Inquilab Logo

وزیر اعلیٰ کے بیان سے تعلیمی تنظیمیں غیر متفق

Updated: September 07, 2022, 9:59 AM IST | saadat khan | Mumbai

اساتذہ سے متعلق ایکناتھ شندے کے بیان کاتعلیمی تنظیموں نے خیرمقدم کیالیکن کہا کہ جب تک وعدوںپر عمل نہیں کیاجاتا اس وقت تک یقین کرنا مشکل ہے

Chief Minister Eknath Shinde
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے

:یوم ِ اساتذہ کے موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اساتذہ کو غیر تعلیمی ذمہ داریاں نہ دینےاور تنخواہ کی ادائیگی وقت پر کرنے کی کوشش کرنےکی یقین دہائی کروائی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے بیان کاایک طرف جہاں تعلیمی تنظیموں نےخیرمقدم کیاہے وہیں دوسری جانب ان ہدایتوں پر جب تک عمل نہیں ہوتا،اسے صرف بیان قرار دیاہے۔
  مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک بھارتی ممبئی کے جنرل سیکریٹری سبھاش مورے نے کہاکہ ’’ یوم ِ اساتذہ پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اساتذہ کے حق میں کئی اہم وعدے کئے ہیں جن کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں ۔مگر جب تک ان وعدہ پر عمل نہیں ہوتا ہمارے لئے یہ بیان صرف تسلی کے مانند ہے۔متعددمرتبہ اساتذہ کو غیر تعلیمی کام نہ دینےکا اعلان ہوچکاہے مگر ہر سرکاری مہم کیلئے ٹیچروںکی مدد لی جاتی ہے۔ کہاکچھ جاتاہے اور کرا کچھ اور جاتاہے ۔ہمارےلئے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ا س لئے اس طرح کے وعدوں سے ہم مطمئن نہیں ہیں ۔اگر ان ہدایتوںسے متعلق سرکیولر جار ی کردیاجائے تو ہم سمجھیں گے کہ واقعی حکومت ٹیچروں کے حق کی بات کررہی ہے۔‘‘
  مہاراشٹر اسٹیٹ ہیڈماسٹر اسوسی ایشن کے صدر مہندرا پنگلے نےکہاکہ ’’وزیر اعلیٰ کا بیان صرف بیان ہی ہے۔ دراصل سرکاری ملازمتوں میں سب سے بڑی تعداد اساتذہ کی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کویہ بھی معلوم ہے کہ اساتذہ کو جو کام دیاجائے گا وہ ان کاموںکو سلیقے اور بڑی ذمہ داری کے ساتھ اداکریں گے۔ ان ہی وجوہات کی بنا پر بھروسے کے ساتھ اساتذہ کو غیر تعلیمی کاموں کی ذمہ داری دی جاتی ہے۔یہی وجہ ہےکہ سبھی سرکاری مہم اور کاموں کیلئے سب سے پہلے اساتذہ کاانتخاب کیاجاتاہے۔ اس لئے ہمیں وزیر اعلیٰ کا مذکور ہ بیان سمجھ میں نہیں آرہاہے کیونکہ اس طرح کے بیان کئی  مرتبہ جاری کئے گئے ہیں مگران پر عمل نہیں کیاجاتا۔‘‘
  مہانگرپالیکا شکشک سینا کے صدر کے پی نائیک نے کہاکہ ’’ وزیر اعلیٰ کا بیان حقیقت پر مبنی نہیں ہے۔ کئی مرتبہ اساتذہ کی تنخواہ وقت پر دینے کا  وعدہ کیاگیاہےمگر وقت پر تنخواہ نہیں ملتی ہے ۔یہ سب جانتےہیں۔ اس کےعلاوہ ٹیچروں کو غیر تعلیمی کام نہ دینےکی بات کہی جارہی ہے۔ یہ بھی غلط بیانی ہے ۔ ٹیچروںکےبغیر سرکاری مہم کا تصور نہیں کیاجاسکتا لہٰذا یوم ِ اساتذہ کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے ٹیچروں کے حق میں جتنے وعدے کئے ہیں ان پر جب تک عمل نہیں کیاجاتاہم ان پر یقین نہیں کرسکتے۔ میں نے اسکولوںاور ٹیچروں کے مسائل سےمتعلق ۱۲؍نکات پر مبنی ایک مکتوب وزیر اعلیٰ شندے کو گزشتہ دنوں دیاہے مگر ان میں سے کسی بھی مسئلہ پر وزیر اعلیٰ نے بیان نہیں دیاہے جس سے مایوسی ہوئی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK