• Tue, 02 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تلنگانہ اور آندھر کے کئی اضلاع میں ’دِتوا‘ طوفان کے اثرات، اسکولوں میں چھٹی

Updated: December 02, 2025, 12:18 AM IST | Hyderabad

دونوں ہی تیلگو ریاستوں میں درجہ حرارت میں غیرمعمولی کمی، کچھ جگہوں پرموسلا دھار بارش اور تیز ہوائیں،عوام سے جہاں تک ممکن ہو، گھروں میں رہنے کی اپیل

A road in Chennai overlooking a pond
چنئی کی ایک سڑک جو تالاب کا منظر پیش کررہی ہے

تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے کئی اضلاع میں ’دتوا‘ طوفان کے واضح اثرات دیکھے جارہے ہیں۔ دونوں ہی تیلگو ریاستوں میں اس طوفان کی وجہ سے موسم میں تبدیلی دیکھی جارہی ہے۔ ایک جانب جہاں تلنگانہ میں سردی کی لہرمیں اضافہ دیکھاجارہا ہے اور درجہ حرارت میں غیرمعمولی کمی درج کی گئی ہے وہیں آندھرا پردیش کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔ اس درمیان حیدرآباد میںکم از کم درجہ حرارت۱۳؍ سے۱۵؍ ڈگری ریکارڈ کی گئی ہے۔ماہرین موسمیات نےموسم میں اس غیر معمولی کی وجہ آندھرا پردیش اور تمل ناڈو کے ساحل پر سرگرم دِتوا طوفان کو قراردیا۔
 اطلاعات کے مطابق آندھرا پردیش کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔ نیلور ضلع میں گزشتہ رات ہی سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے جس کے نتیجہ میں کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منگل کو بھی اسی طرح بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گزشتہ رات سے نیلور کارپوریشن کے ساتھ ساتھ کاولی، گوڈور، آتماکور اور وینکٹ گری کے علاقوں میں درمیانی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ساحلی علاقہ میں انتظامیہ نے عہدیداروں کو الرٹ کر دیا ہے اورسیاحوں کو بعض ساحلوں پر جانے سے روکنے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اتوار کی رات سے پیر کی صبح تک ضلع  میں اوسطاً۲۳؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس میں سب سے زیادہ ’کووورو‘ میں ۶۱؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔
  محکمہ موسمیات کی جانب سے پیر کو شدید سے انتہائی شدید بارش کی وارننگ کے پیش نظر حکام نے سرکاری اور نجی اسکولوں کے ساتھ ساتھ جونیئر کالجوں میں بھی چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف ہنگامی صورتحال میں ہی گھروں سے باہر نکلیں اور جہاںتک ممکن ہو، گھروں ہی میں رہنے کوترجیح دیں۔
 اس دوران این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی متاثرہ اضلاع میں پہنچ چکی ہیں اور ہنگامی حالات میں عوام کیلئے دستیاب رہیںگی۔ حالات  سے نمٹنے کیلئے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صرف نیلور سب ڈویژن میں ۱۸؍ ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر شدید حالات پیدا ہوتے ہیں اور پانی گھروں میں داخل ہوتا ہے تو لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔اس دوران احتیاط کے طور پر ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔

telangana Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK