Inquilab Logo

زمین کے بدلے نوکری کےمعاملے میں لالو یادو اور تیجسوی یادو کو ای ڈی کا سمن

Updated: December 21, 2023, 8:51 AM IST | Patna

تیجسوی کو۲۲؍ اور لالو کو۲۷؍ دسمبر کو بلایا گیا ، لالو پرساد یادو پر وزیر ریل رہتے ہوئےنوکری کے بدلے زمین لینے کاالزام ہے

Lalu Yadav and his son Tejashwi Yadav
لالو یادواور ان کے بیٹے تیجسوی یادو

انفورسمنٹ ڈائر یکٹو ریٹ (ای ڈی) نے ریلوے کے سابق وزیرلالوپرساد یادواوران کے بیٹے تیجسوی یادو کو طلب کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق انہیں ریلوے میں نوکری کے بدلے زمین حاصل کرنےکے مبینہ گھوٹالے میں منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کیلئے بلایا گیا ہے۔ تیجسوی یادو کو ۲۲؍دسمبر اور لالو پرساد کو ۲۷؍دسمبر کو ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کیلئے کہا گیا ہے۔اس دوران دونوں کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے۔  لالو پرساد یادو پر ریلوے کےوزیر رہتے ہوئےنوکری کے بدلے زمین لینے کاالزام ہے۔ اس سلسلے میں درج معاملوں کے مطابق یہ گھوٹالہ ۲۰۰۴ءاور ۲۰۰۹ءکے درمیان کیا گیا تھاجس میں بہت سے لوگوں کو ریلوے کے مختلف زون میں گروپ ڈی کے عہدوں پر نوکریاں دی گئی تھیں۔ اس کے بدلے میں ان لوگوں نے اپنی زمین اس وقت کے وزیر ریلوے لالو یادو کے خاندان والوں اور ایک متعلقہ کمپنی اے کے انفو سسٹم کو دے دی تھی۔ نوکری کے بدلے زمین گھوٹالہ معاملے میںلالو یادو، رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو سمیت ۱۷؍افراد کو ملزم بنایا گیا تھا۔ 
 الزام میں کہا گیا کہ جو زمین لوگوں سے لی گئی تھی وہ بھی رابڑی دیوی اور میسا بھارتی کے نام پر لی گئی تھی۔ واضح رہےکہ لالو یادو، رابڑی دیوی، تیجسوی یادو اور میسا بھارتی کو ایک دوسرے معاملے میںپہلے عدالت سے بڑی راحت مل چکی ہے۔ دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے نوکری کیلئے زمین گھوٹالہ معاملے میں چاروں کو۵۰؍ ہزار روپے کے ذاتی مچلکہ پرضمانت دی تھی۔ان تینوں کو کیس کی پہلی چارج شیٹ میں ملزم بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد سی بی آئی نے نئی چارج شیٹ داخل کی اور تیجسوی یادو کو بھی ملزم بنایا۔ تیجسوی یادو پر الزام ہے کہ انہوں نے ان جائیدادوں کی رجسٹری اپنے نام کر رکھی ہے جو لالو یادو نے لوگوں کو نوکریاں دینے کے بدلے میں رجسٹر کرائی تھیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK