Inquilab Logo

لالو یادو کی عوام سے اپیل، آئین کو بچانے کیلئے آپ تمام کی شرکت ضروری ہے

Updated: April 30, 2024, 12:15 PM IST | Agency | Patna

اپنی بیٹی روہنی کے سارن لوک سبھا سیٹ سے پرچہ ٔ نامزدگی داخل کرنے کے وقت لالو نے گانا گاکرعوام سے ووٹ مانگا، تیجسوی نےایک بار پھر مودی کو نشانہ بنایا۔

Lalu, Tejashwi and Rohini in a meeting after filing nomination papers. Photo: INN
پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ایک میٹنگ میں لالو، تیجسوی اور روہنی۔ تصویر : آئی این این

 لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی آچاریہ نےپیر کو سارن لوک سبھا سیٹ کیلئے پرچۂ نامزدگی داخل کردیا۔ اس کے بعد راجندر اسٹیڈیم میں ایک جلسہ عام کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں روہنی اور تیجسوی کے ساتھ ہی لالو یادو نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران تیجسوی یادو نے ایک گانا گا کر وزیر اعظم مودی کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے۔ یہی نہیں، اسی اسٹیج پر آر جے ڈی سپریمو لالو یادو نے بھی ایک گانا گایا اور اپنی بیٹی کیلئے عوام سے ووٹ مانگا۔ انہوں نے کہا کہ روہنی آپ کے درمیان مسلسل کام کر رہی ہیں، اسلئے انہیں کامیاب کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ صرف روہنی کیلئے نہیں ہے بلکہ ملک اور آئین بچانا ہے، اسلئے ہمیں آپ سب کی مدد چاہئے۔ 
 لالو یادو نے کہا کہ آپ سب اتنی تیز دھوپ میں آئے ہیں، اسلئے سب کا شکریہ۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ آئین بچانے کی ذمہ داری صرف سیاسی جماعتوں پر نہیں ہے بلکہ اس میں آپ تمام کی شرکت بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بابا صاحب کے ذریعہ بنائے گئے آئین کو ختم کرنا چاہتی ہے، اس میں تبدیلی چاہتی ہے لیکن ہم کسی قیمت پر بھی آئین کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں تبدیلی کے بعد بی جے پی ریزرویشن کو ختم کرنا چاہے گی کیونکہ یہ ریزرویشن اس کی آنکھوں میں بہت دنوں سے کھٹک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ہم سب کو مل جل کر رہنا ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: بارامتی میں پوار بمقابلہ پوار، مقابلہ سخت، جیت وقار کا مسئلہ

تیجسوی یادو نے اپنی تقریر کا آغاز بی جے پی بھگاؤ کا نعرہ لگا کر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سارن ہمارے والد لالو یادو کے کام کی سرزمین رہی ہے اور میرے والد نے جو کچھ یہاں کیا ہے، اب ہماری بہن روہنی اس سلسلے کو آگے بڑھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حالات کچھ بھی ہوں، ہمیں نہیں لگتا کہ میری بہن کی جو قربانی ہے، وہ رائیگاں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ انہوں نے کیا کچھ قربان کیا ہے۔ تیجسوی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وہ یہاں کے لوگوں کی اس سے بہتر خدمت کرے گی جس طرح انہوں نے اپنے والد کی خدمت کی اور قربانیاں دیں۔ 
 ان دنوں تیجسوی یادو کا جادو عوام کے سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ اس کا نظارہ یہاں بھی دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے وزیراعظم مودی کیلئے ایک نغمہ ’’تم تو دھوکے باز ہو.....‘‘ گانا شروع کیا تو ان کا ساتھ اسٹیڈیم میں موجود عوام کی اکثریت نے بھی دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK