حکام کو مریضوں کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے، خدمات کو وسعت دینے اور پورے احاطے میں حفظان صحت کا خیال رکھنے کی ہدایت دی۔
میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی کوپر اسپتال میں۔ تصویر:آئی این این
میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر بھوشن گگرانی نے بی ایم سی کےتحت شہری صحت عامہ کی سہولیات کے جاری جائزہ مہم کے تحت منگل کو وےپارلے کے کوپر اسپتال کا دورہ کیا۔انہوں نےیہاں کے حکام کو مریضوں کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے، خدمات کو وسعت دینے اور پورے احاطے میں حفظان صحت کا خیال رکھنے کی ہدایت دی۔ میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے کوپراسپتال کےمعائنہ کے دوران مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور موجودہ طبی خدمات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے مریض کےعلاج سے متعلق طریقہ کار کوزیادہ موثر، قابل رسائی اور جوابدہ بنانےکیلئے کہا۔ طبی سہولیات کے توسیعی منصوبوں اور ضروری اپ گریڈ کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی اپ ڈیٹس طلب کیں۔
دورے کا ایک بڑا حصہ صفائی کے معیار کو بہتر بنانے پر مرکوزرہا۔ وارڈوں، انتظار گاہوں اور عوامی مقامات کے اندر صفائی کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھنے کیلئے بھی کہا۔ انہوں نے کچرے کے موثر انتظام پر بھی زور دیااورکہاکہ صاف ستھرا ماحول مریض کی حفاظت اور آرام کیلئے اہم ہے۔
اس دورے میں میونسپل کمشنر کے علاوہ ڈپٹی کمشنر برائے صحت عامہ شرد اُوگھاڈے، اسپتال کے ڈین ڈاکٹر سدھیر میدھیکر، ڈاکٹر نیلم ریڈیکر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ دیو شیٹی اور ڈاکٹر پروین بانگر سمیت سینئر افسران موجود تھے۔