Inquilab Logo

راہل اورسونیا گاندھی سے پوچھ تاچھ کے بعد نیشنل ہیرالڈ کے دفتر پر ای ڈی کا چھاپہ

Updated: August 03, 2022, 10:05 AM IST | new Delhi

کانگریس کارکنوں کا کئی مقامات پر احتجاج ، پارٹی نے انتقامی کارروائی قرار دیا

The media was also present during the ED raid on the office of the National Herald. (PTI)
نیشنل ہیرالڈ کے دفتر پر ای ڈی کےچھاپہ کے دوران میڈیا بھی موجود تھا ۔ (پی ٹی آئی )

 انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ  نے مبینہ نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ معاملے میں دہلی کے کئی مقامات پر چھاپہ ماری کی جن میں نیشنل ہیرالڈ کا صدر دفتر بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ یہ کارروائی گزشتہ دنوں راہل گاندھی اور سونیا گاندھی سے پوچھ تاچھ کے بعد انجام دی گئی ہے۔ اس کارروائی سے کانگریس شدید برہم ہے۔ اس نے ای ڈی پر مودی حکومت کے اشارے پر انتقامی کارروائی کا الزام عائد کیا ہے۔ ای ڈی کے ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی   منی لانڈرنگ سے متعلق مختلف دستاویز کی تلاش میں کی گئی ہے۔اس دوران ۱۱؍ مقامات پر تلاشی لی گئی جن میں نیشنل ہیرالڈ کا دفتر بھی شامل ہے۔  اس دوران یہاں پر بھاری پولیس بندوبست تھا اور میڈیا کو بھی احاطے سے دور رکھا گیا تھا ۔  تلاشی مہم اورچھاپے ماری کے دوران کیا کیا ضبط کیا گیا ہے  فی الحال اس بارے میں ای ڈی نے کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ یہ پورا معاملہ بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کی انکم ٹیکس محکمے میں نیشنل ہیرالڈ ، راہل گاندھی  اور سونیا گاندھی کے خلاف کی گئی شکایت کی بنیاد پر سامنے آیاہے۔ اس معاملے میں منی لانڈرنگ کا الزام لگاتے ہوئے ای ڈی بھی کود پڑی اور اب وہ  سرگرمی کے ساتھ جانچ کررہی ہے۔ 
  دوسری طرف کانگریس نے دہلی میں بہادر شاہ ظفر مارگ پر واقع ہیرالڈ ہاؤس پر چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم اپوزیشن پارٹی کے خلاف مودی حکومت کی انتقامی کارروائی کا نتیجہ ہے۔ کانگریس کے میڈیا  شعبہ کے سربراہ جے رام رمیش نے کہاکہ ہندوستان کی مرکزی اپوزیشن کانگریس کے خلاف جاری حملے کے ایک حصے کے طور پرہیرالڈ ہاؤس پر چھاپے مارے گئے۔ہم مودی حکومت کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کے خلاف انتقامی سیاست کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ آپ ہمیں خاموش نہیں کرا سکتے۔ ہم آمریت  کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ ہمیں ای ڈی سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK