بہاول پور میں کی گئی کارروائی میں ہندوستانی فوج کو زبردست کامیابی، پہلگام کے دہشت گردانہ حملے میں لشکر کے ساتھ جیش کار ول بھی سامنے آیا ہے۔
EPAPER
Updated: May 08, 2025, 12:15 PM IST | Agency | Islamabad
بہاول پور میں کی گئی کارروائی میں ہندوستانی فوج کو زبردست کامیابی، پہلگام کے دہشت گردانہ حملے میں لشکر کے ساتھ جیش کار ول بھی سامنے آیا ہے۔
کالعدم دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہرکے خاندان کے ۱۰؍افراد اور۴؍قریبی ساتھی ہندوستان کی فوجی کارروائی میں ہلاک ہوگئے ہیں ۔یہ افراد بہاول پور کی مسجد سبحان اللہ کے پاس ہی رہائش پزیرتھے جب میزائل اور راکٹ کے ذریعہ اس کو نشانہ بنایاگیا،کیونکہ حکومت ہندکو یہ اطلاع ملی تھی کہ اس عبادت گاہ کو دہشت گرد اپنی پناہ گاہ کےطورپر استعمال کررہے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مسعوداظہر نے کہاکہ مرنے والوں میں ان کی بڑی بہن، ان کےشوہر، بھانجہ اور اس کی اہلیہ اور خاندان کے ۵؍ بچے بھی شامل ہیں۔ جیش محمد کے سربراہ کے قریبی ساتھی اور ان کی والدہ بھی ہلاک ہوئی ہیں۔
ادھر حکومت ہند نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے پہلگام میں۲۲؍ اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے ذمہ داروں کو نشانہ بنانے کے لئے کل رات سرحد پار حملہ ایک نپی تلی، غیر اشتعال انگیز اور ذمہ دارانہ کارروائی تھی جس کا مقصد دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنا اور دہشت گردوں کو ایسی کسی بھی حرکت کے لئے غیر فعال کرنا تھا۔
خارجہ سکریٹری وکرم مسری، کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے آج یہاں نیشنل میڈیا سنٹر میں ملک کو۵؍ اور ۶؍مئی کی درمیانی شب ایک بجکر ۵؍ منٹ سے ڈیرھ بجے تک چلے آپریشن سندور کے بارے میں آگاہ کیا اور اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ کارروائی ۲۵؍ اپریل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پہلگام حملے سے متعلق جاری بیان کی روح کے مطابق ہے۔
واضح رہے کہ ’آپریشن سندور‘ میں جس کی قیادت کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ کررہے تھے، ۲۵؍ منٹ کے دوران کالعدم لشکر طیبہ، جیش محمد اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیااور اس میں۸۰؍ سے زیادہ دہشت گردوں کو ہلاک ہوئے ہیں۔ کئی مہلوکین کی تدفین بدھ کو عمل میں آئی۔