Inquilab Logo

درختوں اور شاخوں کے گرنے سے ہونے والے حادثات کو روکنے کی کوشش

Updated: April 10, 2024, 1:07 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

گارڈن ڈپارٹمنٹ نے ایک لاکھ ۱۱؍ ہزار درختوں کو یا ان کی شاخوں کو کاٹنے اور تراشنے کا فیصلہ کیا، سوسائٹیوں، مکینوں اور تجارتی اداروں کو بھی نوٹس جاری کیا.

BMC employees can be seen cutting a branch of a tree. Photo: INN
بی ایم سی کے ملازمین ایک درخت کی شاخ کاٹتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

ہر سال شہر و مضافات میں موسم باراں کے دوران سڑکوں کے کنارے یا رہائشی علاقوں میں لگے درختوں یا ٹہنیوں کے گرنے سے کئی پیش آتے ہیں۔ ان حادثات میں نہ صرف اس کے آس پاس کھڑی  گاڑیوں کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ اکثر درختوں اور شاخوں کے گرنے سے کئی افراد زخمی یا فوت بھی ہوتے ہیں۔  شہر کی سڑکوں کے کنارے یا رہائشی علاقوں میں موجود پُر خطر درختوں جن کی شاخیں یا تو بہت بڑھ گئی ہیں یا درخت کے بہت قدیم ہونے کے سبب ان کے گرنے کا خطرہ ہے ، بی ایم سی نے ایسے درختوں یا ان کی شاخوں کو کاٹنے کا نہ صرف سلسلہ شروع کر دیا ہے بلکہ شہریوں سے بھی  تعاون کی اپیل کی ہے۔
اس سلسلہ میں بی ایم سی گارڈن ڈپارٹمنٹ نے بارش کی آمد سے قبل درختوں یا اس کی شاخوں اور ٹہنیوں کے گرنے اور پیش آنے والے ممکنہ حادثات سے شہریوں کو کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان سے محفوظ رکھنے اور حفظ ماتقدم کے تحت قدم اٹھاتے ہوئے سوسائٹیوں ، مکینوں اور تجارتی اداروںکو نوٹس جاری کیا ہے ۔ گارڈن ڈپارٹمنٹ نے جاری کردہ نوٹس کے ذریعہ مکینوں اور سوسائٹیوں کے ذمہ داروں سے نہ صرف درختوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے بلکہ بڑھی ہوئی شاخوں سے متعلق اپنے قریبی بی ایم سی وارڈ میں اس کی نشاندہی کرنے یا بذات خود اسے کاٹنے کی اپیل کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کرلا : نیومل مارکیٹ شب ۱۱؍ بجے بند کروانے سے دکاندار پریشان

درختوں اور اس کی ٹہنیو ںکے گرنے سے پیش آنے والے ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنے کے مقصد سے موسم باراں کی آمد سے قبل ایڈیشنل میونسپل کمشنر ( ایسٹرن سبرب) ڈاکٹر امیت سینی اور ڈپٹی کمشنر (گارڈن )کشور گاندھی نے  پرانے اور خستہ حال درختوں کے علاوہ بڑھی ہوئی شاخوں کو کاٹنے کا فرمان جاری کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں جہاں رہائشی اور تجارتی سطح پر جائزہ لینے کے بعد ایک ہزار ۸۵۵؍ سوسائٹیوں، رہائشی مکینوں اور تجارتی اداروں کو نوٹس دیا گیا ہے  وہیں اس مہم کے تحت شہر کے چند علاقوں میں ۱۲؍ ہزار ۴۶۷؍ شاخوں کو کاٹا یا تراشاگیا ہے۔ یہ کارروائی شہری انتظامیہ کے کمشنر بھوشن گاگرانی کی سربراہی میں انجام دی جارہی ہے۔ 
اس ضمن میں مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے گارڈن ڈپارٹمنٹ کے سپرنٹنڈنٹ  جتندر پردیسی نے بتایا کہ ’’ہر سال یہ کارروائی موسم باراں سے قبل مہاراشٹر اربن ایریاپروٹکشن اینڈ پریزرویشن آف ٹری ایکٹ ۱۹۷۵ء کے تحت کی جاتی ہے۔ طوفانی بارش ، تیز ہواؤں کے چلنے اور پانی کے تیز بہاؤ کے سبب اکثر قدم درخت یا ان کی ٹہنیوں کے گرنے سے نہ صرف جانی بلکہ مالی نقصان بھی ہوتا ہے۔ اس لئے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر ہی نہ صرف درختوں کو تراشنے اور کاٹنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے بلکہ شہریوں سے اپیل بھی کی گئی ہے کہ وہ پرانے درختوں یا ایسے درختوں کی نشاندہی کریں جن کی ٹہنیاں بڑھ گئی ہیں اور جس کے گرنے سے جانی یا مالی نقصان ہو سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ شہر اور مضافات میں رہائشی اور تجارتی علاقوں کے علاوہ سڑک کے کنارے لگےکل ایک لاکھ ۸۶؍ ہزار درختوں کا جائزہ لینے اور معائنہ کرنے کے بعد ایک لاکھ ۱۱؍ ہزار ۶۷۰؍ درختوں کو یا ان کی شاخوں کو کاٹنے اور تراشنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کو ۷؍ جون تک مکمل کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK