Inquilab Logo

کوئلہ گھوٹالہ معاملے میںای ڈی نے ابھیشیک بنرجی کو طلب کیا

Updated: August 31, 2022, 10:55 AM IST | kolkata

جمعہ کو کولکاتا کے دفتر میں پوچھ تاچھ ہوگی،۸؍ سینئر پولیس افسروں کو دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں بلایا گیا، مغربی بنگال اور مرکزی حکومت کے درمیان تصادم کا خطرہ بڑھا

Addressing the workers a day ago, Mamata Banerjee said that the ED notice will come tomorrow
ایک دن قبل کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ کل ای ڈی کا نوٹس آئے گا

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منگل کو ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سیکریٹری اور رکن پارلیمان ابھیشیک بنرجی کو کوئلہ گھوٹالے میں پوچھ تاچھ کیلئے سمن جاری کیا ہے۔ ان سے کولکاتا کے ای ڈی دفتر میں پوچھ تاچھ ہوگی۔ علاوہ ازیں ای ڈی نے مغربی بنگال کے آٹھ سینئر پولیس افسران کو بھی تفتیش کیلئے نئی دہلی طلب کیا ہے۔ ای ڈی کی اس پیش قدمی سے ایک بار پھر مرکزی حکومت  اور ریاستی حکومت میں تصادم کا خدشہ پیدا ہوگیا ہےکیونکہ ترنمول کانگریس نے پہلے ہی اس بات کا اشارہ دے دیا تھا کہ اس کے لیڈروں کو انتقامی سیاست کی بھینٹ چڑھایا  جائے گا ۔ اس کے ساتھ ہی ترنمول کانگریس نے مرکز کی حکمراں جماعت سے دو دو ہاتھ کرنے کی بات بھی کہی تھی۔  
  مرکزی ایجنسی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے بنرجی کو جمعہ کی صبح کلکتہ کے دفتر میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ ای ڈی کے سینئر افسر نے  بتایاکہ ہم نے ابھیشیک بنرجی کو یہاں اپنے افسران کے سامنے پیش ہونے کیلئے طلب کیا ہے۔ نئی دہلی سے ہمارے افسران ان سے پوچھ تاچھ کیلئے آئیں گے۔ خیال رہے کہ ایک دن قبل ہی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ جلد ہی مرکزی ایجنسیاں ان کے بھتیجے جو پارٹی میں دوسری پوزیشن پر ہیں اور دیگر سینئر لیڈران کو طلب کرسکتی  ہیں۔
 اس سے پہلے ابھیشیک بنرجی کی بیوی روجیرا کو بھی ایجنسی نے طلب کیا تھا۔پیر کو کولکاتا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ابھیشیک بنرجی نے کہا تھا کہ اس ریلی کے بعد ترنمول کانگریس کے چند اور لیڈروں کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ پارتھو چٹرجی کو ہماری۲۱؍ جولائی کی ریلی کے دو دن بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ آج ایک اور میگا ریلی ہے، مجھے لگتا ہے کہ ہم میں سے اب کسی اور کو گرفتار یا طلب کیا جا سکتا ہے۔
 اسی طرح ایک دن قبل پیر کو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے فرہاد حکیم اور ابھیشیک بنرجی کے بارے میںاندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان دونوں کو بھی گرفتار کرنے کی تیاریاں کی جارہی  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’’ ان دونوں کو جائیداد میں اضافے کے نام پرگرفتار کیا جائے گا مگر آپ لوگوں کو اس پر یقین نہیں کرنا ہے۔ انہوں نے تمام میڈیا کو بھی خرید لیا ہے، کل شاید ابھیشیک کو بھی نوٹس بھیجیں گے۔ ایجنسی نے اس کی  بیوی کو بھی بلایا اور اب تو مجھے لگتا ہے کہ اس بار شاید اس کی دو سالہ بچی کو بھی بلایا جائے گا۔‘‘
 بی جے پی نے کہا کہ ابھیشیک بنرجی کے الزامات ہنسنے کے قابل ہیں۔بی جے پی کے ترجمان شیامک بھٹاچاریہ نے کہاکہ ان کے بیانات پر ایک بچہ بھی ہنسے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگرمغربی بنگال میں ترنمول کانگریس  کے دور حکومت میں کوئی  جرم ہو رہا ہے تو کیا اس کیلئے وزیر داخلہ کو جوابدہ قرار دیا جاسکتا ہے؟ بی جے پی کا کہنا ہے کہ اس کیلئے ترنمول کانگریس ہی کو جواب دینا پڑے گا۔
  ذرائع کے مطابق مرکزی ایجنسی کے ذریعہ طلب کئے گئے آئی پی ایس افسران میں گیانونت سنگھ (اے ڈی جی، سی آئی ڈی)، کوٹیشور راؤ، ایس سیلوامورگن، شیام سنگھ، راجیو مشرا، سوکیش کمار جین اور تتھاگتا باسو شامل ہیں۔آئی پی ایس افسران کو ای ڈی کے نئی دہلی دفتر میں حاضر ہونے کیلئے مخصوص تاریخیں دی گئی ہیں۔ای ڈی اہلکار نے کہا کہ ان آئی پی ایس افسران نے کوئلے  گھوٹالہ معاملے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ ان افسران نے اس گھوٹالے سے فائدہ اٹھایا ہے۔ یہ سبھی ان علاقوں میں تعینات تھے جہاں گھوٹالے کی بات سامنے آئی ہے۔ خیال رہے کہ ان۸؍ افسران میں سے ۷؍ کو ای ڈی نے گزشتہ سال بھی طلب کیا تھا۔
 ۲۵؍ اگست کو، دہلی ہائی کورٹ نے مغربی بنگال میں کوئلے کی کان کنی کے مبینہ گھوٹالے سے منسلک منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ گرفتار ایک ملزم کو۳؍ ستمبر تک حراستی پرول پر رہا کیا۔جسٹس جسمیت سنگھ نے گروپدا ماجی کو راحت دی تاکہ وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کر سکیں جن کا حال ہی میں انتقال ہو گیا تھا۔عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کو۲۵؍ اگست  سے۳؍ ستمبرتک حراستی پرول پر رہا کیا جائے۔گروپداماجی، جسے تحقیقاتی ایجنسی نے مئی میں گرفتار کیا تھا، نے عدالت سے عبوری ضمانت کی درخواست کی تھی لیکن کہا تھا کہ اگر اسے اپنے آبائی مقام پر جانے کیلئے حراستی پرول بھی دیا جاتا ہے تو وہ مطمئن ہوں گے۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ ماجی اس معاملے میں ایک اہم ملزم یا ’کنگ مین‘کا پارٹنر ہے۔ انوپ ماجی اور اس نے کوئلے کی کان کنی کے غیر قانونی کاروبار کے ذریعے پیدا ہونے والے کی آمدنی سے۶۶؍ کروڑ روپوں سے زیادہ وصول کئے ہیں۔
 خیال رہے کہ منی لانڈرنگ کا یہ ای ڈی کیس نومبر۲۰۲۰ء میں سی بی آئی کے ذریعہ درج کی گئی ایف آئی آرکی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ اس میں آسنسول اور اس کے آس پاس مغربی بنگال کے کنستوریا اور کجورہ علاقوں میں ایسٹرن کول فیلڈز لمیٹڈ کی کانوں سے متعلق کروڑوں روپے کے کوئلے کی چوری کے گھپلے کا الزام ہے۔ای ڈی نے اس معاملے میں گزشتہ سال مئی میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ایجنسی نے کہا ہے کہ اس کیس میں جرم کی کل رقم ایک ہزار ۳۵۲؍کروڑ روپے ہے، جس میں سے اب تک ۱۸۰؍ کروڑ روپوں کے اثاثے ضبط کئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK