Inquilab Logo

ذات پر مبنی مردم شماری کے بعد معاشی سروے

Updated: January 08, 2023, 11:49 AM IST | patna

بہار کےوزیر اعلیٰ نتیش کمار کا اعلان ، ذات پر مبنی مردم شماری کےباقاعدہ آغاز کو غیر معمولی پیش رفت قرار دیا ، پہلے مرحلے میں ریاست کے مکانات کی گنتی ہو گی

Census officials are putting numbers on the houses to count them. (Photo: PTI)
مردم شماری کرنے والے سرکاری اہلکار مکانات کی گنتی کیلئے ان پر نمبر ڈال رہے ہیں۔(تصویر: پی ٹی آئی )

: بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری کا ۷؍ جنوری سے باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس کے تحت مردم شماری کرنے والے سرکاری اہلکار گھر گھر جاکر معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مکانات کی گنتی کاکام کرہے ہیں۔ یہ تاریخی فیصلہ کرنے والے وزیر اعلی نتیش کمار نے ذات پر مبنی گنتی کو سب کے لئے سودمند قرار دیا اور کہا کہ یہ ریاست کی ترقی ، یہاں کے شہریوں کی ترقی اور مجموعی معاشی ترقی کے لئے اٹھایا گیا غیر معمولی قدم ہے جس کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔  انہوں نےکہا کہ ریاست کی سبھی ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں کی  ترقی ہو گی تو ریاست کی ترقی ہو گی اور اس سے ملک کو  فائدہ پہنچے گا۔
مرکز پر تنقیدیں
  نتیش کمار نےسوال اٹھایا کہ جب کچھ ریاستیں پسماندہ رہیں گی تو ملک کیسے ترقی کرے گا؟ ملک تمام ریاستوں سے ملک کر بنا ہے، اس  لئےمرکز کو تمام ریاستوں پر توجہ دینی چاہئے۔اگر یہ کام مرکز خود کرواتا تو زیادہ بہتر ہوتا کیوں کہ اس سے پورے ملک میں تمام ذاتوں کا ڈیٹا اس کے پاس جمع ہوجاتا لیکن اس نے ایسا نہیں کیا اور اب بہار میں بھی بی جے پی کی جانب سے اڑچنیں ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے لیکن ہم  رُکیں گے نہیں بلکہ یہ سروے مکمل کرکے ہی دم لیں گے۔
مردم شماری کے بعد معاشی سروے ہو گا 
 وزیر اعلیٰ نتیش کمار نےسمادھان یاترا کے دوران ویشالی ضلع کے گورول بلاک میں میڈیا کے سامنے یہ اعلان بھی کیا کہ مردم شماری مکمل ہوتے ہی ریاست میں معاشی سروے کروایا جائے گا تاکہ یہاں کے لوگوں کی اصل معاشی حالت کے بارے میں معلوم ہو سکے۔
مردم شماری کا پہلا مرحلہ 
  واضح ہوکہ طویل عرصے کے انتظار اور سیاسی کشمکش کے بعد سنیچر کو  بہار میں ذات پر مبنی گنتی کا عمل شروع ہوگیا۔ اس کے پہلے مرحلے میں مکانوں کی گنتی کی جارہی ہے۔ یہ کام ۲۱؍ جنوری تک مکمل کرلیا جائے گا۔  اس سروے میں صرف ذاتوں اور ہر خاندان کی معاشی حالت پر ہی ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ ذیلی ذاتوں کو فی الحال  شامل نہیں کیا جائے گا۔سروے کیلئے ٹیموں کو مناسب تربیت دی گئی ہےاور انہوں نے مختلف علاقوں میں اپنا اپنا کام شروع بھی کردیا ہے۔ 
پنچایت سطح پر کام  
  مردم شماری کررہے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سروے کا کام تمام اضلاع میں پنچایت سطح پر شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے تحت ہر گھر کو ایک نمبر دیا جائے گا اور اس گھر میں رہنے والے ہر فرد کی ذات کا ذکر کیا جائے گا اور وہ زندگی گزارنے کے  لئے کیا کرتے ہیں، اس کا بھی ذکر کیا جائے گا۔ عہدیدار نے  یہ وضاحت کی کہ اس کیلئے کسی خاندان کو کوئی دستاویز جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
ضلع مجسٹریٹس کو اختیار 
 بہار حکومت کے جاری کردہ  سرکیولر کے مطابق ضلع مجسٹریٹس کو ذات پر مبنی مردم شماری کے  لئے بھرتی کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اس کام میں اساتذہ، آنگن واڑی ورکرس، جیویکا اور منریگا ورکرس کو بھی شامل کیا جا رہا ہے لیکن یہ پورا عمل خفیہ رہے گا کیونکہ یہ ایک حساس معاملہ ہے۔ تمام ڈیٹا کو خصوصی طور پر تیار کردہ موبائل ایپ میں محفوظ کیا جائے گا اور اس عمل کو دو ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ  میں مکانات کی گنتی ہو گی ۔ اس کے بعد دوسرا مرحلہ شرو ع ہو گا تو  مکانات میں رہنے والے افراد سے تفصیلات لی جائیں گی اور انہیں ذات کی بنیاد پر درج کیا جائے گا۔
تیجسوی یادو نے تاریخی قدم قرار دیا 
 ذات پر مبنی مردم شماری کے سروے پر نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے کہا کہ آج ایک بہت ہی تاریخی کام شروع کیا گیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس کا نتیجہ بہت خوشگوار ہو گا کیوں کہ اس کے ذریعے ہمیں ریاست کے لوگوں کی ترقی کا اصل ڈیٹا ملے گا اور ہم اسی کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK