ممبئی سمیت مختلف اضلاع کے سیکڑوں اساتذہ کاحتجاج، اسمبلی میں بھی اساتذہ کےمطالبات پر گفتگو۔
EPAPER
Updated: December 10, 2025, 11:45 AM IST | Saadat Khan/Iqbal Ansari | Mumbai
ممبئی سمیت مختلف اضلاع کے سیکڑوں اساتذہ کاحتجاج، اسمبلی میں بھی اساتذہ کےمطالبات پر گفتگو۔
اساتذہ کیلئے ٹی ای ٹی کی شرط ختم کرنے اور آر ٹی ای کی دفعہ ۲۳؍ میں موجودٹی ای ٹی سےمتعلق شق میں ترمیم کرنے، ٹی ای ٹی کی لازمی شرط کے سبب رکے پروموشن کی کارروائیوں کی بحالی، پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنے، طلبہ کے تعلیم کے حق کا مکمل تحفظ ، شکشن سیوک اسکیم کو ختم کرکے اساتذہ کو مکمل تنخواہ ادا کرنے اور دیگر تعلیمی مسائل کےحل کامطالبہ ریاست کی تمام تعلیمی تنظیموں کی جانب سے کیاجارہاہے۔ اس ضمن میں ۵؍ دسمبر کو ریاست گیر آندولن کےبعد منگل کو ناگپورمیں جاری اسمبلی اجلاس کےدوران ممبئی سمیت ریاست کے مختلف اضلاع کے سیکڑوں اساتذہ نے آندولن کیا۔آندولن میں ممبئی سے شریک اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ مذکورہ مطالبات کیلئے ناگپور کے یشونت اسٹیڈیم سے بڑا مورچہ ودھان بھون کیلئے روانہ ہوا۔ مورچے میں ممبئی، تھانے، ناسک، مالیگائوں، احمدنگر،ایوت محل اور دیگر اضلاع کے سیکڑوںاساتذہ موجود تھے۔‘‘ انہوںنےیہ بھی بتایا کہ ’’تعلیمی تنظیموں نے انتباہ دیاہےکہ جلدازجلد مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو ایک مہینے بعد ممبئی کے آزادمیدان میں مہاآندولن کیاجائے گا۔‘‘
اس موضوع پراسمبلی میں بھی بات چیت ہوئی۔ خاص طور پر ہزاروںاسکول بند ہونے کا مسئلہ اٹھایا گیا۔ اس وقت وزیر تعلیم دادا بھسے کونسل میں موجود نہیں تھے، اس لئے اس ضمن میں ایوان میں موجود پارلیمانی امور کے وزیر چندرکانت پاٹل نے کہا کہ اس مسئلہ کے حل کیلئے وزیر تعلیم سےکہا جائے گا کہ وہ سرمائی اجلاس ختم ہوتے ہی منگل کو متعلقین کے ساتھ میٹنگ کریں۔