئے جس کے نتیجے میں ۱۹؍ افراد لقمۂ اجل بن گئے جبکہ ۱۰۰؍ سے زائد  افراد زخمی ہوگئے۔   زلزلے کے نتیجے میںسیکڑوںافراد بے گھر بھی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق     پاکستان کے مختلف شہروں میں منگل کی  شب  آنے والے ۶ء۸؍ شدت کے زلزلے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا میں۹؍ افراد  ہلاک اور۵۶؍ زخمی  ہو گئے۔  بدھ کو خیبرپختونخوا کے  قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق ادارے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں۲۶ ؍گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔بیان کے مطابق راحت کاری  سیکریٹری عبدالباسط اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)قدرتی آفات سے نمٹنے کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں موجود ہیں۔منگل کی رات سے خیبر پختونخوا کے اسپتالوںمیں زخمیوں  علاج کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ 
  پاکستان  کے محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر ۶ء۸؍ محسوس کی گئی تھی۔زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا علاقہ تھا جس کی گہرائی ۱۸۰؍کلومیٹر تھی۔زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، لاہور، پشاور، جہلم، شیخوپورہ، سوات، نوشہرہ، ملتان، شانگلہ، کوئٹہ، بہاولپور ،لودھراں، ڈیرہ غازی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار، کرک ،لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ ،اسکردو ، چلاس  اور دیگر شہروں میں بھی محسوس کئے گئے تھے۔
  اسلام آباد میں مقیم سارہ حسن نے الجزیر ہ کو بتایا ،’’ اچانک پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع میرے گھر کی دیواریں ہلنے لگیں ۔ شروع میں صرف دیواریں ہلیں، پھر اس کی شدت بڑھ گئی  اور ایک ایک گھر کی اشیا ء بکھرگئیں۔  چند منٹ کے بعد سب معمول کے  مطابق ہوگیا۔ ‘‘امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ۶ء۵؍ ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز افغانستان کے علاقے جرم کے جنوب مغرب میں۴۰؍کلومیٹر دور تھا۔ زلزلے کےجھٹکے تقریبا ً ایک ہزار کلومیٹر کے دائرے میں محسوس کئے گئے جن میں ہندوستان ، پاکستان، افغانستان، چین، تاجکستان ، قزاخستان ، ازبکستان  اورکرغیزستان بھی شامل  ہیں۔ زلزلے کے بعد پاکستان میں ایک بڑی تعداد بری طرح خوفزدہ ہوگئی اور انہیں صدمے  کی حالت میں اسپتال لایا گیا۔  پاکستان میں محکمہ ہنگامی خدمات سے وابستہ ایک افسر بلال فیضی نے بتایا کہ  وادی سوات اور پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں صدمے کی حالت میں۲؍سو سے زائد افراد کواسپتال میں لایا گیا۔ بہت سے افراد خوف سے بے ہوش ہو گئے اور ان میں سے کچھ زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے بھی گر گئے جن میں سے بیشتر کو چند گھنٹے بعد ہی اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔‘‘
  اسی دوران افغانستا ن کے میں زلزلے کے نتیجے میں  ۱۰؍ افراد لقمۂ اجل بن گئے جبکہ ۵۰؍ سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔ بدھ کو افغان  وزرات صحت نے اس کی تصدیق کرتےہوئے بتایا، ’’زلزلے میں۱۰؍ افراد ہلاک ہوئے جبکہ ۵۰؍   سے زئد افرا د زخمی ہوگئے۔ ‘‘ حکومت کے تر جما ن ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ تما م اسپتالوںمیں ایمرجنسی نافذ ہے۔ 
  افغانستان میں صحت عامہ   ترجمان شرافت زمان عمرو نے بتایا ،’’   زلزلہ ملک کے بیشتر حصوں میں اتنا زیادہ شدید تھا کہ بدقسمتی سے زیادہ جانی نقصان ہوسکتا ہے۔ تمام اسپتال اور صحت  کے مراکز زندگیاں بچانے کیلئے تیار ہیں۔‘‘
 کابل کے شفیع اللہ عظیمی کا کہنا تھا ،’’ زلزلہ بہت شدید اور خوفناک تھا، ہم نے سوچا کہ ہم پر مکانات گر رہے ہیں، لوگ چیخ رہے تھے اور صدمے میں تھے۔‘‘ اس دوران کابل کے ۴۵؍ سالہ عزیز احمد نے کہا ،’’میری زندگی میں یہ پہلا موقع تھا جب میں نے اتنے طاقتور زلزلے کا تجربہ کیا، ہر کوئی  خوفزدہ تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ،’’میں اورمیرےپڑوسی مابعد جھٹکوں (آفٹر شاکس) کے خوف سے گھنٹوں اپنے گھروں سے باہر رہے۔ ہم گھرلوٹنے کی ہمت نہیں کر سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK