• Wed, 10 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایئر ٹرانسپورٹ کیلئےسعودی کا امریکہ سے معاہدہ، ریل نیٹ ورک کیلئے قطرسے کانٹریکٹ

Updated: December 10, 2025, 11:36 AM IST | Agency | Riyadh

سعودی عرب اور قطر کے دارالحکومت ریل نیٹ ورک سے جوڑے جائیں گے ، امریکی کمپنی سے سعودی حکومت نے فلائنگ ٹیکسی سروسیز کیلئے معاہدہ کیا ہے

Saudi Arabia and Qatar signed a rail agreement. Picture: INN
سعودی اور قطر کے درمیان ریل معاہدہ پر دستخط ہوئے۔ تصویر:آئی این این
سعودی عرب کی جنرل اتھاریٹی آف سول ایوی ایشن نے امریکی کمپنی آرچر ایوی ایشن کی فلائنگ ٹیکسی سروسیز کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں ایڈونسڈ ایئرٹرانسپورٹ سسٹم کو ترقی دینے کے حوالے سے فضائی ٹیکسی کی خدمات کی فراہمی کے عمل کو تیز کردیا جائے گا۔ گزشتہ ماہ  امریکی کمپنی آرچر ایوی ایشن کی جانب سے اعلان سامنے آیا تھا کہ ہیلی کاپٹر ایوی ایشن کمپنی اورریڈ سی انٹرنیشنل کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جن کا مقصد اگلے مرحلے میں مملکت میں الیکٹرک ہوائی جہاز کی جانچ اور ممکنہ آپریشنل منصوبے پر کام کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں فلائنگ ٹیکسی ٹیکنالوجیز میں دلچسپی بڑھتی  دکھائی دے رہی ہے۔ مملکت میں سیاحت کے شعبے میں بھی کافی پھیلاؤ دیکھنے میں آرہا ہے اس حوالے سے ایئرٹرانسپورٹیشن کے سیکٹر میں ترقی کے امکانات روشن ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے حج کے دوران عازمین کے لیے پہلی بار خودکار فضائی ٹیکسی سروس کی سہولت متعارف کرائی تھی۔ رپورٹس کے مطابق خودکار فضائی ٹیکسی کو عازمین کو مقدس مقامات پر سفر کی سہولت مہیا کرنے کے علاوہ سامان کی فوری ترسیل اور ہنگامی حالت میں طبی خدمات کیلئے استعمال میں لایا گیاتھا۔
دریں اثناء سعودی عرب اور قطر نے دارالحکومت کو جوڑنے والے تیز رفتار ریل معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ سعودی عرب اور قطر نے اپنے دارالحکومتوں کو جوڑنے والی تیز رفتار ریل کی تعمیر کے لئے باضابطہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو خلیجی ریاستوں کے مابین اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ سرکاری سعودی میڈیا میں جاری بیان کے مطابق تیز رفتار الیکٹرک مسافر ریلوےریاض کے شاہ سلمان بین الاقوامی ہوائی اڈے کو دوحہ کے حماد بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جوڑے گا۔ توقع ہے کہ الہوفف اور دمام کے سعودی شہر بھی نیٹ ورک میں شامل ہوں گے۔ ٹرین ۳۰۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار تک پہنچے گی اور اس سفر میں دونوں دارالحکومتوں کے مابین تقریبا دو گھنٹے لگیں گے۔ ان شہروں کے درمیان براہ راست پرواز تقریباً ۹۰؍  منٹ کی دوری پر  ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ چھ سال میں مکمل ہوجائے گا اور ہر سال ۱۰؍ ملین مسافروں کو سروسیز فراہم کریگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK